YouVersion Logo
تلاش

یَشعیاہ 51

51
صِیّونؔ کو اَبدی نَجات ملے گی
1اَے لوگو، تُم جو راستبازی کے پیروی کرتے ہو اَور
یَاہوِہ کے طالب ہو، میری سُنو:
جِس چٹّان میں سے تُم کاٹے گیٔے
اَور جِس کان میں سے تُم کھودے اَور تراشے گیٔے، اُس پر نظر کرو:
2اَپنے باپ اَبراہامؔ پر،
اَور سارہؔ پر جِس نے تُمہیں پیدا کیا، نظر کرو۔
جَب مَیں نے اُسے بُلایا وہ اکیلا تھا،
اَور مَیں نے اُسے برکت دی اَور اُسے کثرت بخشی۔
3یقیناً یَاہوِہ صِیّونؔ کو تسلّی دے گا
اَور اُس کے تمام بنجر زمینوں پر نظرِ عنایت کرےگا؛
اَور اُس کے صحراؤں کو عدنؔ کی مانند
اَور اُس کے بنجر علاقہ کو یَاہوِہ عدنؔ کی مانند کر دے گا۔
اُس میں خُوشی اَور خُرّمی،
اَور شُکر گزاری اَور گانے کی آواز پائی جائے گی۔
4اَے میرے لوگو، میری طرف متوجّہ ہو؛
اَے میری اُمّت، میری طرف کان لگا:
ہدایات میری طرف سے دی جائے گی
میرا عدل قوموں کے لیٔے نُور ٹھہرے گا۔
5میری راستی تیزی سے قریب آ رہی ہے،
اَور میری نَجات راہ میں ہے،
میں اَپنے بازو (کی قُوّت) سے قوموں پر حُکمرانی کروں گا۔
جزیرے میری راہ دیکھیں گے
اَور میرے بازو پر اُمّید لگائے بیٹھیں گے۔
6اَپنی نگاہیں آسمان کی طرف اُٹھاؤ،
اَور نیچے زمین کو دیکھو؛
آسمان دھوئیں کی مانند غائب ہو جایٔیں گے،
اَور زمین کپڑے کی طرح پُرانی ہو جائے گی
اَور اُس کے باشِندے مکھّیوں کی طرح مَر جایٔیں گے۔
لیکن میری نَجات اَبد تک قائِم رہے گی،
اَور میری راستی کبھی موقُوف نہ ہوگی۔
7”اَے لوگو! تُم جو صداقت سے آشنا ہو،
جِن کے دِلوں میں میری ہدایت ہے، کان لگا کر میری سُنو:
لوگوں کی ملامت سے مت ڈرو
اَور اُن کی طَعنہ زنی سے خوفزدہ نہ ہو۔
8کیونکہ اُنہیں کپڑے کی طرح گھُن لگ جائے گا؛
اَور کیڑا اُن کو اُون کی طرح چٹ کر جائے گا۔
لیکن میری راستبازی اَبد تک قائِم رہے گی،
اَور میری نَجات پُشت در پُشت برقرار رہے گی۔“
9جاگو، جاگو، اَے یَاہوِہ کے بازو،
طاقت کے لباس کو پہن لو؛
گذشتہ ایّام کی طرح،
اَور قدیم نَسلوں کی مانند، جاگ اُٹھ۔
کیا تُو وُہی نہیں جِس نے راحبؔ کے ٹکڑے ٹکڑے کر دئیے،
جِس نے اَژدہا کو آرپار چھیدا؟
10کیا تُو وُہی نہیں جِس نے سمُندر کو،
یعنی گہراؤ کے پانی کو خشک کر دیا،
جِس نے سمُندر کی تہہ میں راستہ بنا دیا؛
تاکہ جِن کا فدیہ دیا گیا وہ اُسے عبور کر سکیں؟
11اَور وہ جِن کا یَاہوِہ نے فدیہ دیا ہے لَوٹیں گے۔
اَور گاتے ہُوئے صِیّونؔ میں داخل ہوں گے؛
اَبدی خُوشی اُن کے سَر کا تاج ہوگی۔
