یَشعیاہ 57
57
1صادق ہلاک ہوتے ہیں،
اَور کویٔی اِس بات کو خاطِر میں نہیں لاتا؛
خُداپرست اُٹھا لیٔے جاتے ہیں،
اَور کویٔی نہیں سمجھتا
کہ راستباز اِس لیٔے اُٹھا لیٔے جاتے ہیں
تاکہ وہ آفت سے بچ سکیں۔
2راستی پر چلنے والے
سلامتی میں داخل ہوتے ہیں؛
اَور موت کی حالت میں آرام پاتے ہیں۔
3”لیکن تُم اَے جادُوگرنی کے بیٹو،
اَور زانی اَور فاحِشہ کی اَولاد اِدھر آؤ!
4تُم کس کا مضحکہ اُڑاتے ہو؟
اَور کس پر مُنہ پھاڑتے
اَور زبان درازی کرتے ہو؟
کیا تُم باغی نَسل
اَور جھوٹوں کی اَولاد نہیں ہو؟
5تُم جو بلُوط کے درختوں کے درمیان
اَور ہر سایہ دار درخت کے نیچے شہوت میں غرق ہو جاتے ہو؛
وادیوں میں اَور چٹّانوں کے شگافوں کے درمیان
اَپنے بچّوں کو ذبح کرتے ہو۔
6وادی کے چِکنے پتّھر ہی تیرا بَخرہ ہیں؛
وُہی، ہاں وُہی تیرا حِصّہ ہیں۔
ہاں، اُن کے لیٔے تُم تپاون دیتے ہو
اَور اناج کو بطور ہدیہ پیش کرتے ہو۔
کیا میں اِن باتوں سے خُوش ہوؤں؟
7ایک اُونچے اَور بُلند پہاڑ پر تُونے اَپنا بِستر بچھایا ہے؛
وہیں تُو اَپنی قُربانیاں پیش کرنے کو چڑھ گئی۔
8اَپنے دروازوں اَور چوکھٹوں کے پیچھے
تُم نے معبُودوں کا نِشان بنایا۔
مُجھے بھُلا کر تُم نے اَپنا بِستر کھول دیا،
تُم اُس پر چڑھی اَور اُسے خُوب کشادہ کیا؛
اَور جِن جِن کے بِستر تُجھے پسند آئے اَور تُم نے اُنہیں عُریاں دیکھا،
اُن کے ساتھ تُم نے عہد کر لیا۔
9تُم خُوب مُعطّر ہوکر
زَیتُون کا تیل لے کر تُم مولکؔ#57:9 مولکؔ کچھ نُسخوں میں مولکؔ یعنی بادشاہ یعنی بادشاہ کے پاس گئی۔
تُم نے اَپنے سفیر دُور دراز بھیج دئیے؛
یہاں تک کہ تُم خود موت کی سلطنت میں گزر گئی!
10اَپنی اِن روِشوں کے باعث تُم تھک گئیں،
پھر بھی یہ نہ کہا، ’یہ بے فائدہ ہے۔‘
تُجھے اَیسا لگا گویا تیری توانائی لَوٹ آئی،
اِس لیٔے تُونے نقاہت محسُوس نہ کی۔
11”آخِر تُو کس سے اِس قدر خوفزدہ اَور سہمی ہُوئی ہے
کہ تُونے مُجھ سے بےوفائی کی،
اَور مُجھے یاد تک نہ کیا
نہ ہی دِل میں اِن باتوں پر غور کیا؟
کیا یہ اِس لیٔے نہیں کہ میں بہت عرصہ سے خاموش رہا
جو تُو میرا خوف نہیں رکھتی؟
12مَیں تیری راستبازی کو اَور تیرے کاموں کو ظاہر کر دُوں گا،
اَور اُن سے تُجھے کچھ فائدہ نہ ہوگا۔
13جَب تُو مدد کے لیٔے چِلّایٔے،
تَب تیرے جمع کئے ہُوئے بُت ہی تُجھے بچائیں!
لیکن ہَوا اُن سَب کو اُڑا لے جائے گی،
محض ایک سانس اُن کو اُڑا لے جائے گی۔
لیکن جو شخص مُجھ میں پناہ لیتا ہے
وہ زمین کا مالک ہوگا
اَور میرے مُقدّس پہاڑ کا بھی وارِث ہوگا۔“
شکستہ دِل کے لیٔے تسکین
14اَور یہ کہا جائے گا:
”راستہ بناؤ، بناؤ، راہ تیّار کرو!
میرے لوگوں کی راہ میں سے رُکاوٹیں دُور کرو۔“
15کیونکہ جو اعلیٰ اَور بُزرگ
اَور تا اَبد قائِم رہے گا اَور جِس کا نام قُدُّوس ہے یُوں فرماتے ہیں:
”میں بُلند اَور پاک مقام میں رہتا ہُوں،
وُہی جو شکستہ دِل اَور فروتن ہے اُس کے ساتھ بھی ہُوں،
تاکہ فروتن کی رُوح کو
اَور شکستہ دِل کے دِل کو بحال کروں۔
16اگر مَیں ہمیشہ اِلزام لگاتا رہتا،
اَور سدا غُصّہ کئے جاتا،
تو اِنسان کی رُوح میرے رُوبرو پست ہو جاتی
اَور آدمی کا دَم جسے مَیں نے پیدا کیا ہے، نابود ہو جاتا۔
17میں اُس کے لالچ کے گُناہ آلُودہ کے سبب سے خفا ہَوا تھا؛
مَیں نے اُسے سزا دی اَور غُصّہ میں اَپنا مُنہ چھُپا لیا،
پھر بھی وہ اَپنی مَن مانی حرکتوں سے باز نہ آیا۔
18میں اُس کی راہوں سے واقف ہُوں لیکن مَیں اُسے شفا بخشوں گا؛
میں اُس کی رہبری کروں گا اَور اِسرائیل کے غم خواروں کو دِلاسا دوں گا۔
19اُن کے لبوں پر سِتائش کے نغمہ آ جایٔیں۔
کہ جو دُور ہیں اَورجو نزدیک ہیں، سَب کے لیٔے سلامتی ہی سلامتی ہے،“
یَاہوِہ فرماتے ہیں
”اَور مَیں اُنہیں شفا بخشوں گا۔“
20لیکن بدکار موجزن سمُندر کی طرح ہیں،
جو کبھی ساکن نہیں رہ سَکتا،
اَور جِس کی لہریں کیچڑ اَور مٹّی اُچھالتی ہیں۔
21خُدا فرماتے ہیں، ”بدکاروں کے لیٔے سلامتی نہیں ہے۔“
موجودہ انتخاب:
یَشعیاہ 57: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.