خداوند میرا مدد گا رنمونہ

تیسرا دن: جب خدا ہماری مدد کا سرچشمہ ہو…
"میں اپنی آنکھیں پہاڑوں کی طرف اُٹھاتا ہوں—
میری مدد کہاں سے آئے گی؟
میری مدد خداوند کی طرف سے ہے،
جو آسمان اور زمین کا خالق ہے۔"
(زبُور 121:1-2)
13 ستمبر کی شام کا وہ لمحہ کبھی نہیں بھولوں گی۔
فون پر ایک کال آئی اور خبر ملی کہ میرے سب سے بڑے بھائی کا شدید ایکسیڈنٹ ہوا ہے،
اور ان کے سر پر گہری چوٹ آئی ہے۔
وہ اسپتال کے آئی سی یو میں نازک حالت میں ہیں۔
یہ خبر سن کر میرے پیروں تلے زمین نکل گئی۔
پورا خاندان صدمے میں تھا، اور آنکھوں سے آنسوؤں کا سیلاب تھا۔
ہم اپنے بھائی سے چار گھنٹے کے فاصلے پر تھے،
اور فوراً اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئے۔
وہ سفر ہمارے لیے کڑا امتحان تھا—
خوف، بے یقینی، اور درد سے بھرا ہوا۔
لیکن اسی لمحے میرے والد صاحب نے کہا:
"میرا خدا، جس کی میں عبادت کرتا ہوں،
کبھی مجھے مایوس نہیں کرے گا۔"
ان کے الفاظ نے ہمیں سکون دیا،
ہم سب نے رو رو کر خدا کے حضور دعا کی،
اور جب ہم اسپتال پہنچے تو بھائی کو خون میں ڈوبا دیکھ کر
ہماری حالت غیر ہوگئی۔
لیکن وہ لمحہ تھا جب خدا کی مدد ہمیں محسوس ہوئی۔
زبُور 46:1 میں لکھا ہے:
"خدا ہماری پناہ اور قوت ہے،
مُصیبت میں مُستعِد مدد گار۔"
ڈاکٹروں کی طرف سے مسلسل مایوس کن خبریں آ رہی تھیں۔
وہ کہہ رہے تھے کہ صرف چند گھنٹے باقی ہیں،
اور اب بس یہ دیکھنا تھا کہ وہ کتنی دیر تک زندہ رہتے ہیں۔
ڈاکٹروں کی باتوں نے ہمارے دلوں کو ٹوٹنے کے قریب پہنچا دیا،
لیکن ہمارا خدا، جو ہمارا سچا مددگار ہے،
وہ ہمارے ساتھ تھا۔
میرے بھائی کی دو بڑی سرجریاں ہوئیں،
اور وہ دو مہینوں تک کوما میں رہے۔
لیکن، میرے عزیز دوستوں،
خدا نے ہمیں کبھی تنہا نہ چھوڑا،
اور نہ ہی اُس نے میرے بھائی کو تنہا چھوڑا۔
ہر دن، ہر لمحہ،
خدا نے ہمارے بھائی کو سہارا دیا۔
اور ہر دن اس کے لیے بہتری کا دن ثابت ہوا۔
آج میرے بھائی ہمارے ساتھ ہیں،
وہی بھائی جن کے بارے میں ڈاکٹرز نے کہا تھا کہ وہ زندہ نہیں بچیں گے۔
لیکن خدا نے اپنی قوت کا ہاتھ بڑھا کر
انہیں نئی زندگی بخشی۔
آج وہ خدا کی خدمت کر رہے ہیں،
اور ہم سب اُسے شکر گزار ہیں کہ
اس نے نہ صرف ہمیں اس امتحان میں سہارا دیا،
بلکہ ہمارے بھائی کو بچا لیا۔
دوستو،
یقیناً، میری مدد خداوند کی طرف سے ہے،
جو آسمان اور زمین کا خالق ہے۔
اور جب بھی آپ کو لگے کہ حالات آپ کے قابو سے باہر ہیں،
یاد رکھیں کہ ہمارا خدا ہمیشہ ہمارا مددگار ہے،
اور اُس کی قوت اور محبت سے ہم کبھی تنہا نہیں ہوتے۔
– صبا ہارون
کلام
مطالعاتی منصوبہ کا تعارف

خدا ہمیشہ ہماری مدد کے لئے موجود ہے، چاہے حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں۔ اس پلان میں ہم خدا کی مدد اور اس کی حضوری کو اپنی زندگی میں محسوس کرنے کے مختلف طریقے دریافت کریں گے، تاکہ ہمارے ایمان کو تقویت ملے اور ہم اپنی مشکلات میں پُرامیدی اور بھروسہ پیدا کر سکیں۔
More
یہ منصوبہ فراہم کرنے کے لیے ہم Jesus.net - Urdu کا شکریہ ادا کرنا چاہیں گے۔ مزید معلومات کے لیے، براہ کرم ملاحظہ کریں: https://jesus.net/miracle