YouVersion Logo
تلاش

زبُور 90

90
چوتھی کِتاب
زبُور 90‏–106
زبُور 90
مَرد خُدا مَوشہ کی دعا۔
1خُداوؔند! پُشت در پُشت
آپ ہی ہماری قِیام گاہ رہے ہیں۔
2اِس سے پہلے کہ پہاڑ پیدا ہُوئے
یا آپ زمین اَور دُنیا کو وُجُود میں لائے،
اَزل سے اَبد تک آپ ہی خُدا ہیں۔
3آپ اِنسانوں کو یہ کہتے ہُوئے، ”پھر خاک میں لَوٹاتے ہیں کہ
اَے بنی آدمؔ! خاک میں لَوٹ جاؤ۔“
4کیونکہ آپ کی نظر میں ہزار بَرس
گزرے ہُوئے کل کی مانند ہیں،
یا رات کے ایک پہر کی طرح۔#90‏:4 1 پطر 3‏:8‏
5آپ آدمیوں کو موت کے سیلاب میں بہا لے جاتے ہیں؛
وہ صُبح کو اُگنے والی گھاس کی مانند ہوتے ہیں۔
6اَیسی سرسبز گھاس جو صُبح کو لہلہاتی ہے،
لیکن شام کو مُرجھاتی اَور سُوکھ جاتی ہے۔
7ہم آپ کے قہر سے فنا ہو گئے
اَور آپ کی خفگی سے گھبرا گیٔے ہیں۔
8آپ نے ہماری بد کرداریوں کو اَپنے سامنے،
اَور ہمارے پوشیدہ گُناہوں کو اَپنی حُضُوری کی رَوشنی میں رکھا ہُواہے۔
9ہمارے زندگی کے تمام دِن آپ کے غضب میں بیت جاتے ہیں؛
اَور ہم اَپنے سال آہ کی طرح گزارتے ہیں۔
10ہماری عمر کی میعاد محض ستّر بَرس ہے،
اَور اگر ہم میں قُوّت ہو تو اسّی بَرس؛
لیکن یہ عرصہ محض مشقّت اَور رنج و غم میں گزر جاتا ہے،
کیونکہ یہ دِن جلد چلے جاتے ہیں اَور ہم رخصت ہو جاتے ہیں۔
11آپ کے قہر کی شِدّت کو کون جانتا ہے؟
کیونکہ آپ کے غضب اَور آپ کے خوف کی شِدّت یکساں ہے۔
12ہمیں صحیح طور سے اَپنی زندگی کے دِن گننا سکھائیں،
تاکہ ہمارے دِل کو دانائی حاصل ہو۔
13اَے یَاہوِہ! ترس کھایٔیں، آخِر یہ کب تک ہوتا رہے گا؟
اَپنے خادِموں پر رحم فرمائیں۔
14صُبح کو ہمیں اَپنی لافانی مَحَبّت سے آسُودہ کریں،
تاکہ ہم خُوشی سے گائیں اَور عمر بھر شادمان رہیں۔
15جتنے دِن آپ نے ہمیں دُکھ دیا اَور جتنے سال ہم مُصیبت میں رہے،
اُتنے ہی عرصہ تک ہمیں خُوشی عنایت فرمائیں۔
16آپ کے کارنامے آپ کے خادِموں پر،
اَور آپ کی شوکت اُن کی اَولاد پر ظاہر ہو۔
17ہمارے خُداوؔند خُدا کا لُطف و کرم ہم پر بنا رہے؛
ہمارے ہاتھوں کے کام ہمارے لیٔے کامیابی لائیں۔
آپ ہمارے ہاتھوں کے کام کو ترقّی بخشیں۔

موجودہ انتخاب:

زبُور 90: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in