YouVersion Logo
تلاش

یَشعیاہ 44

44
یَاہوِہ کا برگُزیدہ اِسرائیل
1”لیکن اَب میرے خادِم یعقوب،
اَور میرے برگُزیدہ اِسرائیل، سُن!
2یَاہوِہ، تیرا خالق،
جِس نے تُجھے رحم میں بنایا،
اَورجو تیری مدد کرےگا، یُوں فرماتے ہیں:
اَے میرے خادِم یعقوب،
اَور میرے برگُزیدہ یسُورُونؔ، خوف نہ کر۔
3کیونکہ مَیں پیاسی زمین پر پانی اُنڈیلوں گا،
اَور خشک زمین پر ندیاں جاری کروں گا؛
میں اَپنی رُوح تیری نَسل پر،
اَور اَپنی برکت تیری اَولاد پر نازل کروں گا۔
4وہ چراگاہ میں گھاس کی مانند،
اَور بہتی ہُوئی دریاؤں کے کنارے اُگے ہُوئے بید کی طرح تیزی سے بڑھیں گے۔
5کویٔی کہے گا، ’میں یَاہوِہ کا ہُوں‘؛
کویٔی اَپنا نام یعقوب سے منسوب کرےگا؛
کویٔی اَور اَپنے ہاتھ پر لکھے گا، ’میں یَاہوِہ کا ہُوں،‘
اَور اَپنے آپ کو اِسرائیل سے مُلقّب کرےگا۔
یَاہوِہ، نہ کہ بُت
6”یہ وُہی یَاہوِہ،
اِسرائیل کے بادشاہ اَور نَجات دِہندہ، قادرمُطلق یَاہوِہ
یُوں فرماتے ہیں: میں ہی اوّل اَور مَیں ہی آخِر ہُوں؛
میرے سِوا کویٔی خُدا نہیں۔
7میری طرح اَور کون ہے؟ اگر کویٔی ہو تو وہ اعلان کرے۔
اَور بتائے کہ جَب سے مَیں نے قدیم لوگوں کو قائِم کیا،
تَب سے اَب تک کیا ہُوا
اَور آئندہ کیا ہونے والا ہے۔
ہاں وہ پیشن گوئی کرے کہ آئندہ کیا ہوگا۔
8تُم نہ ڈرو اَور ہِراساں مت ہو۔
کیا مَیں نے قدیم ہی سے یہ سَب باتیں تُمہیں نہیں بتائیں اَور پیشن گوئی نہیں کی تھی؟
تُم میرے گواہ ہو، میرے سِوا کیا کویٔی اَور خُدا ہے؟
نہیں، کویٔی اَور چٹّان نہیں میں کسی اَور کو نہیں جانتا۔“
9جو مورتیاں بناتے ہیں وہ کچھ بھی نہیں ہیں،
اَور جِن چیزوں کو وہ عزیز رکھتے ہیں وہ بیکار ہیں۔
جو اُن کے حق میں گواہی دیتے ہیں وہ اَندھے ہیں؛
وہ جاہل ہیں اَور بے شرم۔
10کس نے خُدا کا بُت تراشا اَور مورتی ڈھالی
جِس سے اُس کو ذرّے بھر فائدہ ہُوا ہو؟
11وہ اَور اُس کے سَب ساتھی پشیمان ہوں گے؛
دستکار تو محض اِنسان ہیں۔
وہ سَب اِکٹھّے ہوکر کھڑے ہُوں؛
وہ خوفزدہ ہوں گے اَور پشیمان کئے جایٔیں گے۔
12لوہار اوزار لیتا ہے
اَور اَنگاروں میں گرم کرکے؛
وہ ہتھوڑوں سے بُت کو تشکیل دیتاہے،
اَور اَپنے بازو کی قُوّت سے اُس کو گڑھتا ہے۔
وہ بھُوکا ہو جاتا ہے اَور اَپنی قُوّت کھو بیٹھتا ہے؛
وہ پانی نہیں پیتا اَور تھک جاتا ہے۔
13بڑھئی سُوت سے ناپتا ہے
اَور آلہ سے خاکہ کھینچتا ہے؛
اَور اُسے رندے سے صَاف کرتا ہے
اَور پرکار سے اُس پر نقش بناتا ہے۔
وہ اُسے اِنسان کی شکل میں،
اَور اُس کی تمام شان و شوکت میں اُسے شکل دیتاہے،
تاکہ وہ بُتکدے میں رکھا جائے۔
14اُس نے دیودار کو کاٹا،
یا شاید سَرو یا بلُوط کو لیا۔
اُس نے اُسے جنگل کے درختوں میں بڑھنے دیا،
یا صنوبر کا درخت لگایا اَور بارش نے اُسے سیِنچا اَور بڑھایا۔
15تَب وہ آدمی کے لیٔے ایندھن کے کام آتا ہے؛
وہ اُس میں سے کچھ سُلگا کر تاپتا ہے،
اَور آگ جَلا کر روٹی پکاتا ہے۔
لیکن وہ اُسی سے خُدا کی مُورت بھی بناتا ہے اَور اُس کی پرستش کرتا ہے؛
اَور بُت بنا کر اُس کے سامنے جھُکتا ہے۔
