یَشعیاہ 41
41
اِسرائیل کا مددگار
1”اَے جزیروں، میرے حُضُور خاموش رہو!
قوموں کو اَز سرِ نَو قُوّت حاصل کرنے دو!
اُنہیں آگے آکر بولنے دو؛
آؤ ہم عدالت کی جگہ اِکٹھّے ہوکر ملیں۔
2”کس نے اُسے مشرق سے اُکسایا،
جسے وہ راستی سے اَپنی خدمت میں بُلاتے ہیں؟
وہ قوموں کو اُس کے حوالہ کرتے ہیں
اَور بادشاہوں کو اُن کے زیرِ فرمان کرتے ہیں۔
اَپنی تلوار سے وہ اُنہیں خاک کی طرح،
اَور اَپنی کمان سے اُنہیں اُڑتے ہُوئے بھُوسے کی مانند کر دیتے ہیں۔
3وہ اُن کا تعاقب کرتے ہیں،
اَور اَیسی راہ سے جِس پر اُس نے پہلے قدم نہ رکھا تھا، بغیر زخموں سلامتی کے ساتھ آگے بڑھتا ہے۔
4یہ کس نے کیا ہے اَور اُسے کس نے آگے بڑھایا ہے،
شروع سے ہی نَسلوں کو آگے بڑھایا ہے؟
مَیں، اُن میں اوّل
اَور آخِر، مَیں وُہی یَاہوِہ ہُوں۔“
5جزیروں نے اُسے دیکھ لیا اَور وہ خوفزدہ ہیں؛
ساری زمین پر کپکپی طاری ہے۔
وہ بڑھ کر سامنے چلے آتے ہیں؛
6وہ ایک دُوسرے کی مدد کرتے ہیں
اَور ہر بھایٔی اَپنے بھایٔی سے کہتاہے، ”حوصلہ رکھ!“
7دستکار سُنار کی ہمّت اَفزائی کرتا ہے،
اَور وہ جو ہتھوڑے سے ہموار کرتا ہے
دھات کے ڈھالنے والے کو یہ کہہ کر ہمّت دِلاتا ہے،
”بہت اَچھّا ہے۔“
پھر وہ میخیں ٹھونک کر بُت کو مضبُوط کر دیتاہے
تاکہ وہ ڈگمگا کر گِرنے نہ پایٔے۔
8”پر تُم، اَے اِسرائیل، میرے خادِم،
اَے یعقوب، جسے مَیں نے چُنا،
میرے دوست اَبراہامؔ کی نَسل سے ہے،
9مَیں نے تُجھے زمین کی اِنتہا سے طلب کیا،
اَور اُس کے دُور دراز کے کونوں سے بُلایا۔
اَور کہا، ’تُو میرا خادِم ہے‘؛
مَیں نے تُجھے چُن لیا اَور مُسترد نہیں کیا۔
10اِس لیٔے تُو ڈر مت، کیونکہ مَیں تیرے ساتھ ہُوں؛
ہِراساں مت ہو، کیونکہ مَیں تیرا خُدا ہُوں۔
مَیں تُجھے تقویّت دُوں گا اَور تیری مدد کروں گا؛
اَور اَپنی صداقت کے داہنے ہاتھ سے تُجھے سنبھالے رہُوں گا۔
11”وہ سَب جو تُجھ پر غضبناک ہیں
یقیناً پشیمان اَور رُسوا ہوں گے؛
جو تیری مُخالفت کرتے ہیں
ناچیز ہوں گے اَور مِٹ جایٔیں گے۔
12حالانکہ تُو اَپنے دُشمنوں کو ڈھونڈے گا،
تُو اُنہیں نہیں پایٔےگا۔
جو تُجھ سے جنگ کرتے ہیں
وہ ناچیز ہوکر مِٹ جایٔیں گے۔
13کیونکہ مَیں یَاہوِہ، تیرا خُدا ہُوں،
جو تیرا داہنا ہاتھ تھامتا ہے
اَور تُجھ سے کہتاہے، ڈر مت؛
مَیں تیری مدد کروں گا۔
14اَے کیڑے یعقوب ڈر مت،
اَور اَے چُھوٹی سِی جماعت اِسرائیل ڈر مت،
کیونکہ مَیں خُود ہی تیری مدد کروں گا،“
یَاہوِہ فرماتے ہیں تیرا نَجات دِہندہ جو اِسرائیل کا قُدُّوس ہے۔
15دیکھ، مَیں تُجھے ایک نیا تیز اَور دندانہ دار
گاہنے کا اوزار بناؤں گا۔
تُو پہاڑوں کو کُوٹ کر ریزہ ریزہ کرےگا،
