رُومیوں 9
9
اِسرائیلؔ پر پَولُسؔ کی ایزارسانی
1میں المسیؔح میں سچ کہتا ہُوں، جھُوٹ نہیں بولتا بَلکہ میرا ضمیر بھی پاک رُوح کے تابع ہوکر گواہی دیتاہے 2کہ مُجھے بڑا غم ہے اَور میرا دل ہر وقت دُکھتا رہتاہے۔ 3کاش اَیسا ہو سَکتا کہ اَپنے یہُودی بھائیوں کی خاطِر جو جِسم کے لِحاظ سے میری قوم کے لوگ ہیں، میں خُود ملعُون ہوکر المسیؔح سے محروم ہو جاتا! 4یعنی بنی اِسرائیلؔ، خُدا کے مُتَنَبّیٰ ہونے کا حق کے سبب جلال، عہد، شَریعت اَور خدمت، بیت المُقدّس میں عبادت کا شرف اَور خُدا کے وعدے بھی اُن ہی کے لیٔے ہیں۔ 5قوم کے بُزرگ اُن ہی کے ہیں اَور المسیؔح بھی جِسمانی طور پر اُن ہی کی نَسل سے تھے جو سَب سے اعلیٰ ہیں اَور اَبد تک خُدائے مُبارک ہیں۔ آمین۔
قادرمُطلق خُدا کا اِنتخاب
6اِس کا یہ مطلب نہیں کہ خُدا کا وعدہ باطِل ہو گیا کیونکہ جتنے اِسرائیلؔ کی نَسل سے ہیں وہ سَب کے سَب اِسرائیلی نہیں۔ 7اَور نہ ہی صِرف اُن کی نَسل ہونے کے باعث وہ حضرت اِبراہیمؔ کے فرزند ٹھہرے بَلکہ خُدا کا وعدہ یہ تھا، ”تمہاری نَسل کا نام اِضحاقؔ ہی سے آگے بڑھےگا۔“#9:7 پیدا 21:12 8اِس سے مُراد یہ ہے: جِسمانی طور پر پیدا ہونے والے فرزند خُدا کے فرزند نہیں بَن سکتے بَلکہ صِرف وہ جو خُدا کے وعدہ کے مُطابق پیدا ہویٔے ہیں، حضرت اِبراہیمؔ کی نَسل شُمار کیٔے جاتے ہیں۔ 9کیونکہ وعدہ کا قول یُوں ہے: ”میں مُقرّرہ وقت پر پھر واپس آؤں گا، اَور سارہؔ کے ہاں بیٹا ہوگا۔“#9:9 پیدا 18:10،14
10صِرف یہی نہیں بَلکہ رِبقہؔ کے بچّے بھی ہمارے آباؤاَجداد اِضحاقؔ ہی کے تُخم سے تھے۔ 11اَور ابھی نہ تو اُن کے جُڑواں لڑکے پیدا ہویٔے تھے اَور نہ ہی اُنہُوں نے کچھ نیکی یا بدی کی تھی کہ خُدا نے اَپنے مقصد کو پُورا کرنے کے لیٔے اُن میں سے ایک کو چُن لیا۔ 12خُدا کا یہ فیصلہ اُن کے اعمال کی بِنا پر نہ تھا بَلکہ بُلانے والے کی اَپنی مرضی پر تھا۔ اِسی لئے رِبقہؔ سے کہا گیا، ”بڑا چھوٹے کی خدمت کرے گا۔“#9:12 پیدا 25:23 13جَیسا کہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”میں نے یعقوب سے مَحَبّت رکھی مگر عیسَوؔ سے عداوت۔“#9:13 ملاکی 1:2،3
14تو پھر ہم کیا کہیں؟ کیا یہ کہ خُدا کے ہاں ناانصافی ہے؟ ہر گز نہیں! 15کیونکہ خُدا حضرت مُوسیٰ سے فرماتا ہے،
”جِس پر مُجھے رحم کرنا منظُور ہوگا اُس پر رحم کروں گا،
اَور جِس پر ترس کھانا منظُور ہوگا اُس پر ترس کھاؤں گا۔“#9:15 خُرو 33:19
16لہٰذا یہ نہ تو آدمی کی خواہش یا اُس کی جدّوجہد پر بَلکہ خُدا کے رحم پر مُنحصر ہے۔ 17اِسی لیٔے کِتاب مُقدّس میں فرعونؔ سے کہا گیا ہے: ”میں نے تُجھے اِس لیٔے برپا کیا ہے کہ تیرے خِلاف اَپنی قُدرت ظاہر کروں اَور ساری زمین میں میرا نام مشہُور ہو جائے۔“#9:17 خُرو 9:16 18پس خُدا جِس پر رحم کرنا چاہتاہے، رحم کرتا ہے اَور جِس پر سختی کرنا چاہتاہے اُس کا دل سخت کردیتاہے۔
