ناحُومؔ 3
3
نینوہؔ پر ماتم
1خُونی شہر پر افسوس،
وہ جھُوٹ
اَور غارت گری سے بھرا ہُواہے
وہ کبھی جُرم سے باز نہیں رہتا!
2چابک کے چٹخنے کی آواز،
پہیّوں کی کھڑکھڑاہٹ،
گھوڑوں کی ٹاپ،
اَور رتھوں کے ہچکولوں کی آواز!
3حملہ آور لشکر،
تلواروں کی چمک،
اَور بھالوں کی جھلک!
مقتولوں کے ڈھیر،
لاشوں کے انبار،
بے شُمار لاشیں،
جِن سے لوگ ٹھوکریں کھاتے ہیں۔
4یہ سَب اُس کسبی اَور فاحِشہ کی بدکاری کے سبب سے ہے،
جِس نے فاحِشہ پن سے قوموں کو،
اَور جادُو سے لوگوں کو
غُلام بنا لیا ہے۔
5قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں کہ مَیں تیرا مُخالف ہُوں۔
مَیں تُجھے تمہارے مُنہ تک ننگا کروں گا۔
اَور قوموں کو تیرا ننگا پن دِکھاؤں گا،
اَور مملکتوں کو تمہاری برہنگی دِکھاؤں گا۔
6مَیں تمہارے اُوپر گندگی ڈالُوں گا،
میں نفرت کا سلُوک کروں گا
تُجھے رُسوا کروں گا۔
7جو کویٔی تُجھ پر نظر کرےگا بھاگ جائے گا،
اَور کہے گا نینوہؔ برباد ہو رہاہے، کون اُس کے لیٔے ماتم کرےگا؟
مَیں تمہارے لیٔے تسلّی دینے والا کہاں سے لاؤں؟
8کیا تُو تھیبیس سے بڑھ کر ہے،
جو دریائے نیل پر بسا ہُواہے،
اَور اُس کے چاروں طرف پانی ہے؟
ندی اُس کی مُحافظ تھی،
اَور پانی اُس کی دیوار تھا۔
9کُوشؔ اَور مِصر اُس کی بے اِنتہا طاقت تھے؛
فُوطؔ اَور لیبیا اُس کے حمایتی تھے۔
10تو بھی وہ اسیر ہُوا اَور جَلاوطنی میں گیا۔
ہر گلی کے نکّڑ پر
اُس کے دُودھ پیتے بچّے پٹک کر ٹکڑے کر دئیے گیٔے۔
اُس کے مُعزّز
لوگوں پر قُرعہ ڈالے گیٔے،
اَور اُس کے سارے بُزرگ زنجیروں میں جکڑ دئیے گیٔے۔
11تُو بھی متوالا ہو جائے گا؛
تُو دُشمن سے بچنے کے لیٔے پناہ مانگے گا
اَور خُود کو چُھپائے گا۔
12تمہارے سارے قلعے اَنجیر کے درختوں کی مانند ہوں گے
جِن پر پہلی فصل کے پکے پھل لگے ہُوں؛
جَب اُن کو ہلایا جاتا ہے،
تو کھانے والے کے مُنہ میں پھل گرتا ہے۔
13اَپنے جنگی بہادروں کو دیکھ۔
تمہارے مَرد عورتیں بَن گیٔے ہیں!
تمہارے مُلک کے پھاٹک
تمہارے دُشمنوں کے لیٔے کھُل گیٔے ہیں؛
آگ اڑبنگوں کو کھا گئی۔
14محاصرے کے لیٔے پانی بھر لے،
اَپنے قلعوں کو مضبُوط کر!
مٹّی تیّار کر،
روند کر مَسالہ بنا،
اینٹ کے سانچے کی مرمّت کر!
15وہاں آگ تُجھے کھا جائے گی؛
تلوار تُجھے کاٹ ڈالے گی
اَور ٹِڈّی کی طرح تُجھے کھا جائے گی۔
ٹِڈّیوں کی طرح
اَپنا شُمار بڑھا!
16تُم نے اَپنے سوداگروں کو
آسمان کے سِتاروں سے زِیادہ بڑھا لیا ہے،
لیکن وہ ٹِڈّیوں کی طرح چٹ کرکے
اُڑ جاتے ہیں۔
17تمہارے مُحافظ ٹِڈّیوں کے غول کی مانند ہیں،
تمہارے سردار ٹِڈّیوں کے غول کی طرح ہیں
جِس کی ٹِڈّیاں سردی کے دِن دیوار کے شگافوں میں پناہ لیتی ہیں۔
لیکن سُورج نکلتے ہی اُڑ جاتی ہیں،
کویٔی نہیں جانتا کہاں۔
18اَے اشُور کے بادشاہ، تمہارے چرواہے اُونگھتے ہیں؛
تمہارے سردار آرام سے سَو رہے ہیں۔
تمہاری رعایا پہاڑوں پر مُنتشر ہو گئی
اُنہیں جمع کرنے والا کویٔی نہیں۔
19کویٔی چیز تمہارے زخموں کو شفا نہیں دے سکتی؛
تیرا زخم لاعلاج ہے۔
جو کویٔی تمہارے بارے میں سُنتا ہے
وہ تمہاری بربادی پر خُوش ہوکر تالی بجاتا ہے،
کیونکہ کون ہے
جِس نے تیرا ظُلم نہیں سہا؟
موجودہ انتخاب:
ناحُومؔ 3: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.