اَور پہاڑیوں کو بھُوسے کی مانند بنادے گا۔
16تُو اُنہیں پھٹکے گا اَور ایک تُند ہَوا اُنہیں اُڑا لے جائے گی،
اَور بگُولہ اُنہیں تِتّر بِتّر کر دے گا۔
لیکن تُو یَاہوِہ میں شادمان ہوگا
اَور اِسرائیل کے قُدُّوس پر فخر کرےگا۔
17”مسکین اَور مُحتاج پانی کی کھوج میں ہیں،
پر وہ ملتا نہیں؛
اُن کی زبانیں پیاس سے خشک ہو چُکی ہیں۔
لیکن مَیں یَاہوِہ اُن کی سُنوں گا؛
میں اِسرائیل کا خُدا اُنہیں ترک نہ کروں گا۔
18میں بنجر ٹیلوں پر ندیاں بہاؤں گا،
اَور وادیوں میں چشمے جاری کروں گا۔
میں صحرا کو پانی کے تالاب میں
اَور خشک زمین کو چشموں میں بدل دُوں گا۔
19میں بنجر زمین میں
دیودار اَور کیکر اَور مہندی اَور زَیتُون کے درخت اُگاؤں گا۔
اَور صحرا میں چیڑ
اَور سَرو اَور صنوبر اِکٹھّے لگاؤں گا،
20تاکہ لوگ دیکھیں اَور جانیں،
غور کریں اَور سمجھیں،
کہ یہ یَاہوِہ کے ہاتھ کا کام ہے،
اَور اِسرائیل کے قُدُّوس کا اِنتظام ہے۔
21”اَپنا مُقدّمہ پیش کرو،“
یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے،
”اَپنی دلیلیں واضح کرو۔“
یہ یعقوب کے بادشاہ کا فرمان ہے۔
22”اَپنے بُتوں کو لاؤ تاکہ وہ ہمیں بتائیں
کہ کیا ہونے والا ہے۔
ہمیں بتائیں کہ پہلی چیزیں کیا تھیں،
تاکہ ہم اُن پر غور کریں
اَور اُن کا اَنجام جانیں۔
یا آئندہ کو ہونے والی باتوں سے ہمیں آگاہ کرو،
23ہمیں بتاؤ کہ آئندہ کیا ہوگا،
تاکہ ہم جانیں کہ تُم معبُود ہو۔
چاہے بھلا یا بُرا، کچھ تو کرو
تاکہ ہم سَب اُسے دیکھ کر ڈر جایٔیں۔
24لیکن تُم تو خُود بھی نکمّے ہو
اَور تمہارے کام بھی بالکُل فُضول ہیں؛
اَورجو تُمہیں پسند کرتا ہے وہ مکرُوہ ہے۔
25”مَیں نے شمال سے ایک کو اُکسایا ہے اَور وہ آ بھی پہُنچا۔
وہ آفتاب کے مطلع (مشرق) سے آیا ہے اَور میرا نام لیتا ہے۔
جِس طرح کُمہار گیلی مٹّی کو روندتا ہے،
اُسی طرح وہ حُکمرانوں کو گارے کی مانند روندتا ہے۔
26کس نے یہ بات پہلے سے بتا دی تھی تاکہ ہم جان لیں،
کس نے پہلے سے یہ آشکار کر دیا تھا تاکہ ہم کہہ سکیں ’وہ سچ کہہ رہاتھا‘؟
لیکن کویٔی خبر دینے والا نہیں،
کویٔی سُنانے والا نہیں،
کویٔی نہیں تھا جو تمہاری باتیں سُنتا۔
27میں ہی نے پہلے صِیّونؔ سے کہا: ’دیکھ، اُن باتوں کو ہوتا دیکھ!‘
مَیں نے یروشلیمؔ کو ایک مُبشَّر بخشا جو خُوشخبری دیں۔
28لیکن مَیں نے دیکھا تو وہاں کسی کو نہ پایا۔
اُن کے معبُودوں میں مُشیر تو کویٔی بھی نہیں تھا،
نہ ہی کویٔی ہے جو پُوچھنے پر جَواب دے سکے۔
29دیکھ وہ سَب جھُوٹے ہیں!
اُن کے کام ہیچ ہیں؛
اَور اُن کے ڈھالے ہُوئے بُت صرف ہَوا اَور الجھن ہیں۔
موجودہ انتخاب:
یَشعیاہ 41: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.