یَشعیاہ 45
45
1”یَاہوِہ اَپنے ممسوح خورشؔ کے حق یُوں فرماتے ہیں
مَیں نے اُس کے داہنے ہاتھ کو
اِس لیٔے تھام لیا ہے کہ اُس کے سامنے قوموں کو پست کروں
اَور بادشاہوں کا زرہ بکتر اُتار دُوں،
اُس کے سامنے دروازے کھول دُوں
تاکہ پھاٹک بند نہ کئے جایٔیں:
2مَیں تیرے آگے آگے چلُوں گا
اَور کوؤں کو ہموار کروں گا؛
میں کانسے کے دروازے توڑ ڈالوں گا
اَور لوہے کی سلاخیں کاٹ دُوں گا۔
3مَیں تُجھے اَندھیرے میں چُھپائے ہُوئے خزانے،
اَور خُفیہ مقامات پر رکھی ہُوئی دولت دُوں گا،
تاکہ تُو جانے کہ میں ہی یَاہوِہ ہُوں،
اِسرائیل کا خُدا جو تُجھے نام لے کر بُلاتا ہے۔
4مَیں نے اَپنے خادِم یعقوب،
اَور اَپنے برگُزیدہ اِسرائیل کی خاطِر،
تُجھے نام لے کر بُلایا ہے
اَور تُجھے اعزازی لقب عطا کیا ہے،
حالانکہ تُو مُجھے نہیں جانتا۔
5میں ہی یَاہوِہ ہُوں، اَور دُوسرا کویٔی نہیں؛
میرے سِوا کویٔی خُدا نہیں۔
میں تیری کمر کسوں گا،
حالانکہ تُو مُجھے نہیں جانتا،
6تاکہ سُورج کے طُلوع ہونے سے
اُس کے غروب ہونے کے مقام تک
لوگ جان لیں کہ میرے سِوا کویٔی نہیں۔
میں ہی یَاہوِہ ہُوں اَور دُوسرا کویٔی نہیں ہے۔
7میں ہی رَوشنی کا مُوجد اَور تاریکی کا خالق ہُوں،
میں ہی خُوش اِقبالی کا بانی اَور بدنصیبی کا پیدا کرنے والا
میں، یَاہوِہ ہی یہ سَب کچھ کرتا ہُوں۔
8”اَے آسمانوں، اُوپر سے ٹپکنے لگو؛
بادل راستبازی برسانے لگیں۔
زمین کھُل جائے،
اَور نَجات پیدا کرے،
اَور صداقت بھی اُس کے ساتھ اُگ آئے؛
مَیں یَاہوِہ نے اُسے پیدا کیا ہے۔
9”افسوس اُس پرجو اَپنے خالق سے جھگڑتا ہے،
اَورجو زمین کے ٹھیکروں میں سے محض ایک ٹھیکرا ہے۔
کیا مٹّی کُمہار سے کہتی ہے،
’تُو کیا بنا رہاہے؟‘
کیا تیری دستکاری کہتی ہے،
’اُس کے ہاتھ نہیں ہیں؟‘
10افسوس اُس پرجو اَپنے باپ سے کہے،
’تُونے کیا پیدا کیا؟‘
اَور اَپنی ماں سے کہے،
’تُونے کس چیز کو پیدا کیا؟‘
11”یَاہوِہ، اِسرائیل کا قُدُّوس اَور خالق
یُوں فرماتے ہیں
کیا تُم آنے والی چیزوں کے متعلّق مُجھ سے دریافت کروگے،
کیا تُم میرے بچّوں کے متعلّق مُجھ سے سوال کروگے،
یا میرے ہاتھوں کے کام کے متعلّق مُجھے حُکم دوگے؟
12مَیں نے ہی زمین بنائی
اَور اُس پر نَوع اِنسانی کو پیدا کیا۔
میرے اَپنے ہاتھوں نے افلاک کو تانا؛
اَور اجرامِ فلکی کو مرتّب کیا۔
13مَیں اَپنی راستبازی میں خورشؔ کو برپا کروں گا:
اَور اُس کی تمام راہیں سیدھی کروں گا۔
وہ میرا شہر پھر سے تعمیر کرےگا
اَور میرے جَلاوطنوں کو آزاد کرےگا،
لیکن کسی قیمت یا اِنعام کے عوض نہیں۔
یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔“
14یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
”مِصر کی پیداوار اَور کُوشؔ کی تجارتی اَشیا
اَور شیبا کے بُلند قامت لوگ
تیرے پاس آئیں گے
اَور تیرے ہو جایٔیں گے؛
وہ تیرے پیچھے پیچھے چلیں گے،
اَور زنجیروں میں جکڑے، رینگتے ہُوئے تیرے پاس آئیں گے۔
وہ تیرے سامنے جھُکیں گے
اَور مِنّت کرکے کہیں گے:
’یقیناً خُدا تیرے ساتھ ہے اَور دُوسرا کویٔی نہیں؛
اُس کے سِوا اَور کویٔی خُدا نہیں۔‘ “
15بے شک آپ وہ خُدا ہو جو اَپنے آپ کو چُھپا رہےہو
اِسرائیل کے خُدا اَور مُنجّی۔
16تمام بُت تراش پشیمان اَور رُسوا ہوں گے؛
وہ سَب کے سَب اِکٹھّے رُسوا ہوں گے۔
17لیکن اِسرائیل کو یَاہوِہ اَبدی نَجات بخشیں گے
تُم اَبد تک کبھی شرمندہ نہ ہوگے اَور نہ رُسوا کئے جاؤگے۔
18کیونکہ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں؛
جِس نے آسمان پیدا کئے،
وُہی خُدا ہیں؛
جِس نے زمین کو بنایا،
اُسی نے اُس کی بُنیاد ڈالی؛
اُس نے اُسے خالی پڑی رہنے کے لیٔے نہیں
بَلکہ آباد ہونے کے لیٔے آراستہ کیا
وہ یُوں فرماتے ہیں:
”مَیں یَاہوِہ ہُوں،
میرے سِوا اَور کویٔی نہیں ہے۔
19مَیں نے خلوت میں،
کسی تاریک مقام سے کلام نہیں کیا؛
مَیں نے یعقوب کی نَسل کو یہ نہ کہا،
’تُم عبث میری تلاش کرو۔‘
میں یَاہوِہ سچ ہی کہتا ہُوں
اَور راستی کی باتیں ہی بتاتے آیا ہُوں۔
20”اَے لوگو، تُم جو غَیر قوموں میں سے بچ نکلے ہو، جمع ہو جاؤ؛
اَور اِکٹھّے ہوکر چلے آؤ۔
وہ لوگ جاہل ہیں جو لکڑی کے بُت لیٔے پھرتے ہیں،
اَور اَیسے معبُودوں سے استدعا کرتے ہیں جو بچا نہیں سکتے۔
21آئندہ جو کچھ ہونے والا ہے اُسے بَیان کرو،
وہ اگر چاہیں تو آپَس میں مشورت کریں۔
کس نے قدیم ہی سے یہ پیشن گوئی کی،
قدیم ایّام میں ہی کس نے یہ ظاہر کیا؟
کیا وہ میں یَاہوِہ ہی نہ تھا؟
اَور میرے سِوا کویٔی اَور خُدا نہیں،
صادق اَور مُنجّی خُدا ہیں؛
میرے سِوا کویٔی اَور نہیں ہے۔
22”اَے اِنتہائی زمین کے سَب رہنے والو،
تُم میری طرف پھرو اَور نَجات پاؤ؛
کیونکہ مَیں خُدا ہُوں اَور دُوسرا کویٔی اَور نہیں ہے۔
23مَیں نے اَپنی ذات کی قَسم کھائی ہے،
میرے مُنہ سے کلام حق نِکلا ہے
جو کبھی تبدیل نہ ہوگا:
کہ ہر ایک گھٹنا میرے آگے جھُکے گا؛
اَور ہر ایک زبان میری ہی قَسم کھائے گی۔
24وہ میرے حق میں کہیں گے
’صِرف یَاہوِہ ہی میں صداقت اَور قُوّت ہے۔‘ “
اَور وہ سَب جو اُس سے بیزار ہو گئے تھے
پشیمان ہوکر اُس کے پاس آئیں گے۔
25لیکن اِسرائیل کی ساری نَسل
یَاہوِہ میں صادق ٹھہرے گی اَور اُن پر فخر کرےگی۔
موجودہ انتخاب:
یَشعیاہ 45: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.