YouVersion Logo
تلاش

یَشعیاہ 46

46
بابیل کے معبُود
1بابیل کے معبُود بیلؔ اَور نبوؔ جُھک گئے؛
اُن کے بُت بوجھ اُٹھانے والے چَوپایوں پر لدے ہیں۔
جِن مورتیوں کو وہ لیٔے پھرتے تھے، اُن کے لئے بوجھ بَن گئی ہیں،
تھکے ہوؤں کے لیٔے ایک بوجھ۔
2اَور وہ سَب ایک ساتھ جھُکتے اَور سرنِگوں ہوتے ہیں؛
اَور اُس بوجھ کو بچا نہیں سکتے،
اَور خُود ہی اسیری میں چلے جاتے ہیں۔
3”اَے یعقوب کے گھرانے،
اَور اَے اِسرائیل کے گھر کے سبھی باقی بچے لوگو،
جنہیں میں رحم میں پڑنے کی گھڑی سے سہارا دیتا رہا،
اَور اُن کی پیدائش ہی سے گود میں اُٹھاتا رہا، میری سُنو!
4تمہاری ضعیفی میں اَور تمہارے بال سفید ہونے تک
مَیں ہی ہُوں جو تُمہیں سنبھالے رہُوں گا۔
مَیں نے ہی تُمہیں خلق کیا ہے اَور تُمہیں لیٔے پھرتا رہُوں گا؛
مَیں تُمہیں سنبھالوں گا اَور تُمہیں رِہائی دُوں گا۔
5”تُم مُجھے کس کے مُشابہ قرار دوگے
اَور کس کے برابر ٹھہراؤگے؟
اَور مُجھے کس کی مانند کہو گے
تاکہ ہمارا موازنہ ہو سکے؟
6کچھ لوگ اَپنی تھیلیوں میں سے سونا نکالتے ہیں
اَور ترازو میں چاندی تولتے ہیں؛
پھر سُنار کو اُجرت دے کر اُس سے ایک خُدا کا بُت بنواتے ہیں،
اَور اُس کے سامنے جھُک کر اُس کی عبادت کرتے ہیں۔
7وہ اُسے اَپنے کندھوں پر اُٹھاتے اَور لے جاتے ہیں؛
پھر اُسے لے جا کر اُس کی جگہ پر نصب کرتے ہیں اَور وہ وہاں کھڑا رہتاہے
جہاں سے وہ ہل نہیں پاتا۔
اگر کویٔی اُسے پُکارے تو وہ جَواب نہیں دیتا؛
نہ ہی وہ اُسے اُس کی مُصیبتوں سے چھُڑا سَکتا ہے۔
8”اَے باغیو! اِس بات کو یاد رکھو،
اِسے دماغ میں رکھّو اَور دِل میں اُتار لو۔
9اِبتدائی زمانہ کی باتیں یاد کرو جو قدیم ہی سے ہیں؛
میں خُدا ہُوں اَور کویٔی دُوسرا نہیں؛
میں خُدا ہُوں اَور مُجھ سا کویٔی نہیں۔
10میں اِبتدا ہی سے اَنجام کی خبر دیتا ہُوں،
اَور قدیم وقتوں ہی سے وہ باتیں بتاتا آیا ہُوں جو اَب تک
وقوع میں نہیں آئیں۔
اَور کہتا ہُوں، ’میرا مقصد قائِم رہے گا،
اَور مَیں اَپنی ساری مرضی پُوری کروں گا۔‘
11میں مشرق سے ایک شِکاری پرندہ کو بُلاتا ہُوں؛
یعنی دُور کے مُلک سے ایک شخص کو بُلاتا ہُوں جو میری مرضی پُوری کرے۔
جو مَیں نے کہا اُسے میں کرکے ہی رہُوں گا؛
اَورجو مقصد مَیں نے کیا ہے اُسے پُورا ہی کروں گا۔
12اَے سخت دِلو، میری سُنو،
جو تُم میری راستبازی سے بہت دُورہو۔
13میں اَپنی راستبازی کو نزدیک لا رہا ہُوں،
وہ بہت دُور نہیں ہے؛
اَور میری نَجات میں تاخیر نہ ہوگی۔
میں صِیّونؔ کو نَجات دوں گا،
اَور اِسرائیل کو اَپنا جلال بخشوں گا۔

موجودہ انتخاب:

یَشعیاہ 46: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in