زبُور 80
80
زبُور 80
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ ”عہد کے شُوشنؔ“ کے سُرپر مَبنی آسفؔ کا زبُور۔
1اَے اِسرائیل کے چوپان، ہماری سُنیں،
خُدا جو گلّہ کی مانند یُوسیفؔ کی رہنمائی کرتے ہیں۔
خُدا جو کروبیم کے درمیان تخت نشین ہیں،
جلوہ گِر ہوں!
2اِفرائیمؔ، بِنیامین اَور منشّہ کے سامنے
اَپنی قُدرت کو بیدار کریں؛
اَور آکر ہمیں بچائیں۔
3اَے خُدا، ہمیں بحال کریں؛
اَپنے چہرہ کا نُور ہم پر جلوہ گِر فرمائیں،
تاکہ ہم نَجات پائیں۔
4اَے یَاہوِہ، قادرمُطلق خُدا،
اَپنے لوگوں کی دعاؤں کے خِلاف
خُدا کا قہر کب تک بھڑکتا رہے گا؟
5خُدا نے اُنہیں آنسُوؤں کی روٹی کھِلائی؛
اَور اُنہیں پیالے بھر بھرکے آنسُو پلائے۔
6خُدا نے ہمیں اَپنے پڑوسیوں کے لیٔے تنازعہ کا باعث بنا دیا ہے،
اَور ہمارے دُشمن ہمارا مضحکہ اُڑاتے ہیں۔
7اَے قادرمُطلق خُدا! ہمیں بحال کریں؛
اَپنے چہرہ کا نُور ہم پر جلوہ گِر فرمائیں،
تاکہ ہم بچ جایٔیں۔
8خُدا مُلک مِصر سے ایک انگور کی بیل لے آئے؛
اَور قوموں#80:8 قوموں کنعانؔ کے لوگوں کو۔ کو اُکھاڑ کر اُسے لگایا۔
9خُدا نے اُس کے لیٔے زمین تیّار کی،
اَور اُس نے جڑ پکڑ لی اَور سارے مُلک میں پھیل گئی۔
10پہاڑ اُس کے سایہ سے،
اَور مضبُوط دیودار خُدا کی شاخوں سے ڈھک گیٔے۔
11اُس نے اَپنی شاخیں سمُندر (بحرِ رُوم) تک،
اَور اُس کی ٹہنیاں دریا (دریائے فراتؔ) تک پھیلا دیں۔
12خُدا نے اُس کی باڑیں کیوں گرا دیں،
کہ سَب آنے جانے والے انگور توڑتے ہیں؟
13جنگلی سُؤر اُسے برباد کرتے ہیں
اَور جنگل کے جانور اُسے کھا جاتے ہیں۔
14اَے قادرمُطلق خُدا! ہمارے پاس لَوٹ آئیں،
آسمان پر سے نیچے نگاہ کریں اَور دیکھیں!
اِس انگور کی بیل کی نگہبانی کریں،
15جو جڑ خُدا کے داہنے ہاتھ نے لگائی ہے،
اَورجو شاخ خُدا نے اَپنے لیٔے بُلند کی ہے۔
16خُدا کی تاک کاٹ ڈالی گئی اَور آگ میں جَلا دی گئی؛
اَور خُدا کی ڈانٹ سے ہی لوگ تباہ ہو جاتے ہیں۔
17خُدا کا ہاتھ خُدا کی داہنی طرف کے اِنسان پر رہے،
یعنی اِبن آدمؔ پر جسے خُدا نے اَپنے لیٔے برپا کیا ہے۔
18تَب ہم خُدا سے برگشتہ نہ ہوں گے؛
ہمیں بحال کریں اَور ہم خُدا کا نام لیا کریں گے۔
19اَے یَاہوِہ، قادرمُطلق خُدا! ہمیں بحال کریں؛
اَپنے چہرہ کا نُور ہم پر جلوہ گِر فرمائیں،
تاکہ ہم بچ جایٔیں۔
موجودہ انتخاب:
زبُور 80: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.