یَشعیاہ 59
59
گُناہ، اقرار اَور رِہائی
1یقیناً یَاہوِہ کا ہاتھ اِس قدر چھوٹا نہیں کہ بچا نہ سکے،
نہ ہی اُس کا کان اِس قدر بھاری ہے کہ سُن نہ سکے۔
2لیکن تمہاری بدکاری نے
تُمہیں اَپنے خُدا سے دُور کر دیا ہے؛
اَور تمہارے گُناہوں نے اُسے تُم سے اَیسا روپوش کیا،
کہ وہ سُنتے نہیں۔
3کیونکہ تمہارے ہاتھ خُون میں رنگے ہُوئے ہیں،
اَور تمہاری اُنگلیاں بدی سے آلُودہ ہیں۔
تمہارے ہونٹ جھُوٹ بولتے ہیں،
اَور تمہاری زبان شرارت کی باتیں کہتی ہے۔
4کویٔی اِنصاف طلب نہیں کرتا؛
اَور کویٔی سچّائی سے اَپنا مُقدّمہ نہیں لڑتا۔
وہ بے معنی دلیلوں پر اِعتماد کرلیتے ہیں اَور جھُوٹ بولتے ہیں؛
اُن کا حَمل بدچلنی کا ہوتاہے جِس سے بدی جنم لیتی ہے۔
5وہ افعی کے اَنڈے سیتے ہیں
اَور مکڑی کا جالا بُنتے ہیں۔
جو کویٔی اُن کے اَنڈے کھائے گا، مَر جائے گا،
اَور جَب کویٔی اَنڈا توڑا جاتا ہے تو اُس میں سے افعی نکل آتا ہے۔
6اُن کے جالے سے کپڑا نہیں بنایا جا سَکتا؛
اَورجو کچھ وہ بناتے ہیں اُس سے وہ اَپنا بَدن ڈھانپ نہیں سکتے ہیں۔
اُن کے اعمال بُرے ہوتے ہیں،
اَور وہ اَپنے ہاتھوں سے ظُلم ڈھاتے ہیں۔
7اُن کے قدم بدی کی طرف دَوڑتے ہیں؛
اَور وہ بےگُناہ کا خُون بہانے میں بڑی عجلت سے کام لیتے ہیں۔
اُن کے خیالات بُرے ہوتے ہیں؛
اَور اُن کی راہیں تباہی اَور بربادی کی طرف لے جاتی ہیں۔
8سلامتی کی راہ وہ جانتے ہی نہیں؛
نہ ہی اُن کے سامنے اِنصاف کے راستے ہیں
اُنہُوں نے اَپنی راہیں ٹیڑھی کرلی ہیں؛
اِس لیٔے جو کویٔی اُن پر چلے گا وہ سلامتی کا مُنہ نہ دیکھ پایٔےگا۔
9لہٰذا اِنصاف ہم سے بہت دُور ہے،
اَور راستی ہمارے نزدیک نہیں پہُنچ سکتی۔
ہم نُور کی اُمّید کرتے ہیں لیکن سَب طرف اَندھیرا ہی اَندھیرا ہے؛
اَور اجالے کا اِنتظار کرتے کرتے گہری تاریکی میں چلتے رہتے ہیں۔
10ہم اَندھوں کی طرح دیوار کو ٹٹولتے ہیں،
اَور اِس طرح راستہ ڈھونڈتے ہیں جَیسے ہم آنکھوں سے محروم ہیں۔
ہم دوپہر کو یُوں ٹھوکر کھاتے ہیں جَیسے رات ہو گئی ہو؛
اَور طاقتوروں کے درمیان ہم مُردوں کی مانند ہیں۔
11ہم سَب ریچھوں کی مانند غرّاتے ہیں؛
اَور کبُوتروں کی طرح ماتم کرتے ہیں۔
ہم اِنصاف ڈھونڈتے ہیں لیکن پاتے نہیں؛
اَور مخلصی کے منتظر ہیں پر وہ ہم سے بہت دُور ہے۔
12کیونکہ ہماری خطائیں آپ کی نظر میں بہت ہیں،
اَور ہمارے گُناہ ہمارے خِلاف گواہی دیتے ہیں۔
ہماری خطائیں ہمیشہ ہمارے ساتھ ہیں،
اَور ہم اَپنی بدکاریوں کو تسلیم کرتے ہیں:
13جَیسے یَاہوِہ کے خِلاف بغاوت اَور غدّاری،
اَپنے خُدا سے برگشتگی،
ظُلم اَور سرکشی کی باتیں،
اَور دِل میں جھُوٹی باتیں گڑھنا اَور اُنہیں زبان پر لانا۔
14اِس لیٔے اِنصاف کو دھکّا لگا،
اَور راستی دُور جا کھڑی ہُوئی؛
سچّائی کو کوچوں میں ٹھوکریں کھانی پڑیں،
اَور ایمانداری داخلہ نہیں پاتی۔
15سچّائی کہیں گُم ہو گئی،
اَورجو کویٔی بدی سے دُور بھاگتا ہے وُہی شِکار ہو جاتا ہے۔
یَاہوِہ نے یہ دیکھا تو اُس کی نظر میں بُرا لگا
کہ اِنصاف جاتا رہا۔
16اُس نے دیکھا کہ کویٔی آدمی نہیں،
اَور اُس نے تعجُّب کیا کہ کویٔی شفاعت کرنے والا نہ تھا؛
لہٰذا اُس کے اَپنے ہی بازو نے اُس کے لیٔے نَجات کا اِنتظام کیا،
اَور اُس کی اَپنی راستبازی نے اُسے سنبھالا۔
17اُس نے راستبازی کا بکتر پہنا،
اَور نَجات کا خُود اَپنے سَر پر رکھا؛
اُس نے اِنتقام کا لباس پہن لیا
اَور غیرت کو جُبّہ کی طرح اوڑھ لیا۔
18اُن کے اَپنے اعمال کے مُطابق،
وہ اُنہیں اجر دے گا
اُس کے دُشمن اُس کے غضب کا نِشانہ بنیں گے
اَور اُس کے مُخالف اُس کے اِنتقام کا؛
وہ جزیروں کو اُن کا بدلہ دے گا۔
19تَب مغرب کی طرف کے لوگ یَاہوِہ کے نام کا
اَور مشرق کی طرف کے لوگ اُس کے جلال کا خوف مانیں گے۔
کیونکہ وہ ایک خوفناک سیلاب کی مانند آئے گا
جو یَاہوِہ کے دَم سے رواں ہوگا۔
20اَور صِیّونؔ میں یعقوب کے لوگوں کی خاطِر جو گُناہ سے تَوبہ کرتے ہیں،
ایک نَجات دِہندہ آئے گا،
یَاہوِہ فرماتے ہیں۔
21اَور یَاہوِہ فرماتے ہیں کہ جہاں تک میرا تعلّق ہے اُن کے ساتھ میرا یہ عہد ہے۔ میری رُوح جو تُجھ پر ہے اَور میرا کلام جو مَیں نے تیرے مُنہ میں ڈالا ہے وہ آج سے لے کر اَبد تک نہ تیری نَسل کے مُنہ سے، نہ تیری نَسل کی نَسل کے مُنہ سے جُدا ہونے پایٔےگا۔
موجودہ انتخاب:
یَشعیاہ 59: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.