زبُور 89
89
زبُور 89
ایتھانؔ اِزراحی کا مشکیل۔#89:0 عُنوان: مُمکنہ طور پر ایک اَدبی یا موسیقی کی اِصطلاح ہو سَکتا ہے۔
1میں یَاہوِہ کی بڑی شفقت و مَحَبّت کے نغمہ ہمیشہ گاؤں گا؛
میں پُشت در پُشت
اَپنے مُنہ سے آپ کی وفاداری کا بَیان کرتا رہُوں گا۔
2میں اعلان کروں گا کہ آپ کی شفقت و مَحَبّت اَبد تک لازوال ہے،
اَور یہ کہ آپ نے اَپنی وفاداری کو آسمان ہی پر استحکام بخشا ہے۔
3آپ نے کہا، ”مَیں نے اَپنے برگُزیدہ کے ساتھ عہد باندھا ہے،
اَور اَپنے خادِم داویؔد سے قَسم کھائی ہے،
4’میں تمہاری نَسل کو ہمیشہ تک قائِم رکھوں گا
اَور آپ کا تخت پُشت در پُشت بنائے رکھوں گا۔‘ “#89:4 یُوح 7:42؛ 2 سمو 7:11‑16
5اَے یَاہوِہ، افلاک مُقدّسین کی جماعت میں آپ کے عجائب کی،
اَور آپ کی وفاداری کی تعریف کرتے ہیں۔
6کیونکہ اُوپر آسمانوں میں یَاہوِہ کا ثانی کون ہو سَکتا ہے؟
فرشتوں میں یَاہوِہ کی مانند کون ہے؟
7مُقدّسوں کی مجلس میں خُدا کا بےحد خوف مانا جاتا ہے؛
وہ اَپنے اِردگرد کے سَب رہنے والوں سے زِیادہ مُہیب ہے۔
8اَے یَاہوِہ، قادرمُطلق خُدا! آپ کی مانند کون ہے؟
اَے یَاہوِہ، آپ زبردست ہیں اَور آپ کی وفاداری آپ کے گِردوپیش ہے۔
9سمُندر کی طغیانی پر آپ ہی حُکمرانی کرتے ہیں؛
جَب اُس کی موجیں تلاطم برپا کرتی ہیں تو آپ ہی اُنہیں ساکت کرتے ہیں۔
10آپ نے راحبؔ کو مقتول کی مانند کُچل دیا؛
اَور اَپنے مضبُوط بازو سے اَپنے دُشمنوں کو پراگندہ کر دیا۔
11آسمان آپ کا ہے اَور زمین بھی آپ کی ہے؛
آپ نے ہی دُنیا اَور اُس کی ساری معموُری کی بُنیاد ڈالی۔
12آپ نے ہی شمال اَور جُنوب پیدا کئے؛
کوہِ تبورؔ اَور کوہِ حرمُونؔ آپ کے نام کے سبب سے خُوشی مناتے ہیں۔
13آپ کا بازو قُدرت سے آراستہ ہے؛
آپ کا ہاتھ قوی اَور آپ کا داہنا ہاتھ بُلند ہے۔
14راستبازی اَور اِنصاف آپ کے تخت کی بُنیاد ہیں؛
شفقت و مَحَبّت اَور وفاداری آپ کے آگے آگے چلتی ہیں۔
15مُبارک ہیں وہ جنہوں نے آپ کی تحسین و آفرین کے نعرے بُلند کرنا سیکھا ہے،
اَورجو اَے یَاہوِہ، آپ کی حُضُوری کے نُور میں چلتے ہیں۔
16وہ دِن بھر آپ کے نام سے مسرُور ہوتے ہیں؛
اَور آپ کی راستبازی سے سرفرازی پاتے ہیں۔
17کیونکہ اُن کی شان اَور قُوّت آپ ہی ہیں،
اَور اَپنے لُطف و کرم سے ہمارے سینگ بُلند کرتے ہیں۔
18بے شک ہماری سِپر یَاہوِہ کی طرف سے،
اَور ہمارے بادشاہ اِسرائیل کے مُقدّس خُدا کی طرف سے ہیں۔
19ایک بار آپ نے رُویا میں کلام کیا،
اَور اَپنے مُقدّسین سے فرمایا:
”مَیں نے ایک سُورما کو قُوّت بخشی ہے؛
مَیں نے اُمّت میں سے ایک نوجوان کو سرفراز کیا ہے۔
20مَیں نے اَپنے خادِم داویؔد کو اُن کا بادشاہ مُقرّر کیا؛
اَور اَپنے مُقدّس تیل سے اُسے مَسح کیا۔
21میرا ہاتھ اُسے سنبھالے گا؛
یقیناً میرا بازو اُسے تقویّت پہُنچائے گا۔
22اَور داویؔد کا کویٔی دُشمن اُسے مطیع نہ کر پایٔےگا؛
اَور کویٔی بدکار آدمی اُس پر ظُلم نہ ڈھائے گا۔
23میں اُس کے مُخالفوں کو اُس کے سامنے کُچل دُوں گا
اَور اُس کے رقیبوں کو مار ڈالوں گا۔
24میری وفاداری اَور شفقت و مَحَبّت اُس کے ساتھ ہوگی،
اَور میرے نام کے ذریعہ اُس کا اِقبال بُلند ہوگا۔
