زبُور 45
45
زبُور 45
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ ”شُوشنؔ“ کی دھُن پر مَبنی۔ بنی قورحؔ کی تصنیف۔ ایک مشکیل#45:0 عُنوان: مُمکنہ طور پر ایک اَدبی یا موسیقی کی اِصطلاح ہو سَکتا ہے۔ ایک نغمۂ عروسی۔
1جَب مَیں بادشاہ کے حق میں اَپنے اشعار سُنانے لگتا ہُوں
تو میرے دِل میں ایک نفیس موضوع جوش مارتا ہے؛
میری زبان ایک ماہر کاتب کا قلم بَن جاتی ہے۔
2آپ بنی نَوع اِنسان میں سَب سے زِیادہ شکیل ہیں
آپ کے ہونٹ فضل سے بھرے ہُوئے ہیں،
کیونکہ خُدا نے آپ کو ہمیشہ کے لیٔے برکت دی ہے۔
3اَے زبردست! اَپنی تلوار کو اَپنی کمر پر کس لیں؛
اَور شان و شوکت سے مُسلّح ہو جائیں۔
4اَور سچّائی اَور حلیمی اَور راستبازی کی خاطِر
شان و شوکت کے ساتھ فاتحانہ اَنداز سے سوار ہو جائیں؛
اَور اَپنے داہنے ہاتھ کو مُہیب کارنامے اَنجام دینے دیں۔
5آپ کے تیز تیر بادشاہ کے دُشمنوں کے دِلوں کو چھید ڈالیں؛
اَور قومیں آپ کے قدموں میں گِر جایٔیں۔
6اَے خُدا، آپ کا تخت ابدُالآباد تک قائِم رہے گا؛
آپ کی بادشاہی کا عصا اِنصاف کا عصا ہوگا۔
7آپ نے راستبازی سے مَحَبّت اَور بدکاری سے نفرت رکھی؛
اِس لیٔے خُدا یعنی آپ کے خُدا نے آپ کو شادمانی کے تیل سے مَسح کرکے
آپ کے ساتھیوں کی نِسبت آپ کو زِیادہ سرفراز کیا۔
8آپ کے ہر لباس سے مُر، عُود اَور تج کی خُوشبو آتی ہے؛
ہاتھی دانت سے سجے ہُوئے محلوں میں سے آتی ہُوئی
تاردار سازوں کی موسیقی آپ کو خُوش کرتی ہے۔
9آپ کی سلطنت میں مُعزّز خواتین کے عہدے پر بادشاہوں کی شاہزادیاں ہیں؛
شاہی دُلہن آپ کے داہنے ہاتھ کھڑی ہے جو اوفیرؔ کے سونے سے آراستہ ہے۔
10اَے شہزادی! سُنیں، غور کریں اَور کان لگائیں:
اَپنے لوگوں اَور اَپنے باپ کے گھر کو بھُول جاؤ۔
11بادشاہ تمہارے حُسن کا گرویدہ ہیں؛
کیونکہ وہ آپ کے خُداوؔند ہیں تُم اُن کو سَجدہ کرو۔
12صُورؔ شہر کی شہزادی تحفہ لے کر آئے گی،
اُمرا آپ کی نظرِکرم کے مُحتاج ہوں گے۔
13بادشاہ کی شہزادی اَپنی خلوت گاہ میں عظمت و جلال کا پیکر بنی ہُوئی ہے؛
اُس کا چوغہ سُنہری کشیدہ کاری سے مُزیّن ہے۔
14وہ کشیدہ کاری لباس پہنے ہُوئے بادشاہ کے پاس پہُنچائی جاتی ہے؛
اُن کی کنواری سہیلیاں جو اُن کے پیچھے پیچھے چلتی ہیں،
تمہارے سامنے اُن کو حاضِر کیا جائے گا۔
15خُوشی اَور مسرّت اُن کے ہمراہ ہے؛
اَور وہ بادشاہ کے محل میں داخل ہُوئی ہیں۔
16آپ کے بیٹے آپ کے آباؤاَجداد کے جانشین ہوں گے؛
اَور تُم سارے اُمراؤں کو مُلک میں حاکم مُقرّر کروگے۔
17مَیں آپ کی یاد کو پُشت در پُشت قائِم رکھوں گا؛
اِس لیٔے قومیں ابدُالآباد تک آپ کی سِتائش کریں گی۔
موجودہ انتخاب:
زبُور 45: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.