یَشعیاہ 21
21
بابیل کے خِلاف نبُوّت
1سمُندر کے کنارے والے صحرا کے متعلّق نبُوّت: جِس طرح جُنوبی علاقہ سے تیز آندھیاں آتی ہیں،
اُسی طرح بیابان سے جو ایک دہشت کی سرزمین ہے،
ایک حملہ آ وار آ رہاہے۔
2مُجھے نہایت ہی ہیبت ناک رُویا دِکھائی گئی:
غدّار دغا دیتاہے، اَور لُٹیرا لُوٹ لیتا ہے۔
اَے عیلامؔ، چڑھائی کر! اَے مِدائی، محاصرہ کر!
اُس کی وجہ سے جو نوحہ ہُوا اُسے میں ختم کروں گا۔
3یہی باعث ہے کہ میرا جِسم درد سے اینٹھ رہاہے،
ایک زچّہ کی طرح شدید درد نے مُجھے جکڑ لیا ہے؛
جو کچھ میں سُن رہا ہُوں اُس سے میں ہِراساں ہُوں،
اَورجو دیکھ رہا ہُوں اُس سے میں پریشان ہُوں۔
4میرا دِل رُکا جاتا ہے،
اَور خوف سے میں کانپنے لگتا ہُوں؛
جِس شفق شام کے لیٔے میں ترستا تھا
وہ میرے لیٔے ہیبت بَن گئی۔
5وہ دسترخوان بچھاتے ہیں،
اَور غلیچے پھیلاتے ہیں،
وہ کھاتے اَور پیتے ہیں!
اَے افسر، اُٹھو،
سِپر پر تیل مَلو!
6یَاہوِہ مُجھ سے یہ کہتاہے:
”جاؤ، ایک پہرےدار کو مُقرّر کر
تاکہ وہ جو کچھ دیکھے اُس کی اِطّلاع دے۔
7جَب وہ رتھ دیکھے
جِن میں دو دو گھوڑے جُتے ہُوں،
اَور گدھوں
اَور اُونٹوں پر سوار دیکھے،
تو وہ نہایت چوکنّا ہو جائے،
بےحد چوکنّا۔“
8اَور پہرےدار شیر کی مانند چِلّا اُٹھا،
”میرے آقا، میں روز بروز پہرا کے بُرج پر کھڑا رہتا ہُوں؛
ہر رات میں اَپنی جگہ پر مَوجُود ہُوں۔
9دیکھ، ایک آدمی رتھ میں آتا ہے
جِس میں دو گھوڑے جُتے ہیں۔
اَور یہ خبر لاتا ہے:
’بابیل گِر پڑا، گِر پڑا!
اُس کے معبُودوں کی سبھی مورتیاں
چکنا چُور ہوکر زمین پر گری پڑی ہیں!‘ “
10اَے میرے لوگو جو کھلیان میں پامال ہو چُکے ہو،
قادرمُطلق یَاہوِہ اَور اِسرائیل کے
خُدا سے مَیں نے جو کچھ سُنا،
تُمہیں بتاتا ہُوں۔
اِدُوم کے خِلاف نبُوّت
11دُومہؔ کے متعلّق نبُوّت:
کسی نے مُجھے سِعِیؔر سے پُکارا،
”اَے پہرےدار، رات کی کیا خبر ہے؟
اَے پہرےدار، رات کی کیا خبر ہے؟“
12پہرےدار جَواب دیتاہے،
”صُبح ہوتی ہے اَور رات بھی۔
اگر تُم پُوچھنا چاہتے ہو تو پُوچھو؛
اَور ایک بار پھر آنا۔“
عربؔ کے خِلاف نبُوّت
13عربؔ کے متعلّق نبُوّت:
اَے دِدانیوں کے قافلو،
جو عربؔ کے جنگلوں میں مُقیم ہو،
14پیاسوں کے لیٔے پانی لاؤ؛
اَے تیماؔ کے رہنے والو،
بھاگنے والوں کے لیٔے کھانا لاؤ۔
15وہ تلوار سے،
ننگی تلوار سے،
اَور کھینچی ہُوئی کمان سے
اَور جنگ کی شِدّت کے خوف سے بھاگے ہیں۔
16یَاہوِہ نے مُجھ سے یہ کہا: ”مزدُوروں کے حِساب کے مُطابق ایک سال کے اَندر قیدارؔ کی تمام شان و شوکت ختم ہو جائے گی۔ 17قیدارؔ کے تیر اَندازوں اَور بہادروں میں سے صِرف چند لوگ ہی بچ پائیں گے۔“ یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا نے یہ فرمایاہے۔
موجودہ انتخاب:
یَشعیاہ 21: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.