ناحُومؔ 1
1
1نینوہؔ کی بابت نبُوّت۔ ناحُومؔ القوشی کی رُویا کی کِتاب۔
نینوہؔ کے خِلاف یَاہوِہ کا قہر
2یَاہوِہ غیّور ہیں اَور اِنتقام لینے والے خُدا ہیں؛
یَاہوِہ اِنتقام لیتے ہیں اَور غضب سے معموُر ہیں۔
یَاہوِہ اَپنے مُخالفوں سے اِنتقام لیتے ہیں
اَور اَپنے دُشمنوں کے خِلاف اَپنے قہر کو نازل کرتے ہیں۔
3یَاہوِہ قہر کرنے میں دھیمے اَور قُوّت میں غنی ہیں؛
یَاہوِہ مُجرم کو بے سزا نہ چھوڑیں گے۔
اُن کی راہ بگُولہ اَور گِردباد میں سے ہوکر گُزرتی ہے
اَور بادل اُن کے پاؤں کی گَرد ہیں۔
4وہ سمُندر کو ڈانٹتے ہیں اَور اُسے سُکھا دیتے ہیں؛
وہ سَب دریاؤں کو سُکھا دیتے ہیں۔
باشانؔ اَور کرمِلؔ سُوکھ جاتے ہیں
اَور لبانونؔ کی کونپلیں مُرجھا جاتی ہیں۔
5اُن کے سامنے پہاڑ کانپتے ہیں
اَور ٹیلے پگھل جاتے ہیں۔
اُن کے سامنے تمام دُنیا
اَور اُن میں رہنے والے تھرتھراتے ہیں۔
6اُن کے قہر کا سامنا کون کر سکتا ہے؟
اَور کون اُن کے ہیبت ناک غضب کو برداشت کر سَکتا ہے؟
اُن کا غُصّہ آگ کی طرح نازل ہوتاہے؛
اُن کے سامنے چٹّانیں لرز جاتی ہیں۔
7یَاہوِہ بھلےہیں اَور،
مُصیبت میں پناہ گاہ ہیں۔
جو اُن پر توکّل رکھتے ہیں، وہ اُن کی فکر کرتے ہیں،
8لیکن وہ ایک بڑے سیلاب سے
نینوہؔ کو تباہ کر دیں گے؛
وہ اَپنے دُشمنوں کو تاریکی میں کھدیڑ دیں گے۔
9یَاہوِہ کے خِلاف جو بھی منصُوبہ باندھیں گے
وہ اُسے مٹا دیں گے؛
مُصیبت دوبارہ نہ آئے گی۔
10کیونکہ چاہے اُن کے دُشمن اُلجھے ہُوئے کانٹوں کی مانند پیچیدہ
اَور اَپنی مَے سے متوالے ہوں؛
تَو بھی وہ سُوکھنے کھونٹوں کی طرح جَل کر بھسم ہو جایٔیں گے۔
11اَے نینوہؔ، تُجھ میں سے ایک شخص نِکلا ہے،
جو یَاہوِہ کے خِلاف بُرے منصُوبہ باندھتا ہے
اَور بُرائی کی سازش کرتا ہے۔
12یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
اگرچہ اُن کے مددگار بے شُمار ہیں،
تو بھی وہ نِیست و نابود کر دئیے جایٔیں گے اَور وہ مِٹ جایٔیں گے۔
اَے یہُوداہؔ، اگرچہ مَیں نے تُجھے بہت ستایا ہے،
تو بھی پھر کبھی مَیں تُجھے اَور دُکھ نہ دُوں گا۔
13اَب مَیں تمہاری گردن پر رکھے اُن کا جُوا توڑ ڈالُوں گا
اَور تمہاری بِیڑیوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دُوں گا۔
14اَے نینوہؔ، تمہاری بابت یَاہوِہ نے ایک حُکم دیا ہے،
تمہاری نَسل باقی نہ رہے گی،
میں تمہاری کھودی ہُوئی مورتوں اَور ڈھالے ہُوئے بُتوں کو
جو تمہارے معبُودوں کے بُت خانوں میں رکھی ہیں، تباہ کر دُوں گا۔
چونکہ تُو نکمّا ہے،
اِس لئے میں تمہاری قبر کھودوں گا۔
15اُن پہاڑوں کی طرف نظر اُٹھاکر،
اُس کے پاؤں کو دیکھ جو خُوشخبری لاتا،
اَور سلامتی کا اعلان کرتا ہے!
اَے یہُوداہؔ، اَپنی عیدیں منا،
اَور اَپنی مَنّتیں پُوری کر۔
کیونکہ پھر بدکار تُجھ پر حملہ نہ کریں گے؛
کیونکہ وہ مُکمّل طور سے فنا کر دئیے جایٔیں گے۔
موجودہ انتخاب:
ناحُومؔ 1: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.