25میں اُس کا ہاتھ سمُندر تک،
اَور اُس کے داہنے بازو کو دریاؤں تک بڑھاؤں گا۔
26وہ مُجھے پُکار کر کہے گا: ’آپ میرے باپ ہیں،
میرے خُدا اَور میری نَجات کی چٹّان ہیں۔‘
27میں اُسے اَپنا پہلوٹھا،
اَور دُنیا کا بادشاہ مُقرّر کروں گا۔
28میں اُس کے لیٔے اَپنی شفقت و مَحَبّت اَبد تک قائِم رکھوں گا،
اَور اُس کے ساتھ میرا عہد ہمیشہ اُستوار رہے گا۔
29میں اُس کی نَسل کو ہمیشہ تک قائِم رکھوں گا،
اَور اُس کے تخت کو اُس وقت تک، جَب تک آسمان قائِم ہے۔
30”اگر اُس کے فرزند آئین کو ترک کر دیں
اَور میری شہادتوں پر عَمل نہ کریں،
31اگر وہ میرے قوانین کو توڑ دیں
اَور میرے اَحکام نہ مانیں،
32تو میں اُن کے جُرم کی سزا چھڑی سے،
اَور اُن کی بدکاری کی سزا کوڑوں سے دُوں گا؛
33لیکن مَیں اَپنی شفقت و مَحَبّت اُس پر سے نہ ہٹاؤں گا،
نہ اَپنی وفاداری پر آنچ آنے دُوں گا۔
34میں اَپنا عہد نہ توڑوں گا
اَور نہ اَپنے لبوں سے نکلے ہُوئے کلام کو بدلوں گا۔
35ایک بار میں اَپنے تقدُّس کی قَسم کھا چُکا ہُوں،
اَور مَیں داویؔد سے جھُوٹ نہ بولُوں گا۔
36کہ اُس کی نَسل ہمیشہ قائِم رہے گی
اَور اُس کا تخت میرے سامنے آفتاب کی مانند قائِم رہے گا؛
37اَور وہ اُس ماہتاب کی مانند ہمیشہ کے لیٔے اُستوار کیا جائے گا،
جو آسمان میں مُعتبر گواہ ہے۔“
38لیکن آپ نے تو ترک کر دیا اَور ٹھکرا دیا،
اَور آپ اَپنے ممسوح سے بہت ناراض ہو گئے۔
39آپ اَپنے خادِم کے ساتھ کئے ہُوئے عہد سے دست بردار ہو گئے
اَور آپ نے اُس کے تاج کو خاک میں مِلا کر ناپاک کر دیا۔
40آپ نے اُس کی سَب فصیلیں توڑ ڈالیں
اَور اُس کے محکم قلعوں کو کھنڈر بنا دیا۔
41سَب آنے جانے والوں نے اُسے لُوٹ لیا؛
اَور وہ اَپنے ہمسایوں میں ملامت کا باعث ہو گیا۔
42آپ نے اُس کے مُخالفوں کا داہنا ہاتھ بُلند کیا ہے؛
آپ نے اُس کے سَب دُشمنوں کو مسرُور کیا۔
43آپ نے اُس کی تلوار کی دھار کو موڑ دیا
اَور میدانِ جنگ میں اُس کے قدم جمنے نہ دئیے۔
44آپ نے اُس کی شوکت کا خاتِمہ کر دیا
اَور اُس کا تخت زمین پر پٹک دیا۔
45آپ نے اُس کے جَوانی کے دِن گھٹا دئیے؛
اَور اُسے شرم کا نقاب پہنا دیا۔
46اَے یَاہوِہ، کب تک؟ کیا آپ اَپنے آپ کو ہمیشہ کے لیٔے چُھپائے رکھیں گے؟
آپ کا غضب کب تک آگ کی مانند بھڑکتا رہے گا؟
47یاد کریں کہ میری زندگی کس قدر تیزرَو ہے،
آپ نے سَب بنی آدمؔ کو فُضول ہی پیدا کیا!
48وہ کون سا شخص ہے جو ہمیشہ زندہ رہے اَور موت کو نہ دیکھے،
یا اَپنے آپ کو پاتال میں جانے سے بچا سکے؟
49اَے خُداوؔند، آپ کی وہ پہلی شفقت و مَحَبّت کہاں گئی،
اَپنی وفاداری کے نام میں جِس کی قَسم آپ نے داویؔد سے کھائی تھی؟
50اَے خُداوؔند، یاد کریں کہ کس طرح آپ کے بندوں کا مضحکہ اُڑایا گیا،
اَور مَیں اَپنے سینے میں ساری قوموں کے طعنے لیٔے پھرتا ہُوں۔
51اَے یَاہوِہ، وہ طعنے جِن کے ذریعہ آپ کے دُشمنوں نے مضحکہ اُڑایا،
جِس کے ساتھ اُنہُوں نے آپ کے ممسوح کا قدم قدم پر مضحکہ اُڑایا۔
52یَاہوِہ کی ابدُالآباد سِتائش ہوتی رہے!
آمین ثُمّ آمین۔
موجودہ انتخاب:
زبُور 89: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.