زبُور 107
107
پانچویں کِتاب
زبُور 107–150
زبُور 107
1یَاہوِہ کا شُکر بجا لاؤ کیونکہ وہ بھلےہیں؛
اَور اُس کی شفقت اَبد تک ہے۔
2یَاہوِہ کے چھُڑائے ہُوئے یہی کہیں۔
جنہیں اُس نے فدیہ دے کر مُخالف کے ہاتھ سے چھُڑا لیا،
3جنہیں اُس نے مُختلف مُلکوں سے،
مشرق اَور مغرب سے اَور شمال اَور جُنوب سے جمع کیا۔#107:3 زبُور 106:47
4بعض لوگ بیابانوں اَور صحراؤں میں مارے مارے پھرے،
لیکن بسنے کے لیٔے کسی شہر کی راہ نہ پائی۔
5وہ بھُوک پیاس کی وجہ سے،
مرنے کے قریب تھے۔
6تَب اَپنی مُصیبت میں اُنہُوں نے یَاہوِہ سے فریاد کی،
اَور یَاہوِہ نے اُنہیں اُن کی تکلیفوں سے رِہائی بخشی۔
7اُس نے اُنہیں سیدھی راہ پر ڈال دیا
تاکہ وہ کسی شہر میں جا کر بس جایٔیں۔
8کاش یَاہوِہ کی لافانی مَحَبّت کی خاطِر
اَور بنی آدمؔ کے کئے ہُوئے عجِیب کارناموں کے باعث لوگ اُن کا شُکر بجا لائیں،
9کیونکہ وہ پیاسوں کی پیاس بُجھاتے ہیں،
اَور اَچھّی چیزوں سے بھُوکوں کا پیٹ بھرتے ہیں۔
10کچھ لوگ اَندھیرے اَور گہری مایوسی میں،
قَیدیوں کی مانند لوہے کی زنجیروں سے جکڑے ہُوئے بیٹھے تھے،
11کیونکہ اُنہُوں نے خُدا کے کلام سے بغاوت کی
اَور خُداتعالیٰ کی مشورت کو حقیر جانا۔
12چنانچہ خُدا نے اُنہیں سخت مشقّت میں ڈالا؛
وہ ٹھوکریں کھاتے پھرے لیکن کویٔی نہ تھا جو اُن کی مدد کرتا۔
13تَب اَپنی مُصیبت میں اُنہُوں نے یَاہوِہ سے فریاد کی،
اَور یَاہوِہ نے اُنہیں اُن کی تکلیفوں سے رِہائی بخشی۔
14خُدا نے اُنہیں اَندھیرے اَور گہری مایوسی میں سے نکال لیا
اَور اُن کی زنجیریں توڑ ڈالیں۔
15کاش یَاہوِہ کی لافانی مَحَبّت کی خاطِر
اَور بنی آدمؔ کے لیٔے کئے ہُوئے
عجِیب کارناموں کے باعث لوگ اُن کا شُکر بجا لائیں،
16کیونکہ وہ پیتل کے پھاٹک توڑ دیتے
اَور لوہے کی سلاخوں کو کاٹ ڈالتے ہیں۔
17بعض لوگ اَپنی باغی روِشوں کے باعث حماقت کے شِکار ہو گئے
اَور اَپنی بدکاریوں کے باعث اَذیّت اُٹھانے لگے۔
18اُنہیں ہر قِسم کے کھانے سے نفرت ہو گئی
اَور وہ موت کے دروازوں کے نزدیک پہُنچ گیٔے۔
19تَب اَپنی مُصیبت میں اُنہُوں نے یَاہوِہ سے فریاد کی،
اَور یَاہوِہ نے اُنہیں اُن کے دُکھوں سے رِہائی بخشی۔
20اُنہُوں نے اَپنا کلام بھیجا اَور اُنہیں شفا بخشی؛
اَور اُنہیں قبر سے بچا لیا۔
21کاش یَاہوِہ کی لافانی مَحَبّت کی خاطِر
اَور بنی آدمؔ کے لیٔے کئے ہُوئے کارناموں کے باعث، لوگ اُن کا شُکر بجا لائیں۔
22وہ شُکر گُزاری کی قُربانیاں گزرانیں
اَور خُوشی کے نغمہ گاتے ہُوئے اُن کے کاموں کا بَیان کریں۔
