YouVersion Logo
تلاش

زبُور 97

97
زبُور 97
1یَاہوِہ سلطنت کرتے ہیں۔ زمین شادمان ہو؛
تمام جزیرے خُوشی منائیں۔
2بادل اَور گہری تاریکی اُن کے اِردگرد ہیں؛
راستی اَور اِنصاف اُن کے تخت کی بُنیاد ہیں۔
3آگ اُن کے آگے آگے چلتی ہے
اَور اُن کے مُخالفوں کو چاروں طرف بھسم کردیتی ہے۔
4اُن کی بجلی جہاں کو رَوشن کرتی ہے؛
اَور زمین دیکھ کر لرزاں ہے۔
5پہاڑ یَاہوِہ کے سامنے موم کی طرح پگھل جاتے ہیں،
یعنی ساری زمین کے یَاہوِہ کے سامنے۔
6آسمان اُن کی راستی کا اعلان کرتا ہے،
اَور سَب قومیں اُن کا جلال دیکھتی ہیں۔
7بُتوں کی پرستش کرنے والے،
اَور بُتوں پر فخر کرنے والے، سَب کے سَب شرمندہ کر دئیے گیٔے،
اَے معبُودو! یَاہوِہ کی عبادت کرو!
8اَے یَاہوِہ، صِیّونؔ سُن کر خُوش ہوتاہے،
اَور یہُوداہؔ کے دیہات آپ کے اِنصاف کے باعث شادمان ہیں۔
9کیونکہ اَے یَاہوِہ، آپ ساری زمین پر بُلند و بالا ہیں؛
آپ سَب معبُودوں سے کہیں اعلیٰ ہیں۔
10یَاہوِہ سے مَحَبّت رکھنے والے بدی سے نفرت کریں،
کیونکہ وہ اَپنے مُقدّسین کی جانوں کی حِفاظت کرتے ہیں،
اَور اُنہیں بدکار لوگ کے ہاتھ سے رِہائی بخشتے ہیں۔
11صادقوں پر رَوشنی کا ظہُور ہوتاہے
اَور راست دِلوں پر خُوشی کا۔
12اَے راستبازو، یَاہوِہ میں خُوش رہو،
اَور خُدا کے پاک نام کی سِتائش کرو۔

موجودہ انتخاب:

زبُور 97: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in