19شاید تُم میں سے کویٔی مُجھ سے یہ پُوچھے: ”اگر یہ بات ہے تو خُدا اِنسان کو کیوں قُصُوروار ٹھہراتا ہے؟ کون اُس کی مرضی کے خِلاف کھڑا ہو سَکتا ہے؟“ 20لیکن اَے اِنسان! تُم کِس مُنہ سے خُدا کو جَواب دیتے ہو؟ ”کیا بنائی ہویٔی شَے اَپنے بنانے والے سے کہہ سکتی ہے کہ تُم نے مُجھے اَیسا کیوں بنایا؟“#9:20 یسع 29:16 21کیا کُمہار کو مِٹّی پر اِختیّار نہیں کہ ایک ہی لَوندے میں سے ایک برتن تو خاص مَوقعوں پر اِستعمال کیٔے جانے کے لیٔے بنائے اَور دُوسرا عام اِستعمال کے لیٔے۔
22اگر خُدا نے بھی اَیسا کیا تو تعجُّب کی کون سِی بات ہے؟ خُدا اَپنے غضب اَور اَپنی قُدرت کو ظاہر کرنے کے اِرادے سے غضب کے برتنوں کو جو ہلاکت کے لیٔے تیّار کیٔے گیٔے تھے، نہایت صبر سے برداشت کرتا رہے۔ 23اَور یہ اِس لیٔے ہُوا کہ خُدا اَپنے جلال کی دولت رحم کے برتنوں پر ظاہر کرے جنہیں خُدا نے اَپنے جلال کے لیٔے پہلے ہی سے تیّار کیا ہُوا تھا۔ 24یعنی ہم پر جنہیں اُس نے نہ فقط یہُودیوں میں سے بَلکہ غَیریہُودیوں میں سے بھی بُلایا۔ 25ہوسیعؔ نبی کی کِتاب میں بھی خُدا یہی فرماتا ہے:
”جو ’میری اُمّت‘ نہ تھی اُسے میں اَپنی اُمّت بنا لُوں گا؛
اَورجو میری محبُوبہ نہ تھی اُسے اَپنی محبُوبہ کہُوں گا،“#9:25 ہوس 2:23
26اَور،
”جِس جگہ اُن سے یہ کہا گیا تھا،
’تُم میری اُمّت نہیں ہو،‘
اُسی جگہ اُنہیں ’زندہ خُدا کے فرزند کہا جائے گا۔‘ “#9:26 ہوس 1:10
27اَور یسعیاؔہ نبی بھی اِسرائیلؔ کے بارے میں پُکار کر فرماتے ہیں:
”اگرچہ بنی اِسرائیلؔ کی تعداد سمُندر کی ریت کے ذرّوں کے بَرابر ہوگی،
تو بھی اُن میں سے تھوڑے ہی بچیں گے۔
28کیونکہ خُداوؔند زمین پر
اَپنے فیصلہ کو نہایت تیزی کے ساتھ عَمل میں لایٔے گا۔“#9:28 یسع 10:22،23
29چنانچہ جَیسا کہ حضرت یسعیاؔہ نبی نے پیشین گوئی کی ہے:
”اگرچہ لشکروں کا خُداوؔند
ہماری نَسل کو باقی نہ رہنے دیتا،
تو ہم سدُومؔ کی مانند
اَور عمُورہؔ#9:29 سدُومؔ اَور عمُورہؔ شہر تھے جو خُداوند نے اُن کی بُرائی کی وجہ سے تباہ کردیئے، دیکھیں پیدا 18:20؛ 19:24-25 کی مانند ہو جاتے۔“#9:29 یسع 1:9
اِسرائیلؔ کی بے اِعتقادی
30پس ہم کیا کہیں؟ یہ کہ غَیریہُودی جو راستبازی کے طالب نہ تھے، ایمان لاکر راستبازی حاصل کرچُکے، یعنی وہ راستبازی جو ایمان کے سبب سے ہے۔ 31لیکن اِسرائیلؔ جو راستبازی کی شَریعت کا طالب تھا، اُس شَریعت تک نہ پہنچا۔ 32کیوں؟ اِس لیٔے کہ اُنہُوں نے ایمان سے نہیں بَلکہ اعمال کے ذریعہ اُسے حاصل کرنا چاہا اَور ٹھوکر لگنے والے پتّھر سے ٹھوکر کھائی۔ 33جَیسا کہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے:
”دیکھو، میں صِیّونؔ میں ایک ٹھیس لگنے کا پتّھر رکھتا ہُوں جِس سے لوگ ٹھوکر کھایٔیں گے
اَور ٹھوکر کھانے کی چٹّان جو اُن کے گِرنے کا باعث ہوگی،
مگر جو کویٔی اُس پر ایمان لایٔے گا وہ کبھی شرمندہ نہ ہوگا۔“#9:33 یسع 8:14؛ 28:16
موجودہ انتخاب:
رُومیوں 9: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.