زبُور 44
44
زبُور 44
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ بنی قورحؔ کی تصنیفمشکیل۔#44:0 عُنوان: مُمکنہ طور پر ایک اَدبی یا موسیقی کی اِصطلاح ہو سَکتا ہے۔
1اَے خُدا، ہم نے اَپنے کانوں سے سُنا،
اَور ہمارے آباؤاَجداد نے ہم سے کہا،
کہ آپ نے اُن کے دِنوں میں،
قدیم زمانہ میں
آپ نے کیا کیا کام کیٔے۔
2آپ نے اَپنے ہاتھ سے قوموں کو بے دخل کر دیا
اَور ہمارے آباؤاَجداد کو آباد کیا؛
آپ نے مُختلف اُمّتوں کو تباہ کر دیا
اَور ہمارے آباؤاَجداد کو آسُودہ کر دیا۔
3کیونکہ آپ کے لوگ نہ تو اَپنی تلوار کے بَل پر اُس مُلک پر قابض ہُوئے،
اَور نہ اُن کے بازو کی طاقت ہی نے اُنہیں فتح بخشی؛
بَلکہ وہ آپ کے داہنے ہاتھ، آپ کے بازو کی طاقت،
اَور آپ کے چہرہ کے نُور سے فتحیاب ہُوئے،
کیونکہ آپ کو اُن سے مَحَبّت تھی۔
4کیونکہ آپ میرے بادشاہ اَور میرے خُدا ہیں،
جو یعقوب کے حق میں نَجات کا حُکم صادر فرماتے ہیں۔
5آپ کی بدولت ہم اَپنے دُشمنوں کو پیچھے دھکیلتے ہیں؛
اَور آپ کے نام کی بدولت ہم اَپنے مُخالفوں کو پامال کرتے ہیں۔
6مُجھے اَپنی کمان پر اِعتماد نہیں،
اَور میری تلوار مُجھے فتح نہیں دیتی؛
7لیکن آپ ہمیں اَپنے دُشمنوں پر فتحیاب کرتے ہیں،
اَور ہمارے مُخالفوں کو شرمندہ کرتے ہیں۔
8ہم دِن بھر خُدا پر فخر کرتے ہیں،
اَور ہم ہمیشہ آپ کے نام کی سِتائش کریں گے۔
9لیکن اَب آپ نے ہمیں ترک کر دیا اَور ہمیں رُسوا کیا؛
اَور اَب آپ ہمارے لشکروں کے ساتھ نہیں جاتے۔
10آپ نے ہمیں دُشمن کے سامنے سے پسپا کر دیا،
اَور ہمارے مُخالفوں نے ہمیں لُوٹ لیا۔
11آپ نے ہمیں بھیڑوں کی مانند ذبح ہونے کے لیٔے دے دیا
اَور ہمیں مُختلف قوموں میں تِتّر بِتّر کر دیا۔
12آپ نے اَپنی اُمّت کو بُلا قیمت بیچ ڈالا،
اَور اُس سودے میں کچھ بھی منافع نہ کمایا۔
13آپ نے ہمیں اَپنے ہمسایوں کی ملامت کا نِشانہ،
اَور ہمارے اِردگرد کے لوگوں کی تضحیک و تحقیر اَور تمسخر کا باعث بنا دیا۔
14آپ نے ہمیں قوموں کے درمیان ضرب المثل بنا دیا؛
مُختلف اُمّتوں کے لوگ ہمیں دیکھ کر سَر ہلاتے ہیں۔
15میری رُسوائی دِن بھر میرے سامنے رہتی ہے،
اَور میرے چہرہ پر شرم کا پردہ پڑا رہتاہے
16جو ملامت کرنے والوں اَور بُرا بھلا کہنے والوں کی طَعنہ زنی کے سبب سے ہے،
اَور دُشمن کی وجہ سے ہے جو اِنتقام لینے پر آمادہ ہے۔
17یہ سَب کچھ ہم پر واقع ہُوا،
حالانکہ ہم نے آپ کو فراموش نہیں کیا تھا
اَور نہ ہی آپ کے عہد کو جُھٹلایا تھا۔
18ہمارے دِل برگشتہ نہ ہُوئے؛
اَور نہ ہمارے قدم آپ کی راہ سے بہکے۔
19لیکن آپ نے ہمیں کُچل کر گیدڑوں کا ٹھکانا بنا دیا
اَور ہمیں گہری تاریکی سے ڈھانک دیا۔
20اگر ہم اَپنے خُدا کا نام فراموش کر چُکے ہوتے
یا اَپنے ہاتھ کسی غَیر معبُود کے آگے دعا کے لئے پھیلائے ہوتے،
21تو کیا خُدا نے اُسے دریافت نہ کر لیا ہوتا،
جَب کہ وہ دِل کے بھید جانتے ہیں؟
22ہم تو آپ کی خاطِر سارا دِن موت کا سامنا کرتے رہتے ہیں؛
ہم ذبح ہونے والی بھیڑوں کی مانند سمجھے جاتے ہیں۔
23جاگو، اَے خُداوؔند، آپ کیوں سوتے ہیں؟
اُٹھیں، ہمیں ہمیشہ کے لیٔے ترک نہ کریں۔
24آپ اَپنا مُنہ کیوں چھپاتے ہیں
اَور ہماری مُصیبت اَور مظلومی کو بھُول جاتے ہیں؟
25ہم خاک میں مِلا دیئے گیٔے ہیں؛
اَور ہمارے جِسم زمین سے جا لگے ہیں۔
26اُٹھیں اَور ہماری مدد کریں؛
اَور اَپنی لافانی مَحَبّت کے باعث ہمارا فدیہ دیں۔
موجودہ انتخاب:
زبُور 44: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.