7
1”کیا اِنسان زمین پر محنت و مشقّت نہیں کرتا؟
اَور کیا اُس کے دِن ایک مزدُور کے سے نہیں ہوتے؟#7:1 ایُّو 14:5؛ 13؛ 14
2جَیسا کہ ایک غُلام شام ہونے کی راہ دیکھتا ہے،
اَور مزدُور اَپنی اُجرت کا منتظر رہتاہے،
3اِسی طرح میرے حِصّہ میں آنے والے مہینے فُضول ہیں،
اَور میری راتیں میری پریشانی کا باعث ہیں۔
4جَب مَیں لیٹتا ہُوں تو یہی سوچتا رہتا ہُوں، ’دِن کب نکلے گا؟‘
رات لمبی ہو جاتی ہے اَور مَیں صُبح تک کروٹیں بدلتا رہتا ہُوں۔
5میرا جِسم کیچوؤں اَور گارے سے ڈھکا ہے،
میری جلد پھٹ رہی ہے اَور میرے زخم سڑ رہے ہیں۔#7:5 یَشع 14:11
6”میرے دِن جُلاہے کی ڈھرکی#7:6 ڈھرکی جُلاہے کا ایک اوزار جِس سے وہ سُوت کو ایک طرف سے دُوسری طرف پھینکتے ہیں۔ سے بھی زِیادہ تیز رفتار ہیں،
جِن کی کوئی اُمّید باقی نہیں رہتی۔
7یا خُدا! یاد کریں کہ میری زندگی ہَوا کی مانند ہے؛
میری آنکھیں پھر کبھی خُوشی نہ دیکھیں گی۔
8وہ آنکھ جو مُجھے اَب دیکھ رہی ہے پھر کبھی نہ دیکھے گی؛
آپ کی آنکھیں میری جُستُجو میں ہوں گی لیکن مَیں نہ ہوں گا۔
9جِس طرح ایک بادل دفعتاً غائب ہو جاتا ہے اَور پھر نظر نہیں آتا،
اُسی طرح جو قبر میں اُتر جاتا ہے پھر کبھی نہیں لَوٹتا۔
10وہ اَپنے گھر پھر کبھی نہ لَوٹے گا؛
اُس کی جگہ اُسے پھر نہ پہچانے گی۔
11”چنانچہ مَیں خاموش نہ رہُوں گا؛
شدید رُوحانی تلخی کی حالت میں بولُوں گا،
جان کنی کے وقت شکایت کروں گا۔
12کیا میں سمُندر ہُوں یا کویٔی خوفناک بحری اَژدہا ہُوں،
کہ تُم نے مُجھ پر پہرا لگا دیا ہے؟
13جَب مَیں سوچتا ہُوں کہ میرا بِستر مُجھے آرام پہُنچائے گا
اَور میرا پلنگ میری تکلیف کم کر دے گا،
14تَب بھی آپ خوابوں سے مُجھے ڈراتے ہیں
اَور رُویتوں سے مُجھے دہشت دِلاتے ہیں،
15تاکہ میں پھانسی لے کر مَر جاؤں،
اَور میرا وُجُود باقی نہ رہے۔
16مُجھے اَپنی زندگی سے نفرت ہے، میں ہمیشہ زندہ نہیں رہُوں گا۔
مُجھے میرے حال پر چھوڑ دو کیونکہ میری زندگی کا اَب کویٔی مقصد نہیں۔
17”آخِر اِنسان کی بساط ہی کیا ہے کہ آپ اُسے سرفراز کریں،
اَور اُس کا خیال دِل میں لائیں،
18اَور ہر صُبح اُس کی خبر لیں
اَور ہر لمحہ اُسے آزماتے رہیں؟
19کیا آپ کبھی بھی اَپنی نگاہ میری طرف سے نہیں پھیریں گے،
اَور مُجھے پل بھرکے لیٔے بھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے؟
20اَے بنی آدمؔ کے نگہبان!
اگر مَیں نے گُناہ کیا تو مَیں نے آپ کا کیا بگاڑا ہے؟
آپ نے مُجھے اَپنا نِشانہ کیوں بنایا؟
کیا مَیں آپ پر بوجھ بَن گیا ہُوں؟
21آپ میری خطائیں مُعاف کیوں نہیں کرتے
اَور میرے گُناہ کیوں نہیں بخشتے،
میں تو بہت جلد خاک میں مِل جاؤں گا؛
آپ مُجھے ڈھونڈیں گے پر میں نہ ملوں گا۔“#7:21 میں نہ ملوں گا۔ میں مَر جاؤں گا اَور دفن ہو جاؤں گا۔