زبُور 85
85
زبُور 85
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ بنی قورحؔ کی تصنیف ایک زبُور۔
1اَے یَاہوِہ، آپ اَپنے مُلک پر مہربان رہے ہیں؛
اَور یعقوب کی خُوشحالی بحال کر چُکے ہیں۔
2آپ نے اَپنے لوگوں کی بدکاری مُعاف کر دی ہے
اَور اُن کے تمام گُناہ ڈھانک دئیے ہیں۔
3آپ نے اَپنا سارا غضب ہٹا لیا ہے
اَور اَپنے شدید قہر سے باز آئے ہیں۔
4اَے ہمارے مُنجّی خُدا! ہمیں بحال کریں،
اَپنا غضب ہم سے دُور کریں۔
5کیا آپ سدا ہم سے خفا رہیں گے؟
کیا آپ اَپنے قہر کو پُشت در پُشت جاری رکھیں گے؟
6کیا آپ ہمیں پھر سے تازہ دَم نہ کریں گے،
تاکہ آپ کے لوگ آپ میں مسرُور ہوں؟
7اَے یَاہوِہ، آپ اَپنی لافانی مَحَبّت ہمیں دِکھائیں،
اَور ہمیں اَپنی نَجات بخشیں۔
8مَیں کان لگائے رہُوں گا کہ یَاہوِہ خُدا کیا فرماتے ہیں؛
وہ اَپنے لوگوں اَور اَپنے مُقدّسین سے سلامتی کا وعدہ کرتے ہیں۔
لیکن وہ پھر احمقانہ راہوں سے دُور رہیں۔
9یقیناً اُن کی نَجات اُن کے قریب ہے جو اُن سے ڈرتے ہیں،
تاکہ اُن کا جلال ہمارے مُلک میں بسے۔
10شفقت و مَحَبّت اَور وفاداری باہم ملتے ہیں؛
راستبازی اَور اَمن ایک دُوسرے کا بوسہ لیتے ہیں۔
11زمین سے اِنسانی وفاداری پھوٹ نکلتی ہے،
اَور خُدا کی راستبازی آسمان پر سے جھانکتی ہے۔
12بے شک یَاہوِہ اَچھّی چیز ہی عنایت کریں گے،
اَور ہماری زمین اَپنی پیداوار دے گی۔
13راستبازی یَاہوِہ کے آگے آگے چلے گی
اَور اُن کے قدموں کے لیٔے راہ تیّار کرےگی۔
موجودہ انتخاب:
زبُور 85: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.