یَشعیاہ 47
47
بابیل کا زوال
1”اَے بابیل کی کنواری بیٹی،
نیچے اُتر آ اَور خاک پر بیٹھ؛
اَے کَسدیوں کی ملِکہ کا شہر،
تُو بِنا تخت زمین پر بیٹھ۔
تُو پھر کبھی نازک اندام
اَور نازنین نہ کہلائے گی۔
2چکّی لے اَور آٹا پیس؛
اَپنا نقاب اُتار۔
اَپنا دامن سمیٹ لے اَور ٹانگیں برہنہ کرکے،
دریاؤں میں سے گزر جا۔
3تیرا بَدن بے پردہ کیا جائے گا
اَور تیری حیا بے پردہ ہو جائے گی۔
میں اِنتقام لُوں گا؛
اَور کسی بشر سے رعایت نہ کروں گا۔“
4ہمارا نَجات دِہندہ کا نام قادرمُطلق یَاہوِہ ہے
جو اِسرائیل کا قُدُّوس ہے۔
5”اَے کَسدیوں کی ملِکہ شہر،
چُپ چاپ بیٹھی رہ اَور تاریکی میں چلی جا؛
کیونکہ اَب تُم
مملکتوں کی ملِکہ نہ کہلائے گی۔
6میں اَپنے لوگوں سے خفا تھا
اَور مَیں نے اَپنی مِیراث کو بےحُرمت کیا؛
اَور اُنہیں تیرے ہاتھ میں سونپ دیا،
اَور تُونے اُن پر رحم نہ کیا۔
یہاں تک کہ بُوڑھوں پر بھی
تُونے اَپنا بہت بھاری جُوا رکھا۔
7تُونے کہا،
’میں اَبد تک ملِکہ بنی رہُوں گی!‘
لیکن تُونے اِن باتوں پر دھیان نہیں دیا
اَور نہ یہ سوچا کہ اَنجام کیا ہوگا۔
8”اِس لیٔے سُن اَے عشرت میں غرق رہنے والی،
تُو جو بے خوف ہوکر مطمئن بیٹھی ہے
اَور اَپنے دِل میں کہتی ہے،
’مَیں ہُوں اَور میرے سِوا کویٔی نہیں۔
مَیں کبھی بِیوہ نہ ہوں گی
نہ بے اَولاد رہُوں گی۔‘
9ناگہاں یہ دونوں آفتیں
ایک ہی دِن تُجھ پر آ پڑےگی:
تُو اَپنے بچّے کھو دے گی اَور بِیوہ بھی بَن جائے گی۔
تیرے تمام جادُو اَور ٹونوں کے باوُجُود
یہ آفتیں تُجھ پر پُوری طرح آ پڑیں گی۔
10تُونے اَپنی شرارت پر بھروسا کیا
اَور کہا، ’مُجھے کویٔی نہیں دیکھتا۔‘
تیری حِکمت اَور تیری دانش نے تُجھے بہکایا
جَب تُونے اَپنے دِل میں کہا،
’میں ہی ہُوں اَور میرے سِوا اَور کویٔی نہیں۔‘
11تُجھ پر آفت آئے گی،
جِس کا منتر تُو نہیں جانتی۔
ایک بَلا تُجھ پر نازل ہوگی
جِس سے تُو کسی کفّارے کو دے کر ٹال نہیں سکے گی؛
اَچانک ایک اَیسی تباہی تُجھ پر آئے گی
جِس کا تُجھے علم بھی نہ ہوگا۔
12”تَب تُو اَپنے جادُو، ٹونے
اَور بہت سے منتر
جِن کی تُونے بچپن ہی سے مشق کر رکھی ہے، جاری رکھ،
شاید تُو کامیاب ہو،
یا شاید تُو رُعب جما سکے۔
13جو بھی مشورت تُجھے مِلی اُس نے تو تُجھے تھکا دیا!
تیرے نجومی اَور ستارہ شناس
جو ماہ بہ ماہ پیشن گوئیاں کرتے ہیں، سامنے آئیں،
اَور تُجھ پر آنے والی آفت سے تُجھے بچائیں۔
14وہ بھُوسے کی مانند ہیں؛
آگ اُنہیں جَلا دے گی۔
وہ اَپنے آپ کو شُعلوں کی شِدّت سے
بچا بھی نہ سکیں گے۔
یہ اَنگارے تاپنے کے لیٔے نہیں ہیں؛
نہ ہی اِس آگ کے پاس کویٔی بیٹھ سَکتا ہے۔
15یہ سَب جِن کے لیٔے تُونے محنت کی
اَور جِن کے ساتھ تُو بچپن سے کاروبار کرتی آئی ہے
تیرے لیٔے بس اِتنا ہی کر سکتے ہیں
اِن میں سے ہر ایک گُمراہ ہو گیا؛
اَور کویٔی بھی تُجھے بچا نہیں سَکتا۔
موجودہ انتخاب:
یَشعیاہ 47: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.