23کچھ اَور لوگ جہازوں میں سوار ہوکر سمُندر میں گیٔے؛
وہ سوداگر تھے اَور زورآور سمُندروں میں مشغُول سفر رہے۔
24اُنہُوں نے یَاہوِہ کے کام دیکھے،
اَور اُن عجِیب و غریب کاموں کو بھی دیکھا جو وہ گہراؤ میں کرتے ہیں۔
25کیونکہ یَاہوِہ نے حُکم فرمایا اَور طُوفانی ہَوا چلنے لگی
جِس سے اُونچی اُونچی لہریں اُٹھیں،
26جِن کے باعث وہ آسمان تک بُلند ہو جاتے اَور پھر گہراؤ میں اُتر آتے؛
اَیسے خطرہ کی صورت میں اُن کے حوصلے نہایت پست ہو جاتے۔
27وہ جھومتے اَور متوالوں کی مانند لڑکھڑاتے؛
اَور اُن کی ساری حِکمت گویا جاتی رہتی۔
28تَب اَپنی مُصیبت میں اُنہُوں نے یَاہوِہ سے فریاد کی،
اَور یَاہوِہ نے اُنہیں اُن کے دُکھوں سے رِہائی بخشی۔
29یَاہوِہ نے طُوفانی ہَوا کو دھیما کر دیا؛
اَور سمُندر کی لہریں ٹھہر گئیں۔
30جَب سنّاٹا چھا گیا تو وہ خُوش ہو گئے،
اَور یَاہوِہ نے اُنہیں اُن کی بندرگاہِ مقصود تک پہُنچا دیا۔
31کاش یَاہوِہ کی لافانی مَحَبّت کی خاطِر
اَور بنی آدمؔ کے لیٔے کئے ہُوئے کارناموں کے باعث لوگ اُن کا شُکر بجا لائیں۔
32کاش وہ لوگوں کے مجمع میں اُن کی بڑائی
اَور بُزرگوں کی مجلس میں اُن کی مدح سرائی کریں۔
33خُدا نے دریاؤں کو بیابان میں بدل دیا،
اَور بہتے چشموں کو خشک زمین بنا دیا،
34اَور زرخیز زمین کو صحرائے شور کر دیا،
کیونکہ وہاں کے باشِندے بدکاری سے بھرے ہُوئے تھے۔
35یَاہوِہ نے بیابان کو جھیلوں میں بدل دیا
اَور خشک زمین کو پانی کے چشمے بنا دیا؛
36وہاں وہ بھُوکوں کو بسنے کے لیٔے لے آئے،
اَور اُنہُوں نے شہر بسایا جہاں وہ آباد ہو گئے۔
37اُنہُوں نے کھیت بوئے اَور تاکستان لگائے
جِن میں اَچھّی فصل پیدا ہُوئی؛
38یَاہوِہ نے اُنہیں برکت دی اَور اُن کی تعداد میں بہت اِضافہ ہُوا،
اَور یَاہوِہ نے اُن کے مویشیوں کی تعداد بھی کم نہ ہونے دی۔
39پھر ظُلم، مُصیبت اَور غم کے باعث،
اُن کی تعداد گھٹ گئی اَور اُنہیں پست ہونا پڑا۔
40خُدا جو اُمرا کو ذِلّت سے دوچار کرتے ہیں
اُنہُوں نے اُنہیں بے راہ ویرانہ میں بھٹکایا۔
41لیکن یَاہوِہ نے مسکینوں کو اُن کے افلاس میں سے نکال کر سرفراز کیا
اَور اُن کے خاندانوں کو گلّوں کی مانند بڑھا دیا۔
42راستباز یہ دیکھ کر خُوش ہوتے ہیں،
لیکن بدکاروں کے مُنہ پر تالا لگ جاتا ہے۔
43جو کویٔی دانا ہو وہ اِن باتوں پر دھیان دے
اَور یَاہوِہ کی شفقت و مَحَبّت پر غور کرے۔
موجودہ انتخاب:
زبُور 107: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.