میکاہؔ 2
2
اِنسان کے منصُوبے اَور خُدا کا اِرادہ
1اُن پر افسوس جو بدی کا منصُوبہ باندھتے ہیں،
اَور بِستر پر پڑے ہُوئے شرارت کا منصُوبہ بناتے ہیں!
اَور صُبح ہوتے ہی اُس پر عَمل کرتے ہیں
کیونکہ وہ عَمل کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔
2وہ لالچ سے کھیتوں کو ضَبط کرلیتے ہیں،
اَور گھروں کو چھین لیتے ہیں۔
وہ لوگوں کو اُن کے گھروں سے،
اَور اَپنے ہم جنسوں کو اُن کی مِیراث سے محروم کر دیتے ہیں۔
3اِس لیٔے یَاہوِہ فرماتے ہیں:
”مَیں اُس قوم پر بربادی لانے کا اِرادہ کر رہا ہُوں،
جِس سے تُم خُود کو بچا نہ سکوگے۔
اَور اَب غُرور سے چل نہ سکوگے،
کیونکہ یہ مُصیبت کا وقت ہوگا۔
4اُس دِن لوگ تمہارا مذاق اُڑائیں گے؛
وہ اِس ماتم کے نغمہ سے تُم پر لَعن طَعن کریں گے:
’ہم بالکُل غارت ہو گئے؛
میرے لوگوں کی مِیراث تقسیم ہو گئی۔
اُس نے اُسے ہم سے جُدا کر دیا!
وہ ہمارے کھیت باغیوں کو دیتاہے۔‘ “
5اِس لیٔے یَاہوِہ کی جماعت میں کویٔی باقی نہ رہے گا
جو زمین کو قُرعہ ڈال کر بانٹے۔
جھُوٹے نبی
6”نبُوّت نہ کرو،“ اُن کے نبی کہتے ہیں۔
”اُن باتوں کے لیٔے نبُوّت نہ کرو؛
رُسوائی ہم پر نہیں آئے گی۔“
7کیا یہ کہا جائے کہ یعقوب کے گھرانے:
”کیا یَاہوِہ کی رُوح ناراض ہو گئی ہے؟
کیا وہ اَیسے ہی کام کرتے ہیں؟“
”کیا میری باتیں
راست رَو کے لیٔے مفید نہیں؟
8تھوڑی دیر پہلے میرے لوگ دُشمن کی طرح اُٹھے ہیں۔
تُم جنگ سے لَوٹنے والے
بےپروا راہ گیروں کے
نفیس لباس اُتار لیتے ہو،
9تُم میرے لوگوں کی عورتوں کو
اُن کے خُوشنما گھروں میں سے نکال دیتے ہو۔
تُم اُن کے بچّوں سے ہمیشہ کے لیٔے
میری برکتیں چھین لیتے ہو۔
10اُٹھو، چل دو!
کیونکہ یہ تمہاری آرامگاہ نہیں ہے،
یہ ناپاک ہو چُکی ہے،
اُس کی بربادی کا کویٔی علاج نہیں۔
11اگر کویٔی جھُوٹا یا دغاباز آکر کہے،
’میں تمہارے لیٔے کثرت سے شراب اَور مَے کی پیشن گوئی کروں گا،‘
تو وہ ہی اُن لوگوں کا نبی ہوگا۔
رِہائی کا وعدہ
12”اَے یعقوب، میں تُم سَب کو جمع کروں گا؛
میں اِسرائیل کے بقیّہ کو یقیناً جمع کروں گا۔
میں اُنہیں بھیڑ خانہ کی بھیڑوں کی طرح جمع کروں گا،
چراگاہ کے گلّے کی مانند جمع کروں گا؛
جگہ لوگوں سے بھر جائے گی۔
13کویٔی راستہ کھولنے والا اُن کے آگے آگے جائے گا؛
وہ پھاٹک توڑ کر باہر نکل جایٔیں گے۔
اُن کا بادشاہ یعنی یَاہوِہ،
اُن کے آگے آگے جائے گا۔“
موجودہ انتخاب:
میکاہؔ 2: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.