YouVersion Logo
تلاش

یَشعیاہ 43

43
اِسرائیل کا واحد مُنجّی
1لیکن اَب اَے یعقوب،
اَور اَے اِسرائیل، جِس نے تُمہیں پیدا کیا
تمہارا خالق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
”خوف نہ کر کیونکہ مَیں نے تیرا فدیہ دیا ہے؛
اَور مَیں نے تُجھے تیرا نام لے کر بُلایا ہے؛ تُم میرا ہو۔
2جَب تُم پانی میں سے ہوکر گزرے گا،
تو مَیں تمہارے ساتھ ساتھ رہُوں گا؛
اَور جَب تُو دریاؤں کو پار کرےگا،
وہ تُجھے بہا نہ لے جایٔیں گی۔
اَور جَب تُو آگ میں سے چلے گا،
تَب تُجھے آنچ نہ لگے گی؛
اَور شُعلے تُجھے نہ جَلائیں گے۔
3کیونکہ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں،
اِسرائیل کا قُدُّوس، تمہارا مُنجّی؛
مَیں نے مِصر کو تمہارے فدیہ میں،
اَور کُوشؔ اَور سیبا کو تمہارے بدلے میں دیا۔
4چونکہ تُم میری نگاہ میں بیش قیمت اَور محترم ٹھہرے،
اَور چونکہ مَیں نے تُجھ سے مَحَبّت رکھی،
اِس لیٔے مَیں تمہارے بدلے میں دُوسرے آدمیوں کو،
اَور تمہاری جان کے عوض میں مُختلف اُمّتوں کو دے دُوں گا۔
5تُم خوف نہ کرو کیونکہ مَیں تمہارے ساتھ ہُوں؛
میں تمہاری اَولاد کو مشرق سے لے آؤں گا
اَور مغرب سے بھی تُجھے فراہم کروں گا۔
6مَیں شمال کی طرف کہُوں گا، ’اُنہیں چھوڑ دو!‘
اَور جُنوب کی طرف، ’اُن کو نہ روکو۔‘
میرے بیٹوں کو دُور سے
اَور میری بیٹیوں کو زمین کی اِنتہا سے لے آؤ۔
7ہر ایک کو جو میرے نام سے پُکارا جاتا ہے،
جسے مَیں نے اَپنے جلال کے لیٔے پیدا کیا،
اَور جسے مَیں نے صورت دی اَور بنایا۔“
8جو آنکھیں رکھتے ہُوئے بھی اَندھے ہیں،
اَور کان رکھتے ہُوئے بھی بہرے ہیں، اُنہیں نکال لاؤ۔
9تمام قومیں جمع ہو جایٔیں
اَور سَب اُمّتیں جمع ہُوں۔
اُن میں سے کس نے یہ نبُوّت کی
یا پچھلی باتیں ہمیں بتائیں؟
وہ اَپنی سچّائی کے ثبوت میں اَپنے گواہ لے آئیں،
تاکہ اَور لوگ سُنیں اَور کہیں، ”ہاں یہ حق ہے۔“
10یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”تُم میرے گواہ ہو،
اَور میرا خادِم جسے مَیں نے اِس لیٔے چُناہے،
کہ تُم جانو اَور مُجھ پر یقین کرو
اَور سمجھو کہ میں وُہی ہُوں۔
مُجھ سے پہلے کویٔی خُدا نہ ہُوا،
اَور نہ میرے بعد بھی کویٔی ہوگا۔
11مَیں ہی یَاہوِہ ہُوں،
اَور میرے سِوا کویٔی مُنجّی نہیں۔
12مَیں نے ہی ظاہر کیا، نَجات بخشی اَور اعلان کیا۔
صِرف مَیں نے، نہ کہ تُم میں سے کسی غَیر معبُود نے۔
تُم میرے گواہ ہو،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”مَیں ہی خُدا ہُوں۔
13ہاں، ہمیشہ سے مَیں ہی خُدا ہُوں۔
میرے ہاتھ سے کویٔی چھُڑانے والا نہیں۔