16آدھی لکڑی تو وہ آگ میں جَلاتا ہے؛
جِس پر وہ اَپنا کھانا پکاتا ہے،
اَور اَپنا گوشت بھُونتا ہے اَور سَیر ہوکر کھاتا ہے۔
پھر خُود کو تاپ کر کہتاہے،
”آہا! میں گرم ہو گیا، مَیں نے آگ دیکھی ہے۔“
17پھر بچے ہُوئے حِصّہ سے وہ ایک بُت گڑھتا ہے جو اُس کا معبُود ہے؛
اَور اُس کے سامنے جھُک کر اُس کی پرستش کرتا ہے۔
اَور اُس سے اِلتجا کرکے کہتاہے،
”مُجھے بچا لیں کیونکہ آپ میرے خُدا ہیں!“
18وہ کچھ نہیں جانتے، نہ کچھ سمجھ رکھتے ہیں؛
اُن کی آنکھوں پر پردہ پڑا ہے اِس لیٔے وہ دیکھ نہیں سکتے،
اَور اُن کے دِل سخت ہیں، وہ سمجھ نہیں سکتے۔
19کوئی سوچنے سے باز نہیں آتا
کسی کو اِس قدر علم اَور فہم نہیں کہ کہہ سکے کہ
”اُس کا آدھا تو مَیں نے ایندھن کے طور پر اِستعمال کیا؛
مَیں نے اُس کے اَنگاروں پر روٹی بھی پکائی،
اَور گوشت بھُون کر کھایا۔
پھر کیا میں اُس کے بچے ہُوئے حِصّہ سے ایک مکرُوہ چیز بناؤں؟
کیا میں لکڑی کے ٹکڑے کے سامنے جھُکوں؟“
20وہ راکھ کھاتا ہے۔ اُس کا فریب خواہ دِل اُسے گُمراہ کر دیتاہے؛
وہ اَپنے کو بچا نہیں سَکتا، نہ یہ کہہ سَکتا ہے،
”کیا یہ جو میرے داہنے ہاتھ میں ہے، بطالت نہیں؟“
21”اَے یعقوب، اِن چیزوں کو یاد کر،
کیونکہ اَے اِسرائیل تُو میرا خادِم ہے۔
مَیں نے تُجھے بنایا ہے، تُو میرا خادِم ہے؛
اَے اِسرائیل مَیں تُجھے نہ بھُولوں گا۔
22مَیں نے تیری خطاؤں کو بادل کی مانند،
اَور تیرے گُناہوں کو صُبح کے کُہرے کی طرح مٹا دیا ہے۔
میرے پاس لَوٹ آ،
کیونکہ مَیں نے تیرا فدیہ اَدا کیا ہے۔“
23اَے آسمانوں، خُوشی سے گاؤ کیونکہ یَاہوِہ نے یہ کیا ہے؛
اَور نیچے اَے زمین، زور سے للکار۔
اَے پہاڑو، اَے جنگلو اَور اُس کے سَب درختو، گا اُٹھو،
کیونکہ یَاہوِہ نے یعقوب کا فدیہ دیا ہے،
اَور اِسرائیل میں اَپنا جلال ظاہر کیا ہے۔
یروشلیمؔ پھر سے آباد ہوگا
24”یَاہوِہ، تیرا فدیہ دینے والے،
جنہوں نے تُجھے رحم میں بنایا، یُوں کہتے ہیں:
”مَیں یَاہوِہ ہُوں،
جِس نے سَب چیزیں بنائیں،
جِس نے اکیلے ہی آسمانوں کو تانا،
اَور خُود ہی زمین کو پھیلایا،
25جو جھوٹے نبیوں کی نِشانیوں کو باطِل کرتے ہے
اَور غیب بینوں کو احمق بنا دیتے ہے،
جو حِکمت والوں کے علم کو ردّ کر دیتے ہے
اَور اُسے فُضول باتوں میں بدل دیتے ہیں،
26جو اَپنے سفیروں کے کلام کو ثابت کرتے ہیں
اَور اَپنے رسوُلوں کی مشورت کو پُورا کرتے ہے،
”جو یروشلیمؔ کے متعلّق کہتے ہیں، ’وہ آباد کیا جائے گا،‘
اَور یہُوداہؔ کے شہروں کے متعلّق، ’وہ تعمیر ہوں گے،‘
اَور اُن کے کھنڈروں کے متعلّق، ’مَیں اُنہیں بحال کروں گا،‘
27جو سمُندر سے کہتاہے، ’سُوکھ جا،
اَور مَیں تیرے ندی نالوں کو خشک کردوُں گا،‘
28جو خورشؔ کے حق میں کہتاہے، ’وہ میرا چرواہا ہے
اَور میری تمام مرضی پُوری کرےگا؛
اَور یروشلیمؔ کی بابت کہے گا، ”وہ پھر سے تعمیر کیا جائے،“
اَور ہیکل کے متعلّق، ”اُس کی بُنیاد رکھی جائے۔“ ‘ “

موجودہ انتخاب:

یَشعیاہ 44: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in