وہ خُوشی اَور شادمانی پائیں گے،
اَور غم و آہ کافُور ہو جایٔیں گے۔
12”مَیں ہی، میں ہوں، تُمہیں تسلّی بخشتا ہُوں۔
تُم کون ہو جو فانی اِنسان سے
اَور آدمؔ زاد جو محض گھاس ہیں، ڈرتے ہو،
13تُم اَپنے یَاہوِہ اَور خالق کو بھُول جاتے ہو،
جِس نے آسمان کو تانا
اَور زمین کی بُنیاد ڈالی،
اَور ظالِم کے غضب کی وجہ سے
جو تباہی پر تُلا ہُواہے،
تُجھے ہر روز اَور ہر گھڑی ڈر لگا رہتاہے؟
پر ظالِم کا غضب ہے کہاں؟
14خوفزدہ قَیدی جلد ہی آزاد کئے جایٔیں گے؛
وہ قَیدخانہ کی کوٹھری میں نہ مَریں گے،
اَور نہ اُنہیں روٹی کی کمی ہوگی۔
15کیونکہ مَیں یَاہوِہ تیرا خُدا ہُوں،
جو سمُندر کو حرکت دیتاہے تاکہ اُس کی موجیں اُچھلنے لگیں
جِن کا نام قادرمُطلق یَاہوِہ ہے۔
16مَیں نے اَپنا کلام تیرے مُنہ میں ڈال دیا ہے
اَور تُجھے اَپنے ہاتھ کے سایہ میں چھُپا رکھتا ہے
مَیں جو افلاک کو اُن کی جگہ پر قائِم کرتا ہُوں،
جِس نے زمین کی بُنیاد ڈالی،
اَورجو اہلِ صِیّونؔ سے کہتاہے، ’تُم میرے لوگ ہو۔‘ “
یَاہوِہ کے غضب کا پیالہ
17جاگو، جاگو!
اُٹھ جاؤ، اَے یروشلیمؔ،
تُو، جِس نے یَاہوِہ کے ہاتھ سے
اُن کے غضب کا پیالہ پیا ہے،
تُونے اُس جام کو تہہ تک خالی کر دیا
جسے پی کر لوگ ڈگمگا جاتے ہیں۔
18جتنے بیٹے اُس سے پیدا ہوئے
اُن میں سے کویٔی نہ رہا جو اُس کا رہنما ہوتا؛
جتنے بچّے اُس نے پالے پوسے
اُن میں سے کویٔی نہ رہا جو اُس کا ہاتھ پکڑتا۔
19یہ دو دو مُصیبتیں تُجھ پر آ پڑیں
کون تیرا غم خوار ہوگا؟
ویرانی اَور تباہی، قحط اَور تلوار
کون تُجھے تسلّی دے؟
20تیرے بیٹے غش کھا کر؛
ہر ایک کوچہ کے سِرے پر اَیسے پڑے ہُوئے ہیں،
جَیسے ہِرن جال میں پھنسا ہو۔
وہ یَاہوِہ کے غضب
اَور تیرے خُدا کی دھمکی سے بے خُود ہیں۔
21اِس لیٔے اَے مُصیبت زدہ،
تُو جو مخمور ہے لیکن مَے سے نہیں، یہ بات سُن۔
22تیرا یَاہوِہ قادر، ہاں تیرا خُدا،
جو اَپنے لوگوں کا دفاع کرتا ہے، یُوں فرماتے ہیں:
”دیکھ، جِس پیالہ نے تُجھے ڈگمگا دیا
اُسے مَیں نے تیرے ہاتھ سے لے لیا ہے؛
اِس پیالہ میں سے جو میرے قہر کا جام ہے،
تُو پھر کبھی نہ پیئے گی۔
23میں اِسے اُن کے ہاتھ میں دُوں گا جنہوں نے تُجھے سخت اَذیّت پہُنچائی،
اَور تُجھ سے کہا،
لیٹ جا تاکہ ہم تیرے اُوپر سے گزریں۔
اَور تُونے اَپنی پیٹھ کو زمین بنا دیا،
گویا وہ سڑک ہو جِس پر سے لوگ گزرتے ہیں۔“

موجودہ انتخاب:

یَشعیاہ 51: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in