زبُور 94
94
زبُور 94
1اَے یَاہوِہ، اَے اِنتقام لینے والے خُدا،
اَے خدائے مُنتقِم! جلوہ گِر ہوں۔
2اَے جہاں کا اِنصاف کرنے والے اُٹھیں؛
اَور مغروُروں کو بدلہ دیں جِس کے وہ مُستحق ہیں۔
3اَے یَاہوِہ، بدکار لوگ کب تک،
کب تک فخر کرتے رہیں گے؟
4وہ گھمنڈ بھری باتیں کرتے ہیں؛
سَب بد کِردار تکبُّر سے بھرے ہُوئے ہیں۔
5اَے یَاہوِہ، وہ آپ کے لوگوں کو کُچل دیتے ہیں؛
اَور آپ کی مِیراث پر ظُلم ڈھاتے ہیں۔
6وہ بِیوہ اَور پردیسی کو قتل کرتے ہیں؛
اَور یتیم کو مار ڈالتے ہیں۔
7وہ کہتے ہیں: ”یَاہوِہ نہیں دیکھتے؛
یعقوب کے خُدا خیال نہیں کرتے۔“
8اَے قوم کے نادانوں! غور کرو؛
اَے احمقو! تُمہیں کب عقل آئے گی؟
9جِس نے کان بنائے، کیا وہ خُود نہیں سُنتے؟
اَور جِس نے آنکھ بنائی، کیا وہ آپ نہیں دیکھتے؟
10کیا وہ جو قوموں کو تنبیہ کرتے ہیں، سزا نہ دیں گے؟
اَورجو اِنسانوں کو تعلیم دیتے ہیں، کیا اُن کے پاس علم کی کمی ہے؟
11یَاہوِہ اِنسانوں کے خیالات جانتے ہیں؛
اُنہیں مَعلُوم ہے کہ وہ باطِل ہیں۔
12اَے یَاہوِہ، مُبارک ہے وہ آدمی جسے آپ تنبیہ کرتے ہیں،
اَور وہ آدمی جسے آپ اَپنی آئین کی تعلیم دیتے ہیں؛
13آپ اُسے مُصیبت کے دِنوں میں آرام بخشتے ہیں،
جَب کہ بدکاروں کے لیٔے گڑھا کھودا جاتا ہے۔
14کیونکہ یَاہوِہ اَپنے لوگوں کو ترک نہ کریں گے؛
وہ اَپنی مِیراث کو چھوڑیں گے نہیں۔
15عدل کی بُنیاد پھر سے راستی پر ڈالی جائے گی،
اَور سَب راست دِل اُن کی پیروی کریں گے۔
16میری خاطِر بدکاروں کے خِلاف کون کھڑا ہوگا؟
اَور بدکرداروں کے خِلاف میری حمایت کون کرےگا؟
17اگر یَاہوِہ نے میری مدد نہ کی ہوتی،
تو میں بہت جلد عالمِ خاموشی میں جا بسا ہوتا۔
18جَب مَیں نے کہا، ”میرا پاؤں پھسل رہاہے،“
تَب اَے یَاہوِہ، آپ کی لافانی مَحَبّت نے مُجھے سنبھال لیا۔
19جَب مَیں بےحد فِکرمند تھا،
تَب آپ کی تسلّی نے میری جان کو راحت بخشی۔#94:19 2 کُرن 1:5
20کیا جِس تخت پر ظالِم حُکمراں مُسلّط ہو
اَورجو قوانین کی آڑ لے کر بُرائی کا باعث بَن جائے،
آپ سے رابطہ رکھ سَکتا ہے؟
21وہ صادقوں کے خِلاف اِکٹھّے ہو جاتے ہیں
اَور بے قُصُوروں کو سزائے موت سُناتے ہیں۔
22لیکن یَاہوِہ میرا قلعہ بَن گئے ہیں،
اَور میرے خُدا میری چٹّان؛ میں جِس میں پناہ لیتا ہُوں۔
23خُدا اُنہیں اُن کے گُناہوں کا بدلہ دیں گے،
اَور اُن کی بدکاری کے باعث اُنہیں فنا کر ڈالیں گے؛
یَاہوِہ ہمارے خُدا یقیناً اُنہیں تباہ کر ڈالیں گے۔
موجودہ انتخاب:
زبُور 94: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.