زبُور 73
73
تیسری کِتاب
زبُور 73–89
زبُور 73
آسفؔ کا زبُور۔
1بے شک خُدا اِسرائیل پر،
یعنی پاک دِل والوں پر مہربان ہیں۔
2لیکن میرے پاؤں پھسلنے ہی والے تھے؛
میرے قدموں کے نیچے کی زمین گویا کھسکنے کو تھی۔
3کیونکہ جَب مَیں بدکار لوگوں کی خُوشحالی دیکھتا تھا
تو مُجھے مغروُروں پر رشک آتا تھا۔
4وہ کسی قِسم کی کشمش میں مُبتلا نہیں ہوتے؛
اَور اُن کے جِسم تندرست اَور طاقتور ہوتے ہیں۔
5وہ اُن تکلیفوں سے بَری ہوتے ہیں جو عام آدمی اُٹھاتا ہے؛
اَور اُن پر اِنسانی آفتیں نازل نہیں ہوتیں۔
6اِس لیٔے غُرور اُن کے گلے کا ہار بَن جاتا ہے؛
اَور وہ ظُلم سے مُلبّس ہو جاتے ہیں۔
7اُن کی آنکھیں چربی سے پھُولی ہُوئی ہوتی ہیں؛
اَور اُن کے بُرے تصوّرات کی کویٔی حَد نہیں ہوتی۔
8وہ ٹھٹّا مارتے ہیں اَور دُشمنی کی باتیں کرتے ہیں؛
اَور ضِد میں آکر ظُلم و سِتم کی دھمکیاں دیتے ہیں۔
9اُن کے مُنہ آسمان سے باتیں#73:9 آسمان سے باتیں خُدا کے خِلاف بولتے ہیں۔ کرتے ہیں،
اَور اُن کی زبانیں زمین پر قبضہ جتاتی ہیں۔
10اِس لیٔے خُدا کے لوگ اُن کی طرف رُجُوع ہوتے ہیں
اَور جی بھر کر پانی پیتے ہیں۔
11بدکار لوگ کہتے ہیں: ”خُدا کو کیسے مَعلُوم ہوگا؟
کیا خُداتعالیٰ کو کچھ علم ہے؟“
12بدکار لوگ اَیسے ہی ہوتے ہیں۔
وہ ہمیشہ بے فکری سے دولت جمع کرنے میں لگے رہتے ہیں۔
13مَیں نے تو خوامخواہ اَپنے دِل کو صَاف رکھا؛
اَور خوامخواہ اَپنے ہاتھ بےگُناہ رکھے۔
14میں دِن بھر آفت میں مُبتلا رہا؛
اَور ہر صُبح سزا پاتا رہا۔
15اگر مَیں کہتا کہ یُوں کہُوں گا
تو مَیں آپ کے فرزندوں کی پُشت کے ساتھ بےوفائی کرتا۔
16جَب مَیں نے یہ سَب سمجھنے کی کوشش کی،
تو یہ میرے لیٔے دشوار ثابت ہُوا
17یہاں تک کہ میں خُدا کے مَقدِس میں داخل ہُوا؛
تَب کہیں میں اُن بدکاروں کا اَنجام سمجھ سَکا۔
18یقیناً آپ نے اُنہیں پھسلنی جگہوں میں رکھا ہے؛
اَور اُنہیں گرا کر تباہ کر دیتاہے۔
19اَچانک ہی وہ کیسے تباہ ہو گئے،
اَور دہشت کے باعث بالکُل فنا ہو گئے!
20جِس طرح کویٔی جاگ اُٹھنے کے بعد
خواب کو وہم قرار دیتاہے،
اَے خُداوؔند، وَیسے ہی جَب آپ اُٹھیں گے،
تو اُن کی صورتیں حقیر جانی جایٔیں گی۔
21جَب میرا دِل رنجیدہ ہُوا
اَور میرا جگر چھِد گیا،
22میں اَپنے ہوش کھو بیٹھا اَور جاہل تھا؛
مَیں آپ کے سامنے وحشی کی مانند تھا۔
23تو بھی میں ہمیشہ آپ کے ساتھ رہُوں گا؛
آپ میرا داہنا ہاتھ پکڑکر مُجھے تھامتے ہیں۔
24آپ اَپنی مصلحت سے میری رہنمائی کرتے ہیں،
اَور تَب آخِرکار مُجھے اَپنے جلال میں قبُول فرمائیں گے۔
25آسمان پر آپ کے سِوا میرا کون ہے؟
اَور زمین پر آپ کے سِوا میں کسی کا مُشتاق نہیں۔
26خواہ میرا جِسم اَور میرا دِل جَواب دے دیں،
تو بھی خُدا ہمیشہ میرے دِل کی قُوّت
اَور میرا بَخرہ ہیں۔
27جو آپ سے دُور رہتے ہیں وہ فنا ہو جایٔیں گے؛
اَورجو آپ سے بےوفائی کرتے ہیں اُن سَب کو آپ ہلاک کر دیتے ہیں۔
28لیکن میرے لیٔے یہی بہتر ہے کہ میں خُدا کی قربت میں رہُوں،
مَیں نے یَاہوِہ قادر کو اَپنی پناہ گاہ بنا لیا ہے؛
مَیں آپ کے سَب کاموں کا بَیان کروں گا۔
موجودہ انتخاب:
زبُور 73: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.