یَشعیاہ 42
42
یَاہوِہ کے خادِم
1”دیکھو میرا خادِم جسے میں سنبھالتا ہُوں،
میرا برگُزیدہ، جِس سے میرا دِل خُوش ہے؛
مَیں اَپنی رُوح اُس پر ڈالُوں گا،
اَور وہ تمام قوموں کی صداقت کے ساتھ اِنصاف کرےگا۔
2وہ نہ چِلّایٔے گا نہ پُکارے گا،
نہ بازاروں میں اَپنی آواز بُلند کرےگا۔
3وہ کُچلے ہُوئے سَرکنڈے کو نہ توڑے گا،
نہ ٹمٹماتے ہُوئے دئیے کو بُجھائے گا۔
وہ سچّائی سے عدالت کرےگا؛
4نہ وہ پس و پیش کرےگا نہ ہمّت ہارے گا
جَب تک کہ وہ زمین پر اِنصاف قائِم نہ کر لے۔
جزیروں کی اُمّید اُس کی تعلیمات شَریعت میں ہوگی۔“
5یَاہوِہ خُدا یُوں فرماتے ہیں۔
جِس نے آسمان پیدا کیا، اَور اُنہیں تان دیا،
جِس نے زمین کو اَورجو کچھ اُس میں سے نکلتا ہے اُسے پھیلایا،
جو اُس کے باشِندوں کو سانس،
اَور اُس پر چلنے والوں کو زندگی دیتاہے:
6”میں ہی، یَاہوِہ ہوں، جِس نے تُجھے راستی سے بُلایا ہے؛
مَیں تیرا ہاتھ تھام لُوں گا۔
مَیں تیری حِفاظت کروں گا
اَور تُجھے لوگوں کے لیٔے عہد
اَور غَیریہُودیوں کے لیٔے نُور ٹھہراؤں گا،
7تاکہ تُو اَندھی آنکھیں کھولے،
قَیدیوں کو قَیدخانہ کی کوٹھری سے آزاد کرے
اَورجو اَندھیرے میں بیٹھے ہُوں اُنہیں تہہ خانہ سے نکالے۔
8”یَاہوِہ میں ہُوں؛ یہی میرا نام ہے!
میں اَپنا جلال کسی اَور کو نہ دُوں گا
نہ اَپنی حَمد کو بُتوں کے لیٔے روا رکھوں گا۔
9دیکھو، پُرانی باتیں پُوری ہو چُکی ہیں،
اَور اَب مَیں نئی باتیں بتاتا ہُوں؛
اِس سے قبل کہ وہ وقوع میں آئیں
مَیں تُمہیں بتائے دیتا ہُوں۔“
یَاہوِہ کی سِتائش کا نغمہ
10اَے سمُندر پر سے گزرنے والو اَورجو کچھ اُس میں ہے،
اَے جزیروں، اَور اُس میں بسنے والو سَب لوگو،
یَاہوِہ کے لیٔے نیا نغمہ گاؤ،
زمین کی اِنتہا سے اُس کی حَمد کرو۔
11بیابان اَور اُس کی بستیاں اَپنی آواز بُلند کریں؛
قیدارؔ کے آباد گاؤں خُوش رہو۔
سیلاؔ کے رہنے والے خُوشی سے گائیں؛
وہ پہاڑوں کی چوٹیوں پر سے للکاریں۔
12وہ یَاہوِہ کا جلال ظاہر کریں
اَور جزیروں میں اُس کی حَمد گائیں۔
13یَاہوِہ ایک بہادر کی مانند نکل پڑیں گے
اَور ایک جنگجو سپاہی کی طرح اَپنی غیرت دِکھائیں گے؛
ایک للکار کے ساتھ وہ جنگ کا نعرہ بُلند کریں گے
اَور اَپنے دُشمنوں پر فتحیاب ہوں گے۔
14مَیں کافی عرصہ سے چُپ رہا ہُوں،
مَیں خاموش رہا اَور ضَبط سے کام لیتا رہا۔
لیکن اَب ایک زچّہ کی مانند،
میں چِلّاؤں گا، ہانپُوں گا اَور نالہ کروں گا۔
15میں پہاڑوں اَور ٹیلوں کو ویران کردوُں گا
اَور اُن کی تمام ہریالی کو خشک کردوُں گا؛
میں دریاؤں کو جزیرے بنا دُوں گا
اَور تالابوں کو خشک کر دُوں گا۔
16میں اَندھوں کو اُن راہوں سے لے چلُوں گا جِن سے وہ آگاہ نہیں،
اَور اَنجانے راستوں پر اُن کی رہنمائی کروں گا؛
میں اُن کے آگے تاریکی کو رَوشنی میں بدل دُوں گا
اَور ناہموار جگہوں کو ہموار کر دُوں گا۔
یہ ہیں وہ کام جو میں کروں گا؛
میں اُنہیں ترک نہ کروں گا۔
17لیکن جو مُورتوں پر توکّل رکھتے ہیں،
اَور تراشے ہُوئے بُتوں سے کہتے ہیں کہ، تُم ہمارے معبُود ہو،
اُنہیں نہایت شرمندہ کرکے پیچھے ہٹا دیا جائے گا۔
اَندھا اَور بہرا اِسرائیل
18”اَے بہرو سُنو؛
اَے اَندھو، آنکھیں کھولو اَور دیکھو!
19میرے خادِم کے سِوا کون اَندھا ہے،
اَور کون میرے پیغمبر کی طرح بہرہ ہے؟
میرے بندہ کی مانند کون نابینا ہے،
یَاہوِہ کے خادِم کی مانند اَندھا کون ہے؟
20تُم نے بہت سِی چیزیں دیکھیں، لیکن دھیان نہیں دیا؛
تمہارے کان تو کھُلے ہیں، پر تُم کچھ نہیں سُنتے۔“
21یَاہوِہ کو پسند آیا
کہ اَپنی راستی کی خاطِر
وہ اَپنے آئین کو عظیم اَور جلالی بنائے۔
22لیکن یہ وہ لوگ ہیں جو تباہ ہُوئے اَور لُٹ گیٔے،
یہ سَب کے سَب گڑھے میں ڈالے گیٔے
یا قَیدخانوں میں بند کر دئیے گیٔے۔
وہ مالِ غنیمت بَن گیٔے ہیں،
اَور اُنہیں چھُڑانے والا کویٔی نہیں؛
وہ لُوٹ کا مال بَن گیٔے ہیں،
لیکن کویٔی یہ کہنے والا نہیں، ”کہ اُنہیں واپس کرو۔“
23تُم میں سے کون اِس پر کان لگائے گا
یا آنے والے دِنوں کے بارے میں خُوب توجّہ سے سُنے گا؟
24کس نے یعقوب کو لُٹوایا،
اَور اِسرائیل کو لُٹیروں کے حوالہ کیا؟
کیا وہ یَاہوِہ نہ تھے،
جِس کے خِلاف ہم نے گُناہ کیا؟
کیونکہ اُنہُوں نے اُن کی راہوں پر چلنا نہ چاہا؛
اَور نہ وہ اُس کے آئین کے تابع ہُوئے۔
25اِس لیٔے اُس نے اُن پر اَپنے قہر کی آگ نازل کی،
اَور جنگ میں شِدّت پیدا کر دی۔
شُعلوں نے اُنہیں چاروں طرف سے گھیرلیا پھر بھی وہ سمجھ نہ پایٔے؛
وہ جلنے لگے لیکن پھر بھی اُن پر کویٔی اثر نہ ہُوا۔
موجودہ انتخاب:
یَشعیاہ 42: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.