یَشعیاہ 58
58
حقیقی روزہ
1”زور سے چِلّا، بالکُل نہ جِھجک۔
نرسنگے کی مانند اَپنی آواز بُلند کر۔
میرے لوگوں پر اُن کی سرکشی
اَور یعقوب کے گھرانے پر اُن کے گُناہ ظاہر کر دے۔
2کیونکہ روز بروز وہ میرے طالب ہوتے ہیں؛
اَور میری راہیں جاننے کے اِس طرح مُشتاق نظر آتے ہیں،
جَیسے کویٔی قوم راستی پر چلتی ہو
اَور جِس نے اَپنے خُدا کے اَحکام کو فراموش نہیں کیا۔
وہ مُجھ سے مُنصِفانہ فیصلے طلب کرتے ہیں
اَور خُدا کی نزدیکی کے مُشتاق نظر آتے ہیں
3وہ کہتے ہیں، ’ہم نے روزے کس لیٔے رکھے،
جَب کہ تُونے اُنہیں دیکھا تک نہیں؟
ہم فروتن ہُوئے،
اَور تُونے دھیان نہیں دیا۔‘
”پھر بھی اَپنے روزے کے دِن تُم اَپنی ہی مرضی پُوری کرتے ہو
اَور اَپنے تمام کارندوں سے ناجائز فائدہ اُٹھاتے ہو۔
4تمہارا روزہ لڑنے جھگڑنے
اَور ایک دُوسرے کو بُری طرح گھونسے مارنے پر ختم ہوتاہے۔
جَیسا روزہ تُم اَب رکھتے ہو اُس سے یہ توقع نہیں کی جا سکتی
کہ تمہاری فریاد عالمِ بالا پر سُنی جائیگی۔
5کیا مَیں نے اَیسا روزہ پسند کیا ہے،
کہ اِنسان محض روزہ کے دِن ہی نَفس کُشی کرے،
سَرکنڈے کی طرح اَپنے سَر کو جُھکائے،
اَور ٹاٹ اَور راکھ بچھا کر اُس پر بیٹھا رہے؟
کیا اِسی کو تُم روزہ اَور اَیسا دِن کہتے ہو،
جو یَاہوِہ کو مقبُول ہو؟
6”روزہ جو میری پسند کا ہے، کیا وہ یہ نہیں:
کہنا اِنصافی کی زنجیروں توڑی جایٔیں
جُوئے کی رسّیاں کھول دی جایٔیں،
مظلوموں کو آزاد کیا جائے
اَور ہر جُوا توڑ دیا جائے؟
7کیا وہ یہ نہیں کہ اَپنی روٹی میں بھُوکوں کو شریک کرے
اَور مارے مارے پھرتے ہُوئے مسکینوں کو آسرا دے
جَب کسی کو ننگا دیکھے تو اُسے کپڑے پہنائے،
اَور اَپنے ہم جنس سے روپوشی نہ کرے۔
8تَب تیری رَوشنی طُلوع صُبح کی طرح پھوٹ نکلے گی،
اَور تُو جلد صحتیاب ہوگا؛
تَب تیری راستبازی تیرے آگے آگے چلے گی،
اَور یَاہوِہ کا جلال پیچھے سے تیری حِفاظت کرےگا۔
9تَب تُو پُکارے گا اَور یَاہوِہ تُجھے جَواب دیں گے؛
تُو دُہائی دے گا اَور وہ کہیں گے: مَیں حاضِر ہُوں۔
”اگر تُو ظُلم ڈھانا اَور دُوسروں پر اُنگلی اُٹھانا چھوڑ دے،
اَور بدگوئی سے باز آ جائے،
10اگر تُو بھُوکے کی دِل کھول کر مدد کرے
اَور مظلوم کی حاجتیں پُوری کرے،
تو تیرا نُور تاریکی میں چمکے گا،
اَور تیری رات، دوپہر کی مانند ہوگی۔
11یَاہوِہ ہمیشہ تیری رہنمائی کریں گے؛
اَور خشک سالی میں تیری ضرورتیں پُوری کریں گے
اَور تیری ہڈّیوں کو تقویّت دیں گے۔
تُو سیراب باغ کی مانند ہوگا،
اَور ایک اَیسے چشمے کی مانند جِس کا پانی کبھی نہیں سُوکھتا۔
12تیرے لوگ پُرانے کھنڈروں کو پھر سے تعمیر کریں گے
اَور قدیم بُنیادوں کو پھر سے کھڑا کریں گے؛
اَور تُو شکستہ دیواروں کا مِعمار،
اَور سڑکوں کو قِیام گاہوں کے ساتھ بحال کرنے والا کہلائے گا۔
13”اگر تُو سَبت کے روز اَپنے قدم روکے رکھے
اَور میرے مُقدّس دِن میں اَپنی مرضی پُوری کرنے سے باز آئے،
اگر تُو سَبت کو راحت اَور یَاہوِہ کا مُقدّس اَور قابل اِحترام دِن مانے،
اگر تُو اُس کی تعظیم کی خاطِر اُس دِن کاروبار نہ کرے
اَور اَپنی خُوشی پُوری کرنے اَور فُضول گُفتگو سے باز رہے،
14تَب تُو یَاہوِہ میں مسرُور ہوگا،
اَور مَیں تُجھے زمین کی بُلندیوں تک پہُنچا دوں گا
اَور تیرے باپ یعقوب کی مِیراث میں سے تُجھے کھِلاؤں گا۔“
کیونکہ یَاہوِہ ہی کے مُنہ سے یہ اِرشاد ہُواہے۔
موجودہ انتخاب:
یَشعیاہ 58: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.