ہوشِیعؔ 11
11
اِسرائیل سے خُدا کی مَحَبّت
1جَب اِسرائیل بچّہ ہی تھا کہ مَیں نے
اُس سے مَحَبّت کی، اَور اَپنے بیٹے کو مِصر سے بُلایا۔
2لیکن جِتنا زِیادہ میں اِسرائیل کو بُلاتا گیا،
وہ مُجھ سے اَور دُور جاتے رہے۔
اُنہُوں نے بَعل معبُودوں کے لیٔے قُربانیاں پیش کیں
اَور بُتوں کے سامنے بخُور جَلایا۔
3مَیں نے اِفرائیمؔ کو چلنا سِکھایا،
اَور اُنہیں گود میں اُٹھایا؛
لیکن اُنہُوں نے یہ نہ جانا
کہ مَیں نے ہی اُنہیں شفا بخشی۔
4مَیں اُنہیں اِنسانی شفقت کی رسّیوں،
اَور مَحَبّت کے رشتہ میں جکڑ کر لے گیا؛
مَیں نے اُن کی گردن پر سے جُوا ہٹایا
اَور جھُک کر اُنہیں کھانا کھِلایا۔
5اَب جَب کہ وہ تَوبہ کرنے سے اِنکار کرتے ہیں
تو کیا وہ مِصر نہ لَوٹیں گے
اَور کیا شاہِ اشُور اُن پر حُکومت نہ کرےگا؟
6اُن کے شہروں میں تلواریں چلیں گی،
اُن کے پھاٹکوں کے اڑبنگوں کو تباہ کر دیا جائے گا
اَور اُن کے منصُوبوں کو خاک میں مِلا دیا جائے گا۔
7میرے لوگ مُجھ سے برگشتہ ہونے پر آمادہ ہیں۔
خواہ وہ خُداتعالیٰ کو پُکاریں،
تو بھی وہ اُن کو ہرگز اِعزاز نہ بخشیں گے۔
8اَے اِفرائیمؔ! مَیں تُجھ سے کیسے دست بردار ہو جاؤں؟
اَور اَے اِسرائیل مَیں تُجھے کیسے ترک کروں؟
مَیں تیرے ساتھ اَدمہؔ کی مانند کیسے سلُوک کروں؟
اَور تُجھے ضبوئیمؔ کی مانند کیسے بناؤں؟
میرے دِل میں تغیُّر آ چُکاہے؛
اَور میری تمام شفقت اُمنڈ آئی ہے۔
9مَیں اَپنے قہر شدید کو بھڑکنے نہ دُوں گا،
نہ مَیں پلٹ کر اِفرائیمؔ کو تباہ کروں گا۔
کیونکہ مَیں خُدا ہُوں، اِنسان نہیں۔
تمہارے درمیان سکونت کرنے والا قُدُّوس ہُوں۔
مَیں قہر لے کر نہ آؤں گا۔
10وہ یَاہوِہ کی پیروی کریں گے؛
وہ شیرببر کی طرح گرجیں گے۔
اَور جَب وہ گرجیں گے،
تَب اُن کے بچّے تھرتھراتے ہُوئے مغرب سے آئیں گے۔
11یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں۔ وہ مِصر کے پرندوں
اَور اشُور کے کبُوتروں کی مانند،
کانپتے ہُوئے آئیں گے۔
اَور مَیں اُنہیں اُن کے گھروں میں بساؤں گا،
اِسرائیل کا گُناہ
12اِفرائیمؔ نے دغا سے،
اَور اِسرائیل کے گھرانے نے مکّاری سے مُجھے گھیر رکھا ہے۔
اَور یہُوداہؔ خُدا کے خِلاف بے قابو ہے،
یہاں تک کہ وفادار قُدُّوس کے خِلاف بے قابُو بنا رہتاہے۔
موجودہ انتخاب:
ہوشِیعؔ 11: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.