یرمیاہؔ 42

42
1تَب تمام فَوجی افسر اَور یوحانانؔ بِن قاریحؔ اَور عزریاہؔ بِن ہوشعیاہؔ اَور ادنیٰ سے لے کر اعلیٰ تک سبھی لوگ 2یرمیاہؔ نبی کے پاس پہُنچے اَور اُن سے مِنّت کی، ”ہماری درخواست سُن اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا سے اُن تمام باقی بچے ہُوئے لوگوں کی خاطِر دعا کر کیونکہ جَیسا کہ آپ دیکھ رہے ہو، کسی زمانہ میں ہم بہت تھے لیکن اَب چند ہی باقی بچے ہیں۔ 3دعا کرو تاکہ یَاہوِہ آپ کے خُدا ہمیں بتائیں کہ ہم کس راستے پر چلیں اَور کیا کریں۔“
4یرمیاہؔ نبی نے فرمایا، ”مَیں نے تمہاری سُنی ہے۔ میں یقیناً تمہارے کہنے کے مُطابق یَاہوِہ تمہارے خُدا سے دعا کروں گا اَورجو کچھ جَواب یَاہوِہ تمہارے لیٔے دیں گے وہ میں تُمہیں بتاؤں گا اَور تُم سے کچھ نہ چھُپاؤں گا۔“
5تَب اُنہُوں نے یرمیاہؔ سے درخواست کی، ”اگر ہم ہر بات پرجو یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تمہاری مَعرفت بتایٔی ہے عَمل نہ کریں تو یَاہوِہ ہمارے خِلاف سچّا اَور وفادار گواہ ٹھہریں۔ 6خواہ وہ ہمارے حق میں بھلا ہو یا بُرا ہم یَاہوِہ اَپنے خُدا کا حُکم مانیں گے جِس کے پاس ہم آپ کو بھیجتے ہیں تاکہ جَب ہم اَپنے خُدا یَاہوِہ کی فرمانبرداری کریں تو ہمارا بھلا ہو۔“
7دس دِن کے بعد یَاہوِہ کا کلام یرمیاہؔ پر نازل ہُوا۔ 8چنانچہ یرمیاہؔ نے یوحانانؔ بِن قاریحؔ کو، تمام فَوجی افسروں کو جو اُس کے ساتھ تھے اَور ادنیٰ سے اعلیٰ تک سبھی لوگوں کو اَپنے پاس بُلاکر، 9اُن سے فرمایا، ”یَاہوِہ، بنی اِسرائیلؔ کے خُدا جِن کے پاس تُم نے مُجھے اَپنی درخواست کے ساتھ بھیجا تھا وہ یُوں فرماتے ہیں، 10اگر تُم اِس مُلک میں ٹھہرے رہوگے تو میں تُمہیں قائِم رکھوں گا، برباد نہیں کروں گا؛ میں تُمہیں لگاؤں گا، اُکھاڑوں گا نہیں۔ کیونکہ جو تباہی مَیں نے تُم پر آنے دی اُس سے مُجھے دُکھ ہُواہے۔ 11شاہِ بابیل کا خوف نہ کرو جِس سے کہ اَب تُم ڈر رہے ہو۔ اُس سے نہ ڈرو۔ یَاہوِہ فرماتے ہیں؛ کیونکہ مَیں تمہارے ساتھ ہُوں اَور تُمہیں بچاؤں گا اَور اُس کے ہاتھ سے تُمہیں چھُڑا لُوں گا۔ 12میں تُم پر رحم کروں گا تاکہ وہ تُم پر رحم کرے اَور تُمہیں تمہارے مُلک میں بحال کرے۔
13”لیکن اگر تُم کہو، ’ہم اِس مُلک میں نہ رہیں گے،‘ اَور اِس طرح سے یَاہوِہ اَپنے خُدا کا حُکم نہ مانیں گے؛ 14اَور اگر تُم کہو، ’نہیں، ہم مِصر میں جا کر بسیں گے جہاں ہم جنگ نہ دیکھنے پائیں گے، نہ نرسنگے کی آواز سُنیں یا روٹی کے بھُوکے ہوں گے،‘ 15تو اَے بنی یہُوداہؔ کے باقی بچے ہُوئے لوگوں! یَاہوِہ کا کلام سُنو، قادرمُطلق یَاہوِہ،#42‏:15 قادرمُطلق یَاہوِہ عِبرانی میں یَاہوِہ سباؤتھ یعنی لشکروں کے یَاہوِہ بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں: ’اگر تُم واقعی مِصر میں جا کر آباد ہونے پر آمادہ ہو، 16تو یُوں ہوگا کہ جِس تلوار سے تُم ڈرتے ہو وہ مِصر میں وہاں تُم پر غالب آئے گی اَور وہ قحط جِس کا تُمہیں خوف ہے مِصر تک تمہارا تعاقب کرےگا اَور وہاں تُم مَر جاؤگے۔ 17یقیناً وہ سَب لوگ جو مِصر میں جا کر بس جانا چاہتے ہیں تلوار، قحط اَور وَبا سے مَر جایٔیں گے اَور اُن میں سے ایک بھی اُس آفت سے بچ نہ سکےگا جو میں اُن پر لاؤں گا۔‘ 18کیونکہ قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں: ’جِس طرح میرا غُصّہ اَور قہر اُن لوگوں پر اُنڈیلا گیا جو یروشلیمؔ میں رہتے تھے اُسی طرح سے جَب تُم مِصر جاؤگے تَب میرا قہر تُم لوگوں پر اُنڈیلا جائے گا۔ تُم لعنت و حیرت اَور ملامت اَور طَعنہ زنی کا باعث ہوگے اَور تُم پھر کبھی یہ جگہ دیکھ نہ پاؤگے۔‘
19”اَے بنی یہُوداہؔ کے باقی بچے ہُوئے لوگوں، یَاہوِہ نے تُم سے فرمایاہے، ’مِصر میں نہ جاؤ۔‘ یقین جانو کہ میں آج تُم کو جتا رہا ہُوں۔ 20جَب تُم نے مُجھے یَاہوِہ تمہارے خُدا کے پاس یہ کہہ کر بھیجا، ’یَاہوِہ ہمارے خُدا سے دعا کر اَور وہ جو کچھ کہے ہم سے کہہ تاکہ ہم اُس پر عَمل کریں تو تُم نے بڑی غلطی کی۔‘ 21مَیں نے آج تُمہیں بتا دیا ہے لیکن اَب تک تُم نے یَاہوِہ اَپنے خُدا کا حُکم نہیں مانا جو اُنہُوں نے میری مَعرفت تمہارے پاس بھیجا تھا۔ 22پس اَب یقین جانو کہ تُم جہاں جا کر آباد ہونا چاہتے ہو وہاں تلوار، قحط اَور وَبا سے مروگے۔“

موجودہ انتخاب:

یرمیاہؔ 42: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in