یَشعیاہ 60
60
صِیّونؔ کا جلال
1اُٹھ، مُنوّر ہو کیونکہ تیرا نُور آ گیا،
اَور یَاہوِہ کا جلال تُجھ پر آشکار ہُوا۔
2دیکھ، زمین پر تاریکی چھائی ہُوئی ہے
اَور تیرگی اُمّتوں پر،
لیکن یَاہوِہ تُجھ پر طُلوع ہو رہے ہیں
اَور اُن کا جلال تُجھ پر ظاہر ہوتاہے۔
3قومیں تیری رَوشنی کی طرف آئیں گی،
اَور بادشاہ تیری صُبح کی تجلّی میں چلیں گے۔
4نگاہیں اُٹھا اَور چاروں طرف نظر ڈال:
تو تُو دیکھے گی کہ سَب لوگ جمع ہوکر تیرے پاس آ رہے ہیں؛
تیرے بیٹے بھی دُور سے آئیں گے،
اَور وہ تیری بیٹیوں کو گود میں اُٹھائے ہُوئے ہوں گے۔
5تَب تُو دیکھے گی اَور خُوشی سے چمک اُٹھے گی،
اَور تیرا دِل خُوشی کے مارے دھڑکنے لگے گا اَور پھُولے نہیں سمائے گا؛
کیونکہ سمُندر کی تمام دولت اَور مُختلف قوموں کا مال و زَر،
تیرے پاس لایا جائے گا۔
6اُونٹوں کے جھُنڈ کے جھُنڈ، جِن میں مِدیان اَور عیفاہؔ کی سانڈنیاں بھی ہُوں گی،
تیرے مُلک میں ہر طرف پھیل جایٔیں گے۔
اَور شیبا کے سارے لوگ،
سونا اَور لوبان لے کر
یَاہوِہ کی حَمد کرتے ہُوئے آئیں گے۔
7قیدارؔ کے تمام ریوڑ تیرے پاس جمع کئے جایٔیں گے،
اَور نبایوتؔ کے مینڈھے تیری خدمت میں لایٔے جایٔیں گے؛
اَور وہ میرے مذبح پر ذبیحہ کے طور پر مقبُول ہوں گے،
اَور مَیں اَپنے عالیشان بیت المُقدّس کو آراستہ کروں گا۔
8یہ کون ہیں جو بادلوں کی طرح اُڑتے ہُوئے چلے آ رہے ہیں،
جَیسے کبُوتر اَپنی کابُک کی طرف؟
9یقیناً جزیرے میری راہ دیکھیں گے؛
اَور ترشیشؔ کے بحری جہاز آگے آگے چل رہے ہیں،
اَور تیرے بیٹوں کو اُن کی چاندی اَور سونے کے ساتھ،
دُور سے لے آ رہے ہیں،
تاکہ یَاہوِہ تیرے خُدا،
اَور اِسرائیل کے قُدُّوس کا نام اُونچا ہو،
کیونکہ اُس نے تُجھے شان و شوکت سے نوازا ہے۔
10پردیسی تیری دیواریں پھر سے تعمیر کریں گے،
اَور اُن کے بادشاہ تیری خدمت کریں گے۔
گو مَیں نے غُصّہ مَیں تُجھے مارا،
لیکن اَپنی مہربانی سے تُجھ پر رحم کروں گا۔
11تیرے پھاٹک ہمیشہ کھُلے رہیں گے،
وہ کبھی بند نہ ہوں گے، خواہ دِن ہو یا رات،
تاکہ لوگ مُختلف قوموں کی دولت۔
اَور اُن کے بادشاہوں کو فتح کے جلوس کی شکل میں تیرے پاس لائیں۔
12جو قوم یا مملکت تیری خدمت گزاری نہ کرےگی وہ تباہ ہو جائے گی؛
وہ بالکُل برباد ہو جائے گی۔
13لبانونؔ کا جلال،
صنوبر، سَرو اَور دیودار کے ساتھ تیرے پاس آ جائے گا،
تاکہ میرے پاک مَقدِس کو آراستہ کیا جائے؛
اَور مَیں اَپنے پاؤں کی چوکی کو رونق بخشوں گا۔
14تُجھ پر ظُلم ڈھانے والے کے بیٹے سَر جُھکائے ہُوئے تیرے سامنے آئیں گے؛
اَور تیری تحقیر کرنے والے سبھی لوگ تیرے قدموں میں جھُکیں گے
اَور تُجھے یَاہوِہ کا شہر،
اَور اِسرائیل کے قُدُّوس کا صِیّونؔ کہہ کر پُکاریں گے۔
15”حالانکہ تُجھے ترک کیا گیا اَور تُجھ سے نفرت کی گئی،
یہاں تک کہ کویٔی تُجھ میں سے ہوکر گزرتا بھی نہ تھا،
اِس لیٔے مَیں تُجھے ہمیشہ کے لیٔے مایہ ناز
اَور تمام نَسلوں کے لیٔے شادمانی کا باعث بنا دُوں گا۔
16تُو قوموں کا دُودھ پیئے گی
اَور شاہی چھاتِیاں چُوسے گی۔
تَب تُو جانے گی کہ میں یَاہوِہ تیرا مُنجّی،
تیرا فدیہ دینے والا اَور یعقوب کا قادر خُدا ہُوں۔
17مَیں تیرے لیٔے کانسے کی بجائے سونا،
اَور لوہے کی بجائے چاندی لاؤں گا۔
مَیں تیرے لیٔے لکڑی کی بجائے کانسے،
اَور پتّھروں کی بجائے لوہا لاؤں گا۔
اَور مَیں سلامتی کو تیرا گورنر
اَور راستبازی کو تیرا حاکم بناؤں گا۔
18تیرے مُلک میں پھر کبھی تشدّد کا ذِکر نہ ہوگا،
نہ ہی تیری حُدوُد کے اَندر تباہی یا بربادی ہوگی،
بَلکہ تُو اَپنی دیواروں کا نام نَجات
اَور اَپنے پھاٹکوں کا نام حَمد رکھے گی۔
19پھر دِن کو سُورج تیری رَوشنی نہ ہوگا،
اَور نہ چاند کی چاندنی تُجھ پر چمکے گی،
بَلکہ یَاہوِہ تیرا اَبدی نُور ہوگا،
اَور تیرا خُدا تیرا جلال ہوگا۔
20تیرا سُورج پھر کبھی نہ ڈھلے گا،
نہ ہی تیرے چاند کو زوال آئے گا؛
یَاہوِہ تیرا اَبدی نُور ہوں گے،
اَور تیرے غم کے دِن ختم ہو جایٔیں گے۔
21پھر تیرے سَب لوگ راستباز ہوں گے
اَور اَبد تک مُلک کے وارِث ہوں گے۔
وہ میری لگائی ہُوئی شاخ،
اَور میرے ہاتھوں کا کام ہیں،
تاکہ میرا جلال ظاہر ہو۔
22تُم میں جو کمترین ہوگا ایک ہزار ہو جائے گا،
اَور سَب سے حقیر ایک زبردست قوم بَن جائے گا۔
مَیں یَاہوِہ ہُوں؛
عَین وقت پر میں یہ سَب کچھ تیزی سے عَمل میں لاؤں گا۔“
موجودہ انتخاب:
یَشعیاہ 60: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.