جَب مَیں کویٔی کام کرتا ہُوں تو اُسے کویٔی نہیں بدل سَکتا؟“
خُدا کا فضل اَور اِسرائیل کی بےوفائی
14یَاہوِہ، تمہارا نَجات دِہندہ اَور اِسرائیل کا قُدُّوس
یُوں فرماتے ہیں:
”تمہاری خاطِر میں بابیل سے مدد بھیجوں گا
اَور وہاں کے تمام باشِندوں کو جنہیں اَپنے جہازوں پر ناز تھا،
بھگوڑوں کی حالت میں لے آؤں گا۔
15مَیں یَاہوِہ ہُوں، تمہارا قُدُّوس،
اِسرائیل کا خالق اَور تمہارا بادشاہ۔“
16یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں۔
جِس نے زورآور سمُندر میں راہ تیّار کی،
اَور سیلاب میں سے گُذرگاہ بنائی،
17جو رتھوں اَور گھوڑوں کو،
اَور لشکر اَور بہادروں کو باہم نکال لایٔے،
اَور وہ وہیں ڈھیر ہو گئے اَور پھر کبھی نہیں اُٹھ پائیں گے،
وہ ایک بتّی کی طرح پھُونک سے بُجھا دئیے گیٔے۔
18”پُرانی باتیں یاد نہ کرو؛
اَور ماضی پر غور نہ کرو۔
19دیکھو، مَیں ایک نیا کام کر رہا ہُوں!
وہ اَب ظہُور میں آنے کو ہے، کیا تُم اُسے جانوگے نہیں؟
میں بیابان میں ایک راہ نکال رہا ہُوں
اَور بنجر زمین میں ندیاں جاری کر رہا ہُوں۔
20جنگلی جانور، گیدڑ اَور اُلّو،
میری تعظیم کرتے ہیں،
کیونکہ مَیں بنجر میں پانی مُہیّا کرتا ہُوں
اَور صحرا میں ندیاں جاری کرتا ہُوں،
تاکہ میری اُمّت کے لیٔے،
میری مُنتخب اُمّت کے لیٔے پینے کو پانی ہو،
21اَور وہ اَیسی اُمّت جنہیں مَیں نے اَپنے لیٔے بنایا
تاکہ میری حَمد کریں۔
22”تو بھی اَے یعقوب، تُم نے مُجھے نہ پُکارا، اَے اِسرائیل،
تُم نے میرے لیٔے اَپنے آپ کو نہیں تھکایا۔
بَلکہ اَے اِسرائیل، تُم مُجھ سے عاجز آ گئے۔
23تُم سوختنی نذروں کے لیٔے میرے حُضُور برّے نہ لائے،
اَور نہ ہی ذبیحوں سے میری تعظیم کی۔
مَیں نے تُجھ پر نذر کی قُربانیاں گذراننے کا بار نہ ڈالا
نہ ہی بخُور طلب کرکے تُجھے تکلیف دی۔
24تُم نے میرے لیٔے کویٔی خُوشبودار مَسالہ نہیں خریدا،
اَور نہ اَپنے ذبیحوں کی چربی مُجھ پر نذر کی۔
لیکن تُم نے اَپنے گُناہوں کا بار مُجھ پر لاد دیا ہے
اَور اَپنی خطاؤں سے مُجھے تھکا دیا ہے۔
25”میں ہی وہ ہُوں جو خُود اَپنی خاطِر
تمہاری خطاؤں کو مٹا دیتا ہُوں،
اَور تمہارے گُناہوں کو پھر کبھی یاد نہیں کروں گا۔
26مُجھے یاد دِلا،
آؤ ہم آپَس میں بحث کریں؛
اَور تُم اَپنی بےگُناہی کے ثبوت پیش کرو۔
27تمہارے بڑے باپ نے گُناہ کیا؛
تمہارے اَساتذہ نے میری خِلاف بغاوت کی۔
28اِس لیٔے مَیں تمہاری ہیکل کے مُعزّز اُمرا کو ناپاک کروں گا،
اَور یعقوب کو برباد
اَور اِسرائیل کو ذلیل ہونے دُوں گا۔

موجودہ انتخاب:

یَشعیاہ 43: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in