یعقُوب 2
2
طرفداری کی مناہی
1اَے میرے بھائیوں اَور بہنوں! تُم جو ہمارے جلالی خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح پر ایمان رکھتے ہو، طرفداری نہ دکھایا کرو۔ 2فرض کرو کہ ایک شخص سونے کی انگُوٹھی اَور نفیس لباس پہن کر تمہاری جماعت میں آئے، اَور ایک غریب شخص مَیلے کُچیلے کپڑے پہنے ہویٔے آئے۔ 3اَور تُم اُس عُمدہ پوشاک والے کا خاص لِحاظ کرکے اُس سے کہو، ”جَناب! آپ یہاں اَچھّی جگہ بیٹھیٔے“ اَور اُس غریب شخص سے کہو، ”تُو وہاں کھڑا رہ“ یا ”میرے پاؤں کے پاس فرش پر بَیٹھ جا۔“ 4تو کیاتُم نے باہم طرفداری نہ کی اَور بَدنیّتی سے فیصلہ نہیں کیا؟
5اَے میرے پیارے بھائیوں اَور بہنوں، سُنو! کیا خُدا نے دُنیا کی نظر میں جو غریب ہیں اُنہیں نہیں چُنا تاکہ وہ ایمان میں دولتمند اَور اُس بادشاہی کے وارِث ہو جایٔیں جِس کا اُس نے اَپنے مَحَبّت رکھنے وَالوں سے وعدہ کیا ہے؟ 6لیکن تُم نے غریب آدمی کی بے عزّتی کی ہے، کیا دولتمند ہی تُم پر ظُلم نہیں ڈھاتے اَور تُمہیں عدالتوں میں کھینچ کر نہیں لے جاتے؟ 7کیا یہ لوگ اُس اعلیٰ نام#2:7 اعلیٰ نام یعنی خُداوؔند عیسیٰ کا نام۔ پر کُفر نہیں بکتے جِس نام سے تُم پہچانے جاتے ہو۔
8اگر تُم کِتاب مُقدّس کی اِس شاہی شَریعت کے مُطابق، ”اَپنے پڑوسی سے اَپنی مانِند مَحَبّت رکھو،“#2:8 اَحبا 19:18 اِس پر عَمل کرتے ہو تو، صحیح کر رہے ہو۔#2:8 اَحبا 19:18 9لیکن اگر تُم طرفداری کرتے ہو تو گُناہ کرتے ہو، اَور شَریعت تُمہیں قُصُوروار ٹھہراتی ہے۔ 10کیونکہ اگر کویٔی ساری شَریعت پر عَمل کرے مگر کسی ایک حُکم کو ماننے میں چُوک جائے تو وہ ساری شَریعت کا قُصُوروار ٹھہرتا ہے۔ 11کیونکہ جِس نے فرمایا، ”زنا نہ کرنا،“#2:11 خُرو 20:14؛ اِست 5:18 اُس نے یہ بھی فرمایا، ”تُم خُون نہ کرنا۔“#2:11 خُرو 20:13؛ اِست 5:17 پس اگر تُم نے زنا تو نہیں کیا مگر خُون کر ڈالا، تو بھی تُم شَریعت کے نافرمان ٹھہرے۔
12اِس لیٔے تمہارا قول و عَمل اُن لوگوں کی مانند ہو، جِن کا اِنصاف آزادی کی شَریعت کے مُطابق ہوگا۔ 13اِس لیٔے کہ جِس نے رحم نہیں کیا اُس کا اِنصاف بغیر رحم کے کیا جائے گا۔ رحم اِنصاف پر غالب آتا ہے۔
ایمان اَور عَمل
14اَے میرے بھائیوں اَور بہنوں! اگر کویٔی کہے کہ میں ایمان رکھتا ہُوں اَور وہ اعمال نہ کرتا ہو تو کیا فائدہ؟ کیا اَیسا ایمان اُسے نَجات دے سَکتا ہے؟ 15فرض کرو کہ اگر کسی بھایٔی یا بہن کے پاس کپڑوں اَور روزانہ روٹی کی کمی ہو۔ 16اَور تُم میں سے کویٔی اُنہیں کہے، ”سلامتی کے ساتھ جاؤ، گَرم کپڑے پہنو اَور کھا کر سیر رہو،“ لیکن اُنہیں زندگی کی ضروُری چیزیں نہ دے تو خالی الفاظ سے کیا فائدہ ہوگا؟ 17ٹھیک اِسی طرح سے ایمان کے ساتھ اگر اعمال نہ ہو تو وہ مُردہ ہے۔
18ہو سَکتا ہے کہ کویٔی بحث کرے، ”تُو ایمان رکھتا ہے اَور میں اعمال رکھتا ہُوں۔“
تُو بغیر اعمال کے اَپنا ایمان مُجھے دِکھا اَور میں اَپنا ایمان اَپنے اعمال سے تُجھے دکھاؤں گا۔ 19تُو ایمان رکھتا ہے کہ خُدا ایک ہے۔ شاباش! یہ تو شَیاطِین بھی ایمان رکھتے ہیں اَور تھرتھراتے ہیں۔
20اَے بے وقُوف اِنسان! کیا تُجھے اَب ثبوت چاہئے کہ ایمان عَمل کے بغیر فُضول ہے؟ 21کیا ہمارے باپ حضرت اِبراہیمؔ نے جَب اَپنے بیٹے حضرت اِضحاقؔ کو قُربان گاہ پر نذر کیا تو کیا وہ اَپنے اُس اعمال سے راستباز نہیں ٹھہرائے گیٔے؟ 22چنانچہ تُونے دیکھ لیا کہ حضرت اِبراہیمؔ کا ایمان اَور اُن کا اعمال ساتھ مِل کر اثر کیا اَور اعمال سے ایمان کامِل ہُوا۔ 23اَور یُوں کِتاب مُقدّس کی یہ بات پُوری ہویٔی، ”حضرت اِبراہیمؔ خُدا پر ایمان لایٔے اَور یہ اُن کے واسطے راستبازی شُمار کیا گیا،“#2:23 پیدا 15:6 اَور وہ خُدا کے خلیل کہلائے۔ 24پس تُم نے دیکھ لیا کہ اِنسان اَپنے اعمال سے راستباز گِنا جاتا ہے نہ کہ فقط ایمان سے۔
25ٹھیک اِسی طرح کیا راحبؔ فاحِشہ بھی جَب اُس نے قاصِدوں کو پناہ دی اَور دُوسرے راستہ سے رخصت کیا تو، کیا وہ اَپنے اعمال کے سبب سے راستباز نہ ٹھہری؟#2:25 یشُو 2:6،16 26غرض جَیسے بَدن بغیر رُوح کے مُردہ ہے وَیسے ہی ایمان بھی بغیر اعمال کے مُردہ ہے۔
موجودہ انتخاب:
یعقُوب 2: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.