ہوشِیعؔ 12
12
1اِفرائیمؔ ہَوا کھا کر پیٹ بھرتاہے؛
وہ دِن بھر بادِ مشرق کا پیچھا کرتا رہتاہے
اَور لگاتار دروغ گوئی اَور تشدّد کو فروغ دیتاہے۔
وہ اشُور کے ساتھ عہد کرتا ہے
اَور مِصر کو زَیتُون کا تیل بھیجتا ہے۔
2یَاہوِہ کو یہُودیؔہ کے خِلاف بھی شکایت ہے؛
وہ یعقوب کو اُس کی روِشوں کے مُطابق سزا دیں گے
اَور اُن کے اعمال کے مُطابق صِلہ دیں گے۔
3اُس نے رحم میں اَپنے بھایٔی کی اِیڑی پکڑی؛
اَور بڑا ہوکر خُدا کے ساتھ کُشتی لڑی۔
4وہ فرشتہ سے بھی لڑا اَور اُس پر غالب آیا؛
وہ رُویا اَور اُن سے مِنّت کی۔
اُس نے خُدا کو بیت ایل میں پایا
اَور وہاں اُن سے بات چیت کی۔
5یعنی قادرمُطلق یَاہوِہ خُدا سے،
جِن کا ممتاز نام یَاہوِہ ہے!
6لیکن تُو اَپنے خُدا کی طرف لَوٹ جا؛
مَحَبّت اَور اِنصاف کو قائِم رکھ،
اَور ہمیشہ اَپنے خُدا کا منتظر رہ۔
7سوداگر جھُوٹا ترازو اِستعمال کرتا ہے؛
وہ دھوکا دہی سے مَحَبّت کرتا ہے۔
8اِفرائیمؔ شیخی مارتا ہے کہ،
مَیں بہت بڑا رئیس ہُوں مَیں دولتمند بَن گیا ہُوں۔
میری اِس قدر دولت کے باعث
وہ مُجھ میں کویٔی بُرائی یا گُناہ نہ پائیں گے۔
9مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں،
جو تُمہیں مِصر میں سے نکال لایا؛
مَیں تُمہیں پھر خیموں میں اَیسا بساؤں گا،
جَیسے تمہاری مُقرّرہ عیدوں کے ایّام میں ہُوا کرتا تھا۔
10مَیں نے نبیوں سے کلام کیا،
اُنہیں بہت سِی رُویتیں دِکھائیں
اَور اُن کی مَعرفت تمثیلیں بتائیں۔
11کیا گِلعادؔ بدکار ہے؟
اُس کے لوگ ناکارہ ہیں!
کیا گِلگالؔ میں بَیل ذبح کئے جاتے ہیں؟
اُن کے مذبحے جُتے ہُوئے کھیت میں
پڑے ہُوئے پتّھروں کے ڈھیر کی مانند ہوں گے۔
12یعقوب ارام کے مُلک کو فرار ہو گیا؛
اَور اِسرائیل نے بیوی کی خاطِر خدمت کی،
اَور اُس کی قیمت چُکانے کے لیٔے گلّہ بانی کی۔
13یَاہوِہ ایک نبی کے ذریعہ اِسرائیل کو مِصر سے نکال لائے،
ایک نبی ہی کے ذریعہ اُنہُوں نے اُن کی خبرگیری کی۔
14لیکن اِفرائیمؔ نے یَاہوِہ کو شدید غُصّہ دِلایا؛
اِس لیٔے اُس کا خُداوؔند اُس کی خُونریزی کا گُناہ اِسی کی گردن پر رکھیں گے
اَور اُسے اَپنی توہین کا صِلہ دیں گے۔
موجودہ انتخاب:
ہوشِیعؔ 12: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.