YouVersion Logo
تلاش

میکاہؔ 4

4
یَاہوِہ کا پہاڑ
1آخِری دِنوں میں
یَاہوِہ کے ہیکل کا پہاڑ قائِم کیا جائے گا
اَورجو تمام پہاڑوں میں بُلند ہوگا؛
وہ اَور پہاڑوں سے اُونچا اُٹھایا جائے گا،
اَور تمام قوموں کا اُس پر تانتا لگا ہوگا۔
2بہت سِی قومیں آئیں گی اَور کہیں گی،
”آؤ یَاہوِہ کے گھر پر چڑھیں،
اَور یعقوب کے خُدا کے گھر میں داخل ہُوں۔
وہ ہمیں اَپنے آئین سکھائیں گے،
تاکہ ہم اُن کی راہوں پر چلیں۔“
کیونکہ شَریعت صِیّونؔ سے،
اَور یَاہوِہ کا کلام یروشلیمؔ سے صادر ہوگا۔
3وہ بہت سِی اُمّتوں کے درمیان عدالت کریں گے
اَور دُور دُور کی زورآور قوموں کے جھگڑوں کو مٹائیں گے۔
وہ اَپنی تلواریں پیٹ کر پھالیں،
اَور بھالوں کو ہنسوے بنائیں گے۔
ایک قوم دُوسری قوم پر تلوار نہ اُٹھائے گی،
اَور نہ جنگ کرنے کی تربّیت دے گی۔
4ہر آدمی اَپنی انگوری بیل،
اَور اَنجیر کے درخت کے نیچے بیٹھے گا،
اَور کویٔی اُنہیں نہ ڈرائے گا،
کیونکہ قادرمُطلق یَاہوِہ نے فرمایاہے۔
5سَب قومیں،
اَپنے معبُودوں کے نام سے چلیں گی؛
پر ہم لوگ اَبد تک،
یَاہوِہ اَپنے خُدا کے نام سے چلیں گے۔
یَاہوِہ کا منصُوبہ
6”اُس روز،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں،
”میں لنگڑوں کو جمع کروں گا،
جَلاوطنوں کو،
اَور اُنہیں جنہیں مَیں نے دُکھ دیا ہے، جمع کروں گا۔
7لنگڑوں کو بقیّہ،
اَور جَلاوطنوں کو زورآور قوم بناؤں گا۔
اُس دِن سے یَاہوِہ کوہِ صِیّونؔ میں،
ہمیشہ تک اُن پر سلطنت کرےگا۔
8اَور اَے گلّے کے رَوشنی کے مینار،
اَے صِیّونؔ کی بیٹی کے قلعے،
تیری بابت یہ ہے کہ تیری پہلی سلطنت تُجھے ملے گی؛
یروشلیمؔ کی بیٹی کو بادشاہی ملے گی۔“
9اَب تُو کیوں چِلّاتی ہے۔
کیا تیرا کویٔی بادشاہ نہیں ہے؟
کیا تُجھے صلاح دینے والا مِٹ گیا،
کہ تُو دردِزہ کی سِی تکلیف میں مبتلا ہے؟
10اَے صِیّونؔ کی بیٹی،
تو زچّہ کی مانند درد سے تکلیف اُٹھا رہی ہے،
اَب تُجھے کھُلے میدان میں جا کر رہنے کے لیٔے،
شہر کو چھوڑ دینا چاہئے۔
تُو بابیل کو جائے گی؛
وہاں تُو رِہائی پایٔے گی۔
وہیں یَاہوِہ تُجھے،
تیرے دُشمنوں کے ہاتھ سے چھُڑائیں گے۔
11لیکن اَب بہت سِی قومیں،
تیرے خِلاف جمع ہو گئی ہیں۔
وہ کہتی ہیں، ”صِیّونؔ کو ناپاک ہونے دو،
اَور ہماری آنکھیں اُس کی رُسوائی دیکھیں!“
12لیکن وہ یَاہوِہ کے خیالات سے،
واقف نہیں؛
وہ اُس کے منصُوبہ کو نہیں سمجھتے،
جو اُن کو کھلیان کے پُولوں کی طرح جمع کرتے ہیں۔
13اَے صِیّونؔ کی بیٹی، اُٹھ اَور کُچل،
کیونکہ مَیں تُجھے لوہے کے سینگ،
اَور کانسے کے کھُر دُوں گا،
اَور تُو بہت سِی قوموں کے ٹکڑے کر ڈالے گی۔
اَور اُن کے ناجائز آمدنی کے ذخیروں کو خُدا کی نذر کرےگی،
اَور اُن کے مال کو زمین کے مالک، یَاہوِہ خُدا کے حُضُور میں لایٔے گی۔

موجودہ انتخاب:

میکاہؔ 4: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in