ہوشِیعؔ 9
9
اِسرائیل کی سزا
1اَے اِسرائیل مسرُور نہ ہو؛ دُوسری قوموں کی طرح شادمان نہ ہو۔
کیونکہ تُونے اَپنے خُدا سے بےوفائی کی ہے؛
تُو ہر کھلیان پر فاحِشہ کی اُجرت کو پسند کرتا ہے۔
2کھلیان اَور مَے نچُوڑنے کے انگوری حوض لوگوں کا پیٹ نہیں بھریں گے؛
اَور نئی مَے اُنہیں دھوکا دے گی۔
3وہ یَاہوِہ کے مُلک میں نہ رہیں گے؛
اِفرائیمؔ مِصر کو لَوٹے گا
اَور اشُور میں ناپاک غِذا کھائے گا۔
4وہ یَاہوِہ کے لیٔے مَے کا تپاون نہ دیں گے،
نہ ہی اُن کی قُربانیاں اُن کو مقبُول ہُوں گی۔
اَیسی قُربانیاں اُن کے لیٔے ماتم کرنے والوں کی روٹی کی مانند ہُوں گی؛
جتنے لوگ اُسے کھایٔیں گے وہ سَب ناپاک ہوں گے۔
یہ غِذا صِرف اُن ہی کے لیٔے ہوگی؛
یہ یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں نہ آئے گی۔
5اَپنی مُقرّرہ عیدوں کے موقعوں پر،
اَور یَاہوِہ کے تہوار کے دِنوں میں تُم کیا کروگے؟
6خواہ وہ تباہی سے بچ بھی جایٔیں،
تو بھی مِصر اُنہیں جمع کرےگا،
اَور میمفِسؔ اُنہیں دفن کرےگا۔
اُن کی چاندی کے خزانے جھاڑیاں چھین لیں گی،
اَور کانٹے اُن کے خیموں پر پھیل جایٔیں گے۔
7سزا کے دِن آ رہے ہیں،
اَور حِساب کے دِن نزدیک ہیں۔
اِسرائیل اُسے جان لے۔
تیرے گُناہوں کی کثرت
اَور تیری عداوت کی شِدّت کے باعث،
نبی احمق سمجھا جاتا ہے،
اَور اِلہام یافتہ اِنسان مجنوں قرار دیا جاتا ہے۔
8نبی میرے خُدا سمیت،
اِفرائیمؔ کا نگہبان ہے،
پھر بھی اَپنی تمام راہوں میں صیّادی پھندے،
اَور خُدا کے گھر میں عداوت اُس کے منتظر ہوتے ہیں۔
9گِبعہؔ کے دِنوں کی طرح،
وہ بداخلاقی میں غرق ہو چُکے ہیں۔
خُدا اُن کی شرارت کو یاد کرےگا
اَور اُنہیں اُن کے گُناہوں کی سزا دے گا۔
10جَب مَیں نے اِسرائیل کو پایا،
تو وہ گویا بیابان کے انگوروں کی مانند تھے؛
اَور جَب مَیں نے تمہارے آباؤاَجداد کو دیکھا،
تو یُوں لگاکہ مَیں اَنجیر کے درخت پر پہلا پھل دیکھ رہا ہُوں۔
لیکن جَب وہ بَعل پعورؔ کے پاس آئے،
تَب اَپنے آپ کو اُس شرمناک بُت کے لیٔے مخصُوص کیا
اَور جِس چیز کو عزیز رکھتے تھے اُسی کی مانند حقیر بَن گیٔے۔
11اِفرائیمؔ کی شان و شوکت پرندہ کی مانند اُڑ جائے گی۔
اُن میں نہ پیدائش ہوگی، نہ حاملہ کا وُجُود ہوگا، بَلکہ قرارِ حَمل
بھی موقُوف ہو جائے گا۔
12اگر وہ بچّوں کی پرورش کر بڑا بھی کر لیں،
تو بھی مَیں ہر ایک بشر کو چھین لُوں گا۔
جَب مَیں اُن سے دُورہو جاؤں گا
تَب اُن کی حالت اَور افسوس ناک ہوگی!
13مَیں نے اِفرائیمؔ کو صُورؔ کی طرح،
خُوشنما جگہ میں لگا ہُوا دیکھا۔
لیکن اِفرائیمؔ اَپنے بچّوں کو
قاتل کے سامنے لے آئے گا۔
14اَے یَاہوِہ اُنہیں دیجئے۔
لیکن آپ اُنہیں کیا دیں گے؟
آپ اُنہیں اَیسے رحم دیں جِن میں حَمل ساقط ہو جاتے ہُوں
اَور اَیسی چھاتِیاں جو خشک ہُوں۔
15گِلگالؔ میں اُن کی تمام شرارت کی وجہ سے،
مَیں نے اُن سے وہاں نفرت کی۔
اُن کے گُناہ آلُودہ اعمال کی وجہ سے،
مَیں اُنہیں اَپنے گھر سے نکال دُوں گا۔
مَیں اَب اَور اُن سے مَحَبّت نہ رکھوں گا؛
اُن کے تمام اُمرا باغی ہیں۔
16اِفرائیمؔ مُرجھاگیا ہے،
اُن کی جڑ سُوکھ گئی ہے،
اَور اُن پر پھل نہیں آتا۔
اگر وہ بچّے جنیں بھی،
تو مَیں اُن کے دُلاروں کو قتل کر دُوں گا۔
17میرے خُدا اُنہیں ردّ کر دیں گے
کیونکہ اُنہُوں نے اُن کا حُکم نہ مانا؛
وہ مُختلف قوموں کے درمیان بھٹکتے پھریں گے۔
موجودہ انتخاب:
ہوشِیعؔ 9: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.