YouVersion Logo
تلاش

یَشعیاہ 22

22
یروشلیمؔ کے متعلّق نبُوّت
1رُویا کی وادی کے متعلّق نبُوّت:
اَب تُمہیں کیا پریشانی ہے،
جو تُم سَب کے سَب چھتوں پر چڑھ گیٔے،
2اَے ہنگامہ سے بھرے ہُوئے شہر،
اَور شور و غُل کا شہر!
تمہارے مقتول تلوار سے قتل نہیں ہُوئے،
نہ ہی وہ لڑائی میں مارے گیٔے۔
3تیرے تمام سردار اِکٹھّے بھاگ گیٔے؛
اَور اُنہیں بغیر کمان اِستعمال کئے گِرفتار کیا گیا۔
جَب کہ دُشمن کافی دُور تھا، تُم سَب جو بھاگ نکلے تھے،
پکڑے گیٔے اَور اِکٹھّے اسیر کئے گیٔے۔
4اِس لیٔے مَیں نے کہا: ”مُجھ سے دُورہو جاؤ؛
مُجھے زار زار رونے دو۔
مُجھے میری قوم کی بربادی پر
تسلّی نہ دو۔“
5آج کا دِن رُویا کی وادی میں
خُداوؔند، قادرمُطلق یَاہوِہ کے لیٔے
بےحد شور و غُل، پامالی اَور دہشت کا دِن ہے۔
یہ دیواروں کو گرانے کا
اَور پہاڑوں کو پُکار سُنانے کا دِن ہے۔
6عیلامؔ نے اَپنے رتھ سواروں
اَور گھوڑوں کے ساتھ ترکش اُٹھایا؛
اَور قیرؔ نے سِپر کا غلاف اُتار دیا۔
7تیری بہترین وادیاں اَب رتھوں سے بھری ہُوئی ہیں،
اَور گُھڑسوار شہر کے پھاٹکوں پر صف آرا ہیں۔
8خُداوؔند نے بنی یہُوداہؔ کے بچاؤ کے ذرائع ہٹا دئیے۔
اَور اَب تُم نے جنگل کے محل کی طرف
اسلحہ کے لیٔے نگاہ اُٹھائی؛
9تُم نے دیکھا کہ داویؔد کے شہر کے دفاع میں کیٔی رخنے تھے؛
تُم نے نیچے کے حوض میں پانی جمع کیا۔
10تُم نے یروشلیمؔ کی عمارتوں کو گِنا
اَور شہرپناہ کو مضبُوط کرنے کے لیٔے گھروں کو ڈھا دیا۔
11تُم نے دو دیواروں کے درمیان میں ایک حوض بنایا
تاکہ پُرانے حوض کا پانی اُس میں جمع کر سکو،
لیکن تُم نے اُن کی طرف نگاہ نہ کی جنہوں نے اُسے بنایا،
نہ اُس کا لحاظ کیا جنہوں نے کافی عرصہ پہلے اُن کا منصُوبہ بنایا۔
12خُداوؔند، قادرمُطلق یَاہوِہ نے
اُس روز تُمہیں
رونے اَور ماتم کرنے،
اَپنے بال نوچنے اَور ٹاٹ پہننے کے لیٔے بُلایا۔
13لیکن دیکھو، یہاں تو خُوشی اَور عیش و عشرت،
جانوروں کو ذبح کرنا اَور بھیڑوں کو حلال کرنا،
اَور گوشت خواری اَور مَے خواری ہی جاری ہے!
”آؤ، کھایٔیں اَور پیئیں،“ تُم کہتے ہو،
”کیونکہ کل تو ہمیں مَرنا ہی ہے!“
14قادرمُطلق یَاہوِہ نے یہ میرے کان میں کہا: ”تمہارے مرنے کے دِن تک اِس گُناہ کا کفّارہ نہ ہو سکےگا۔“ خُداوؔند قادرمُطلق یَاہوِہ نے یہ فرمایاہے۔
15خُداوؔند، قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں:
”جا، اَور شاہی محل کے دیوان
شبناہؔ سے کہہ:
16کہ تُم یہاں کیا کر رہاہے اَور تُجھے کس نے اِجازت دی
اَپنے لیٔے یہاں قبر تراشے،
بُلندی پر اَپنی قبر کھدوائے
اَور چٹّان میں اَپنے لیٔے آرامگاہ بنوائے؟
17”خبردار، اَے مَرد قوی! یَاہوِہ تُجھ پر اَپنی گرفت مضبُوط کریں گے
اَور تُجھے دُور پھینک دے گا۔
18وہ تُجھے گھُما کر گیند کی طرح
ایک وسیع مُلک میں دُور پھینک دے گا۔
اَور اَے اَپنے آقا کے گھر کو رُسوا کرنے والے!
تُو وہاں مَر جائے گا
اَور وہاں وہ عالیشان رتھ جِن تُم پر کو بہت فخر تھا۔ تیرے آقا کے گھر کی رُسوائی ہوگی۔
19مَیں تُجھے تیرے منصب سے برطرف کر دُوں گا،
اَور تُجھے تیرے مرتبہ سے ہٹا دیا جائے گا۔
20”اُس وقت مَیں اَپنے خادِم اِلیاقیؔم بَن خِلقیاہؔ کو بُلاؤں گا۔ 21میں اُسے تیری خلعت پہناؤں گا اَور تیرا کمربند اُس پر کسوں گا اَور تیرا اِختیار اُس کے سُپرد کروں گا۔ وہ اہلِ یروشلیمؔ اَور بنی یہُوداہؔ کا باپ ہوگا۔ 22مَیں داویؔد کے گھر کی کُنجی اُس کے کندھے پر رکھوں گا۔ جو کچھ وہ کھولے گا اُسے کویٔی بند نہیں کر سکےگا اَورجو کچھ وہ بند کرےگا کویٔی اَور اُسے کھول نہیں سکےگا۔ 23مَیں اُسے میخ کی طرح کسی مُعتبر مقام پر ٹھونک دُوں گا۔ وہ اَپنے باپ کے گھر کے لیٔے عزّت و اِحترام کا تخت ہوگا۔ 24اُس کے خاندان کی ساری جاہ و حشمت کو، اُس کی اَولاد اَور نَسل کو اَور اُس کے سَب چُھوٹے بڑے برتنوں اَور پیالوں سے لے کر مرتبانوں تک سَب کو اِسی سے منسوب کیا جائے گا۔
25”اُس وقت،“ قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں: ”وہ میخ جو مُعتبر مقام میں ٹھونکی گئی تھی، ڈھیلی پڑ جائے گی اَور کاٹ کر گرائی جائے گی اَور اُس پر لٹکا ہُوا سبھی بوجھ گِر جائے گا۔“ کیونکہ یَاہوِہ نے یہ فرمایاہے۔

موجودہ انتخاب:

یَشعیاہ 22: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in